تازہ ترین

اولاد کی تربیت شفقت و حکمت سے

📅 01-10-2026 👁 383 قارئین 💬 0 تبصرے 🔁 5 شیئر
گوشہ اطفال

محبت، حسنِ سلوک اور حکیمانہ رہنمائی؛ صالح نسل کی تعمیر کا مؤثر ذریعہ

اولاد اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ عظیم نعمت، دل کا سکون اور آنکھوں کی ٹھنڈک ہے؛ لیکن یہ فقط خوشی کا سامان نہیں، بلکہ ایک گراں قدر امانت بھی ہے، جس کی تربیت و نگہداشت والدین کی اہم ترین ذمہ داری ہے۔ اولاد کی پرورش صرف کھلانے پلانے، لباس پہنانے اور تعلیم دلانے کا نام نہیں، بلکہ اس کے فکر و کردار کی تعمیر، اخلاق و عادات کی اصلاح اور شخصیت کی متوازن تشکیل کا عمل ہے۔
بچہ جس ماحول میں پرورش پاتا ہے، جن الفاظ کو سنتا ہے اور جن رویّوں کا مشاہدہ کرتا ہے، وہی رفتہ رفتہ اس کی شخصیت کا حصہ بن جاتے ہیں۔ والدین کی شفقت اس میں اعتماد پیدا کرتی ہے، محبت احساسِ تحفظ بخشتی ہے اور حکمت اسے صحیح و غلط میں امتیاز کرنا سکھاتی ہے۔ اس کے برعکس بے جا سختی، مسلسل تحقیر اور غیر ضروری ڈانٹ ڈپٹ اس کی شخصیت کو مجروح اور اعتماد کو متزلزل کرسکتی ہے۔
تربیت کا اصل مقصد بچے کو صرف اپنا مطیع و فرماں بردار بنانا نہیں، بلکہ اسے ایسا باکردار، خوداعتماد، ذمہ دار اور صالح انسان بنانا ہے جو اللہ تعالیٰ کا فرمان بردار، والدین کا خدمت گزار اور معاشرے کا مفید فرد بن سکے۔

شفقت کی قوت اور حسنِ سلوک کی تاثیر:

ایک حکایت ہے کہ ایک دانا بزرگ دریا کے کنارے بیٹھے تھے کہ ان کی نظر ایک بچھو پر پڑی، جو پانی میں ڈوبنے کے قریب تھا۔ بزرگ نے اسے بچانے کے لیے ہاتھ بڑھایا، مگر بچھو نے ڈنک مار دیا۔ انہوں نے ہاتھ پیچھے کھینچ لیا، لیکن اسے ڈوبتا دیکھ کر دوبارہ کوشش کی۔ بچھو نے دوسری مرتبہ بھی ڈنک مارا، مگر بزرگ نے ہمت نہ ہاری اور بالآخر اسے بچا لیا۔
قریب بیٹھے ایک نوجوان نے حیرت سے پوچھا: ’’آپ کو اس نے بار بار ڈسا، پھر بھی آپ اسے بچانے کی کوشش کرتے رہے؟‘‘
بزرگ نے محبت سے جواب دیا: ’’بیٹے! ڈنک مارنا بچھو کی فطرت ہے اور رحم کرنا میری فطرت۔ میں اس کے رویّے کی وجہ سے اپنی فطرت کیوں بدل لوں؟‘‘
یہ حکایت ہمیں سبق دیتی ہے کہ دوسروں کے نامناسب رویّوں کو اپنے اخلاق کی خرابی کا سبب نہیں بنانا چاہیے۔ یہی اصول اولاد کی تربیت میں بھی رہنما ہے۔ بچہ نادانی میں غلطی کرے، ضد کرے یا نافرمانی پر اتر آئے، تو والدین کو اپنے ردِعمل میں صبر، اخلاق اور حکمت کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے۔
بچے کی غلطی درست کرنا والدین کی ذمہ داری ہے، لیکن اس کے لیے خود نامناسب رویّہ اختیار کرنا دانش مندی نہیں۔ اگر بچہ غصہ کرے اور والدین بھی بے قابو ہوجائیں، یا اس کی ضد کو اپنی انا کا مسئلہ بنالیں، تو اصلاح کا عمل باہمی کشمکش میں تبدیل ہوجاتا ہے۔
یاد رکھیے! تربیت کا مقصد بچے کو شکست دینا نہیں، اس کی غلطی کو شکست دینا ہے؛ اس کی شخصیت کو دبانا نہیں، اس کے کردار کو سنوارنا ہے۔

