تازہ ترین

آل انڈیا علماء بورڈ تلنگانہ کی جانب سے ’’اتحاد ملت کانفرنس، منشیات کے خلاف متحدہ جدوجہد کا عزم

📅 09-10-2026 👁 153 قارئین 💬 0 تبصرے 🔁 2 شیئر
جنوبی بھارت

حیدرآباد، 4 اکتوبر (پریس نوٹ) آل انڈیا علماء بورڈ تلنگانہ کے زیر اہتمام ’’اتحاد ملت کانفرنس، ایکتا سمیلن‘‘ ہفتہ کے روز رائل ریجنسی گارڈنز، آصف نگر، مہدی پٹنم روڈ، حیدرآباد میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی۔ ’’نشہ مکت بھارت ابھیان‘‘ کے تحت منعقدہ اس کانفرنس میں منشیات، گٹکا، تمباکو سگریٹ نوشی اور دیگر نشہ آور اشیاء کے خلاف شعور بیداری، نوجوان نسل کے تحفظ، سماجی اصلاح اور مختلف طبقات کے درمیان اتحاد و ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیا گیا۔ کانفرنس میں مختلف مسالک و مذاہب سے تعلق رکھنے والے علماء و مذہبی پیشواؤں، سیاسی و سماجی قائدین، پولیس عہدیداران، طلباء و طالبات اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف مذاہب کے مذہبی پیشواؤں اور مختلف مسالک کے علماء کا ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع ہونا کانفرنس کی نمایاں خصوصیت رہی۔ شرکاء نے منشیات جیسے سنگین سماجی مسئلہ کے خلاف متحدہ جدوجہد کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ پروگرام کا آغاز مفتی محمد خواجہ شریف مظاہری نقشبندی مجددی، نائب صدر آل انڈیا علماء بورڈ تلنگانہ کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جبکہ عقیل ہاشمی نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ مفتی تجمل حسین قاسمی کی سرپرستی میں اکابر علماء نے خطاب کرتے ہوئے منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان، اس کے تباہ کن اثرات اور نوجوان نسل کو اس لعنت سے محفوظ رکھنے کی ضرورت پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے صدر جماعت اسلامی ہند تلنگانہ اظہر الدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ نشہ صرف ایک فرد کی تباہی کا سبب نہیں بنتا بلکہ اس کے اثرات پورے خاندان اور معاشرے تک پہنچتے ہیں۔ نوجوانوں کو نشہ آور اشیاء سے دور رکھنے کے لیے دینی، اخلاقی اور سماجی تربیت کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ والدین اور علماء کو نوجوان نسل کی رہنمائی میں اپنا کردار مزید مؤثر بنانا ہوگا۔ نشہ سے پاک معاشرے کے قیام کے لیے اجتماعی جدوجہد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اسی طرح ڈاکٹر شفیع الدین اعجاز نے کہا کہ گٹکا، تمباکو، گانجا اور دیگر نشہ آور اشیاء کے استعمال کے خلاف صرف قانون کافی نہیں بلکہ معاشرتی بیداری بھی ضروری ہے۔ ہر گھر، مسجد، مدرسہ، تعلیمی ادارہ اور محلہ اس مہم کا مرکز بن سکتا ہے۔ اگر بروقت نوجوانوں کی رہنمائی کی جائے تو انہیں نشے کی طرف جانے سے روکا جاسکتا ہے۔ معاشرے کے تمام طبقات کو اس مہم میں ذمہ داری کے ساتھ حصہ لینا چاہیے کانفرنس کے مہمانِ خصوصی امیرِ ملت اسلامیہ حضرت مولانا حسام الدین جعفر پاشاہ صاحب نے اپنے پرمغز خطاب میں منشیات کے تباہ کن اثرات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ نشہ انسان کی صلاحیتوں کو متاثر کرنے کے ساتھ خاندان کے سکون اور معاشرتی استحکام کو بھی نقصان پہنچاتا ہے۔ نوجوان نسل کو اس لعنت سے محفوظ رکھنا والدین، علماء، اساتذہ اور سماجی ذمہ داران کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے نشہ کے خلاف شعور بیداری کی کوششوں کو مسلسل آگے بڑھانے اور عوامی سطح پر اس مہم کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔ کانفرنس میں محکمہ پولیس، بالخصوص ایگل ٹیم کی جانب سے نشہ آور اشیاء کے استعمال اور اس کے نقصانات سے متعلق خصوصی پریزنٹیشن پیش کی گئی۔ پریزنٹیشن میں منشیات کے جسمانی، ذہنی، سماجی اور خاندانی نقصانات کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا گیا، جس سے شرکاء میں نشہ کے خلاف مزید شعور بیدار ہوا۔ آئی پی ایس عائشہ فاطمہ نے کہا کہ اگر کوئی شخص 18 سال سے کم عمر بچوں کو سگریٹ یا تمباکو فروخت کرتا ہوا نظر آئے تو اس کی اطلاع پولیس کو دی جانی چاہیے۔ اسی طرح کسی نوجوان کے نشہ آور اشیاء کے استعمال کا علم ہونے پر والدین پہلے اسے سمجھانے اور اصلاح کی کوشش کریں اور ضرورت پڑنے پر پولیس کے متعلقہ ٹول فری نمبر 1908 کے ذریعے اطلاع دے کر تعاون حاصل کریں، چنانچہ منیشا نہرا آئی پی نے اپنے خطاب میں کہا کہ گٹکا اور تمباکو کے استعمال سے انسانی صحت متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ ذہن اور سوچ پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس برائی کا خاتمہ صرف حکومتی اقدامات سے نہیں بلکہ ہر فرد کی ذمہ داری محسوس کرنے سے ممکن ہے۔ نوجوانوں کو نشہ سے محفوظ رکھنے کے لیے پولیس، والدین، تعلیمی اداروں اور سماجی تنظیموں کے درمیان تعاون ضروری ہے، ایم سونم سنیل آئی پی ایس، اور راہول کانت آئی پی ایس، ایس نے بھی مشترکہ بیان میں کہا کہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے گٹکا اور تمباکو نوشی کے خلاف عائد پابندیوں پر مؤثر عمل درآمد کے لیے عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ نشہ آور اشیاء کی خرید و فروخت اور استعمال کے خلاف بیداری پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں اور قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔ رکن اسمبلی نامپلی جناب محمد ماجد حسین نے اپنے خطاب میں نشہ آور اشیاء کی مہم یا کاروبار میں ملوث افراد کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل اور معاشرے کے مستقبل سے کھلواڑ کرنے والے عناصر کے خلاف قانون کے دائرہ میں کارروائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے نشہ کے خلاف شروع کی گئی اجتماعی مہم کو سراہتے ہوئے آل انڈیا علماء بورڈ تلنگانہ کی جانب سے منعقدہ پروگرام کی ستائش کی اور عوامی سطح پر شعور بیدار کرنے کی کوششوں میں تعاون پر زور دیا۔ جبکہ مولانا ریاض الدین نقشبندی، صدر آل انڈیا علماء بورڈ تلنگانہ نے خطبۂ صدارت پیش کرتے ہوئے تنظیم کے مقاصد اور سماجی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ آل انڈیا علماء بورڈ تلنگانہ مختلف طبقات کے درمیان اتحاد، امن، سماجی ہم آہنگی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کے عزم کے ساتھ کام کررہا ہے۔ انہوں نے نشہ مکت بھارت ابھیان کو ایک اہم سماجی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو نشہ سے بچانے کے لیے مذہبی، سماجی، تعلیمی اور سرکاری سطح پر مشترکہ کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔ ڈاکٹر ساجدہ خان نے کانفرنس میں شرکت کرنے والے تمام علماء، مذہبی پیشواؤں، سیاسی و سماجی قائدین، پولیس عہدیداران، طلبہ، عوام اور رضاکاروں سے تعاون جاری رکھنے کی اپیل کی۔ کانفرنس میں پادری جناب بشپ ولسن سنگم صاحب، سی ایس ٹی پنڈت ستیش صاحب اور ڈاکٹر سرینواس صاحب سمیت مختلف مذاہب و طبقات سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ آصف نگر اور مہدی پٹنم علاقوں کے ایس ایچ اوز، اے سی پیز، سرکل انسپیکٹرز اور دیگر پولیس عہدیداران بھی پروگرام میں موجود رہے۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ان شخصیات کی شرکت نے کانفرنس کے پیغام کو مزید وسیع دائرہ فراہم کیا۔ مذہبی پیشواؤں اور پولیس عہدیداران نے منشیات کے خلاف عوامی تعاون اور نوجوان نسل کو محفوظ رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ کانفرنس کی ایک نمایاں خصوصیت یہ رہی کہ مختلف مسالک کے علماء اور مختلف مذاہب کے مذہبی پیشواؤں نے ایک ہی پلیٹ فارم سے منشیات کے خلاف مشترکہ پیغام دیا۔ سامعین نے اس نوعیت کے پروگرام کو معاشرتی سطح پر ایک اہم اور مثبت کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ منشیات کے خلاف مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلنے کی ضرورت ہے۔پروگرام میں علماء کرام اور سیاسی قائدین کے علاوہ عوام، نوجوانوں اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ شرکاء نے منشیات کے خلاف متحدہ جدوجہد اور مختلف طبقات کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی اس کوشش کو سراہا۔ اس موقع پر سماجی خدمات انجام دینے والی مختلف شخصیات کی تہنیت کی گئی اور توصیف نامے و سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ آل انڈیا علماء بورڈ تلنگانہ کے ذمہ داران نے کانفرنس کی کامیابی میں تعاون کرنے والے تمام والنٹیرز، منتظمین، مذہبی و سماجی شخصیات، پولیس عہدیداران، طلباء، عوام اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ بورڈ کے ذمہ داران نے اس موقع پر نشہ کے خلاف شعور بیداری کی مہم کو مزید تیز کرنے، عوامی سطح تک وسعت دینے اور نوجوان نسل کو اس لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے مسلسل اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ردِعمل دیں (1)