سختی نہیں، حکمت و محبت مؤثر ہے:

بہت سے والدین اولاد کی نافرمانی، تعلیمی غفلت اور نامناسب رویّوں سے پریشان ہوکر ڈانٹ ڈپٹ اور سزا کو تربیت کا واحد ذریعہ سمجھنے لگتے ہیں۔ ان کے نزدیک بچے کا خاموش رہنا فرمان برداری اور سختی اصلاح کی ضمانت ہے۔
لیکن کیا خوف کے باعث خاموش رہنا حقیقی اطاعت ہے؟ کیا سزا کے اندیشے سے اپنی بات نہ کہنا اس بات کی دلیل ہے کہ بچے نے صحیح و غلط کا فرق سمجھ لیا ہے؟
ہرگز نہیں!
بے جا سختی بعض بچوں میں خوف، احساسِ کمتری اور عدمِ اعتماد پیدا کرسکتی ہے۔ بعض اپنی غلطیوں کو تسلیم کرنے کے بجائے چھپانے لگتے ہیں، بعض اپنی پریشانیاں والدین سے بیان کرنے سے گھبراتے ہیں اور بعض کے دلوں میں وقت کے ساتھ دوریاں پیدا ہوجاتی ہیں۔
اس کا مطلب یہ نہیں کہ تربیت میں اصول و ضوابط اور مناسب پابندیوں کی ضرورت نہیں؛ حقیقت یہ ہے کہ محبت اور نظم و ضبط دونوں تربیت کے لازمی اجزا ہیں۔ فرق صرف یہ ہے کہ حکیمانہ تربیت بچے کو غلطی سے بچنے کا شعور دیتی ہے، جب کہ تحقیر آمیز سختی اسے اپنی غلطی چھپانے پر مجبور کرسکتی ہے۔
حقیقی تربیت محبت، عدل، حکمت اور مناسب نظم و ضبط کے حسین امتزاج کا نام ہے۔ محبت کا مطلب بے جا لاڈ پیار نہیں اور سختی کا مطلب ظلم و تحقیر نہیں۔ والدین کو چاہیے کہ بچے کی عمر، مزاج اور غلطی کی نوعیت کے مطابق اصلاح کا طریقہ اختیار کریں، تاکہ تربیت خوف کے بجائے شعور اور ضد کے بجائے ذمہ داری پیدا کرے۔

اسلام کی تعلیم: گھر والوں کے ساتھ حسنِ سلوک

اسلام نے حسنِ اخلاق، رحمت اور شفقت کو غیر معمولی اہمیت دی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب نبی حضور احمد مجتبیٰ محمد مصطفیٰ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کو تمام جہانوں کے لیے رحمت بناکر بھیجا۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:وَمَا أَرْسَلْنَاكَ إِلَّا رَحْمَةً لِّلْعَالَمِينَ۔ (الأنبیاء: 107)
ترجمہ: ’’اور ہم نے آپ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت ہی بناکر بھیجا۔‘‘
رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
خَيْرُكُمْ خَيْرُكُمْ لِأَهْلِهِ، وَأَنَا خَيْرُكُمْ لِأَهْلِي
ترجمہ: ’’تم میں سب سے بہتر وہ ہے جو اپنے گھر والوں کے لیے سب سے بہتر ہو، اور میں اپنے گھر والوں کے لیے تم سب سے بہتر ہوں۔‘‘ (جامع الترمذی، کتاب المناقب)
یہ حدیث واضح کرتی ہے کہ حسنِ اخلاق کا حقیقی امتحان گھر کی چہار دیواری میں ہوتا ہے۔ باہر لوگوں سے خوش اخلاقی اور گھر پہنچ کر بیوی بچوں سے سختی، اخلاق کی تکمیل نہیں۔ حقیقی خوبی یہ ہے کہ انسان اپنے اہل و عیال کے ساتھ بھی محبت، شفقت اور احترام سے پیش آئے۔
اولاد کی بات توجہ سے سننا، اس کی جائز ضروریات کا خیال رکھنا، محبت کا اظہار کرنا اور غلطیوں پر حکمت کے ساتھ رہنمائی کرنا حسنِ معاشرت کے بنیادی تقاضے ہیں۔

کلامِ محبت اور الفاظ کی تاثیر:

اولاد کی تربیت میں والدین کی گفتگو بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ الفاظ بظاہر معمولی ہوتے ہیں، لیکن ان کے اثرات بچے کے دل و دماغ پر گہرے نقوش ثبت کرتے ہیں۔ محبت بھرے جملے حوصلے بلند کرتے ہیں، جب کہ تحقیر آمیز کلمات اعتماد کو مجروح کرسکتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:
أَلَمْ تَرَ كَيْفَ ضَرَبَ اللَّهُ مَثَلًا كَلِمَةً طَيِّبَةً كَشَجَرَةٍ طَيِّبَةٍ أَصْلُهَا ثَابِتٌ وَفَرْعُهَا فِي السَّمَاءِ ۝ تُؤْتِي أُكُلَهَا كُلَّ حِينٍ بِإِذْنِ رَبِّهَا۔ (إبراهيم: 24-25)
ترجمہ: ’’کیا تم نے نہیں دیکھا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکیزہ بات کی مثال کس طرح بیان فرمائی، جیسے ایک پاکیزہ درخت، جس کی جڑ مضبوط ہے اور جس کی شاخیں آسمان میں ہیں۔ وہ اپنے رب کے حکم سے ہر وقت اپنا پھل دیتا ہے۔‘‘
اگرچہ ان آیات کا اصل موضوع کلمۂ طیبہ ہے، تاہم پاکیزہ کلام کی اہمیت بھی ان سے واضح ہوتی ہے۔ والدین کو چاہیے کہ بچوں سے گفتگو کرتے وقت توہین، تمسخر، طعن و تشنیع، گالم گلوچ اور تحقیر آمیز القاب سے اجتناب کریں۔
’’تم کسی کام کے نہیں!‘‘ یا ’’تم سے کچھ نہیں ہوسکتا!‘‘ جیسے جملے بچے کے اندر مایوسی اور احساسِ کمتری پیدا کرسکتے ہیں۔ اس کے بجائے محبت سے سمجھائیں: ’’بیٹا! تم میں صلاحیت ہے، کوشش جاری رکھو۔‘‘ ’’غلطی ہوگئی تو کوئی بات نہیں، اسے درست کرنا سیکھو۔‘‘
بچے کی ذات کو برا کہنے کے بجائے اس کے عمل کی اصلاح کیجیے۔ اسے غلطی کا احساس ضرور دلائیے، لیکن یہ احساس نہ ہونے دیجیے کہ وہ خود ہی ناقابلِ اصلاح ہے۔ اس کی حقیقی کوششوں کو سراہیں، تاکہ اس میں خود اعتمادی کے ساتھ اپنی اصلاح کا جذبہ بھی پروان چڑھے۔
یاد رکھیے! حوصلہ افزا الفاظ بچے کی زندگی کا سرمایہ بن سکتے ہیں، جب کہ تحقیر آمیز جملے اس کے دل میں دیرپا زخم چھوڑ سکتے ہیں۔

گفتگو، توجہ اور عملی نمونہ:

بہت سے والدین بچوں کو نصیحت تو بہت کرتے ہیں، لیکن ان کی بات سننے کے لیے وقت نہیں نکالتے۔ وہ چاہتے ہیں کہ بچے ان کے ہر حکم کی تعمیل کریں، مگر جب بچے اپنی پریشانی یا اختلاف بیان کرنا چاہیں تو انہیں خاموش کرادیا جاتا ہے۔
بچے کی بات سننے کا مطلب اس کی ہر بات مان لینا نہیں، بلکہ اس کے احساسات کو اہمیت دینا ہے۔ غلطی پر فوراً فیصلہ سنانے کے بجائے اس کی وجہ معلوم کیجیے۔ ممکن ہے کہ بظاہر نافرمانی نظر آنے والی حرکت کے پیچھے کوئی خوف، غلط فہمی یا دشواری موجود ہو۔
اسی طرح بچوں کی تربیت صرف نصیحت سے نہیں، عملی نمونے سے بھی ہوتی ہے۔ اگر والدین چاہتے ہیں کہ ان کی اولاد سچ بولے تو انہیں خود سچائی اختیار کرنی ہوگی؛ اگر وہ خوش اخلاقی کی توقع رکھتے ہیں تو انہیں اپنے رویّے میں خوش اخلاق ہونا ہوگا؛ اور اگر وہ نماز و عبادت کی پابندی چاہتے ہیں تو خود بھی اس کا اہتمام کرنا ہوگا۔
بچوں کے ساتھ روزانہ کچھ وقت گزارنا، ان کی باتیں سننا، کوششوں کو سراہنا اور مسائل میں دلچسپی لینا والدین اور اولاد کے تعلق کو مضبوط بناتا ہے۔
اولاد کے لیے والدین کا کردار ایک خاموش نصاب ہے، جسے بچے ہر روز پڑھتے ہیں۔ اس لیے والدین کو اپنی نصیحتوں کے ساتھ اپنے عمل کا بھی جائزہ لیتے رہنا چاہیے۔ اپنی غلطی کا احساس ہو تو اسے تسلیم کرنا اور رویّے کی اصلاح کرنا بھی تربیت ہی کا حصہ ہے۔

دینی و اخلاقی تربیت: والدین کی بنیادی ذمہ داری

اولاد کی تربیت کا مقصد صرف دنیاوی کامیابی، اچھی ملازمت یا بلند معاشرتی مقام حاصل کرنا نہیں، بلکہ ایسا انسان تیار کرنا ہے جس کی زندگی ایمان، عبادت، اخلاق اور خدمتِ خلق سے آراستہ ہو۔
اللہ تعالیٰ نے حضرت لقمان علیہ السلام کی اپنے بیٹے کو کی جانے والی نصیحتوں کو قرآنِ مجید میں بیان فرمایا ہے۔ ان کی نصیحت کا آغاز توحید کی تعلیم سے ہوتا ہے:يَا بُنَيَّ لَا تُشْرِكْ بِاللَّهِ إِنَّ الشِّرْكَ لَظُلْمٌ عَظِيمٌ۔ (لقمان: 13)
ترجمہ: ’’اے میرے پیارے بیٹے! اللہ کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرانا، بے شک شرک بہت بڑا ظلم ہے۔‘‘
غور کیجیے کہ عقیدے کی بنیادی تعلیم بھی محبت بھرے خطاب ’’يَا بُنَيَّ‘‘، یعنی ’’اے میرے پیارے بیٹے!‘‘ کے ساتھ دی گئی ہے۔ اس میں والدین کے لیے واضح سبق ہے کہ دینی تربیت میں شفقت اور سنجیدگی ساتھ ساتھ چل سکتی ہیں۔
بچوں کو نماز، تلاوتِ قرآن، سچائی، امانت داری، حیا، بڑوں کے احترام اور ضرورت مندوں کی مدد کی تعلیم دی جائے۔ ان کے اندر نیکی کا شوق پیدا کیا جائے، غلطی پر حکمت سے اصلاح کی جائے اور ہر مرحلے پر مناسب رہنمائی فراہم کی جائے۔
یہ بھی ضروری ہے کہ ہر بچے کی صلاحیت اور مزاج کو سمجھا جائے۔ ایک بچے کا دوسرے سے مسلسل موازنہ کرنے کے بجائے ہر بچے کی انفرادی خوبیوں کو پہچانیے، اس کی کمزوریوں کو سمجھنے کی کوشش کیجیے اور بہتری کی جانب اس کے ہر قدم کی حوصلہ افزائی کیجیے۔

صالح نسل کی تعمیر کے لیے چند عملی اصول:

اولاد کی تربیت کو مؤثر بنانے کے لیے درج ذیل امور کو معمولِ زندگی بنانا مفید ہے:

۱۔ بچوں سے روزانہ محبت و شفقت کا اظہار کیجیے۔
۲۔ ان کی بات پوری توجہ سے سنیے اور احساسات کو اہمیت دیجیے۔
۳۔ گھر میں سچائی، احترام اور خوش اخلاقی کا ماحول قائم کیجیے۔
۴۔ غلطی پر تحقیر کے بجائے حکمت سے اصلاح کیجیے۔
۵۔ پڑھائی، کھیل، موبائل اور دیگر مصروفیات کے لیے مناسب اصول مقرر کیجیے۔
۶۔ بچوں کے سامنے اچھے کردار کا عملی نمونہ بنیے۔
۷۔ ان کی دینی و اخلاقی تربیت کا اہتمام کیجیے اور نیکی پر حوصلہ بڑھائیے۔
۸۔ اپنی غلطی کا احساس ہو تو اسے تسلیم کرکے رویّے کی اصلاح کیجیے۔
۹۔ اولاد کے حق میں دعا کیجیے اور تربیت میں صبر و استقامت اختیار کیجیے۔

یہ حقیقت بھی پیشِ نظر رہے کہ تربیت ایک مسلسل عمل ہے؛ اس کے نتائج ہمیشہ فوری طور پر ظاہر نہیں ہوتے۔ والدین کو جلد بازی اور مایوسی سے بچتے ہوئے مستقل مزاجی کے ساتھ اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے۔

حاصلِ کلام یہ ہے کہ آج ہمیں سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے کہ ہم اپنی اولاد کے لیے کیسا مستقبل چاہتے ہیں؟ ایسے بچے جو ہماری موجودگی میں خوف سے خاموش رہیں، یا ایسے بچے جو ہماری غیر موجودگی میں بھی ایمان، اخلاق اور ضمیر کی آواز پر صحیح راستہ اختیار کریں؟
بلاشبہ حقیقی کامیابی دوسری صورت میں ہے۔
اولاد کو خوف زدہ کرنے کے بجائے اعتماد دیجیے، تحقیر کے بجائے عزت دیجیے، بے جا ڈانٹ ڈپٹ کے بجائے حکمت سے سمجھائیے اور محض احکام دینے کے بجائے اپنے کردار سے رہنمائی کیجیے۔ بچے ہمارے الفاظ ہی نہیں، لہجے بھی یاد رکھتے ہیں؛ ہماری نصیحتیں ہی نہیں، برتاؤ بھی محسوس کرتے ہیں؛ اور ہماری تعلیمات ہی نہیں، ہمارے عملی کردار سے بھی سیکھتے ہیں۔
اولاد کی تربیت میں محبت بنیاد ہے، حکمت رہنما ہے، کردار عملی نمونہ ہے اور دعا اللہ تعالیٰ سے مدد حاصل کرنے کا وسیلہ ہے۔
آئیے! ہم اپنی اولاد کو صرف دنیا میں کامیاب بنانے کی فکر نہ کریں، بلکہ انہیں باکردار انسان، سچا مسلمان اور معاشرے کے لیے نافع وجود بنانے کی بھی کوشش کریں۔
اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی اولاد کی صحیح تربیت کرنے، ان کے حقوق ادا کرنے اور انہیں دنیا و آخرت میں سرخرو و کامیاب بنانے کی توفیق عطا فرمائے۔
آمین بجاہِ سید المرسلین صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم۔

از:محمد شمیم احمد نوری مصباحی
خادم:دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ سہلاؤشریف، باڑمیر(راجستھان)

ردِعمل دیں (2)

شیئر کریں (5)

تبصرے (0)

شائع کردہ

✍️ Active Reporter ★★★★★

News Home

📍 Gorakhpur

📰 35 پوسٹ👁 3060 قارئین📊 87.4 اوسط قارئین

نیوز ہوم کے رپورٹر

مقبول ترین پوسٹس

علامہ اقبال اور اردو زبان کی ترویج

👁 544 ویوز

مدینہ یونیورسٹی میں 100 مصنفین کی کتابوں پر پابندی، فہرست میں پہلا نام مولانا ابوالحسن علی ندوی کا

👁 456 ویوز

شراب کے دینی و دنیوی نقصانات

👁 351 ویوز

حسد:ایک تباہ کن نفسیاتی مرض

👁 345 ویوز

کر سکتے تھے جو اپنے زمانے کی امامت!

👁 292 ویوز