شیئر کریں (2)

تبصرے (0)

شائع کردہ

✍️ Active Reporter ★★★★★

News Home

📍 Gorakhpur

📰 35 پوسٹ👁 3120 قارئین📊 89.1 اوسط قارئین

نیوز ہوم کے رپورٹر

اسی زمرے میں مزید

تلنگانہ میں آئندہ ایم ایل سی انتخابات کے لیے 16 نومبر کے بعد بھی ووٹر لسٹ میں کراسکتے ہیں اندراج

وزیرِ اعلیٰ کیرالا نے دارالہدیٰ سباق 2026 کی دعوت قبول کرلی، لوگو کی رونمائی

نفرتوں کا خاتمہ،غلط فہمیوں کا ازالہ اور ہم آہنگی کافروغ وقت کی اہم ترین ضرورت

مقبول ترین پوسٹس

علامہ اقبال اور اردو زبان کی ترویج

👁 563 ویوز

مدینہ یونیورسٹی میں 100 مصنفین کی کتابوں پر پابندی، فہرست میں پہلا نام مولانا ابوالحسن علی ندوی کا

👁 459 ویوز

اولاد کی تربیت شفقت و حکمت سے

👁 387 ویوز

شراب کے دینی و دنیوی نقصانات

👁 355 ویوز

حسد:ایک تباہ کن نفسیاتی مرض

👁 347 ویوز