تازہ ترین

نفرتوں کا خاتمہ،غلط فہمیوں کا ازالہ اور ہم آہنگی کافروغ وقت کی اہم ترین ضرورت

📅 01-11-2026 👁 71 قارئین 💬 0 تبصرے 🔁 3 شیئر
جنوبی بھارت

جماعت اسلامی ہند،حیدرآباد کی تین روزہ ”بیونڈ دی ڈیوائیڈ“ ایکسپو کاکامیاب

اختتام، نمائش کو عوام کا غیر معمولی ردعمل

ہندوستان کی تاریخ میں مسلمانوں کے گراں قدر کردار اور اسلام کی انسانیت نواز

تعلیمات کو موثر انداز میں پیش کیا گیا

پروفیسر محمدسلیم انجینئر،امیر حلقہ محمد اظہرالدین، ریٹارڈ آئی اے ایس اکونوری مرلی،ڈاکٹر محمد مبشراحمداوردیگر اہم شخصیات کی شرکت اور خطاب

حیدرآباد: تاریخی حقائق کو اجاگر کرنے، مذہبی غلط فہمیوں کا ازالہ کرنے اور سماج میں امن و ہم آہنگی کے فروغ کے مقصد سے جماعت اسلامی ہندعظیم تر حیدرآباد کے زیر اہتمام منعقدہ تین روزہ خصوصی ایکسپو اور سمینار ”بیونڈ دی ڈیوائیڈ – کاؤنٹرنگ ہیٹ، بلڈنگ ہارمنی“ اتوار کو نمائش میدان نامپلی میں اختتام پذیر ہوئی۔ اس نمائش میں مختلف مذاہب، طبقات اور سماجی پس منظر سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے نمائش میں پیش کردہ تاریخی و معلوماتی مواد کا مشاہدہ کیا۔ اس ایکسپو کا بنیادی مقصد تاریخ سے متعلق پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرنا، اسلام کے بارے میں عام طور پر پھیلائے جانے والے منفی تصورات کی حقیقت واضح کرنا اور ہندوستان کی تہذیبی، علمی، فکری، ادبی اور تعمیراتی ترقی میں مسلمانوں کے نمایاں کردار کو تاریخی شواہد کے ساتھ پیش کرنا تھا۔ نمائش میں خواتین، طلبہ، نوجوانوں اور بالخصوص نئی نسل نے غیر معمولی دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔روایتی تاریخی نمائشوں سے ہٹ کر اس ایکسپو میں تاریخی دستاویزات، معلوماتی پینلز، انٹرایکٹو ماڈلز اور جدید تھری ڈی ہولوگرام ٹیکنالوجی کے ذریعے مختلف موضوعات کو دلچسپ اورموثر انداز میں پیش کیا گیا۔
نمائش کے ذریعے یہ پیغام دیا گیا کہ ہندوستان کی تاریخ اور تہذیب کو کسی ایک مخصوص زاویہ نگاہ سے دیکھنے کے بجائے مختلف مذاہب اور سماجی طبقات کی مشترکہ جدوجہد اور خدمات کے تناظر میں سمجھنے کی ضرورت ہے۔ نمائش کے ایک اہم حصے میں ہندوستان کی تاریخ میں مسلم حکمرانوں، علماء، دانشوروں اور فنکاروں کے کردار کو اس دور کے سیاسی اور سماجی حالات کے پس منظر میں پیش کیا گیا۔ انتظامی نظام، فن تعمیر، تعلیم، ادب، فنون لطیفہ اور سائنسی علوم کے فروغ میں ان کی خدمات کو تاریخی شواہد کے ساتھ اجاگر کیا گیا۔ ماضی کے بعض ادوار کو محض جنگوں اور سیاسی تصادم کے تناظر میں دیکھنے کے بجائے ان کے مختلف سماجی، علمی اور تہذیبی پہلوؤں کا بھی جائزہ لینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ نمائش میں واضح کیا گیا کہ ہندوستان کے مشترکہ تہذیبی ورثے میں مسلمانوں کا کردار نہایت اہم ہے اور مختلف مذاہب و طبقات کے درمیان صدیوں سے جاری باہمی روابط، تعاون اور اشتراک نے ہندوستانی تہذیب کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ایکسپو کے ایک دوسرے اہم حصے میں اسلام، جہاد، دہشت گردی، خواتین کے حقوق اور مذہبی رواداری جیسے موضوعات پر معاشرے میں پائی جانے والی غلط فہمیوں اور منفی تصورات کا مدلل انداز میں جائزہ پیش کیا گیا۔ اسلام کی بنیادی تعلیمات میں رحمت، عدل، مساوات، خدمت خلق اور انسانی وقار کو حاصل اہمیت کو مختلف معلوماتی پریزینٹیشنز کے ذریعے واضح کیا گیا۔ ’لو جہاد‘ اور ’پاپولیشن جہاد‘ جیسی اصطلاحات کے حوالے سے پھیلائے جانے والے دعوؤں اور تصورات کو بھی انٹرایکٹو
انداز میں پیش کیا گیا، تاکہ زائرین ان موضوعات کا خود جائزہ لیں، سوالات کریں اور حقائق کی بنیاد پر اپنی رائے قائم کرسکیں۔ تھری ڈی ہولوگرام ٹیکنالوجی کے ذریعے پیش کی گئی تین کہانیوں نے بھی زائرین کی خصوصی توجہ حاصل کی۔ ان کہانیوں کے ذریعے مذہبی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر انسانیت، باہمی تعاون، بھائی چارے اور ایک دوسرے کے احترام کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔نمائش میں مختلف عمر اور سماجی پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد کی شرکت نمایاں رہی۔ خواتین، طلبہ
اور نوجوانوں نے مختلف موضوعات کا بغور مشاہدہ کیا اور معلومات حاصل کرنے کے
ساتھ اپنے سوالات بھی پیش کیے۔ ایکسپو کے ذریعے یہ شعور بیدار کرنے کی کوشش کی
گئی کہ کسی بھی سماج یا طبقے کے بارے میں دوسروں کے قائم کردہ تصورات کی بنیاد
پر رائے قائم کرنے کے بجائے تاریخی حقائق اور مستند شواہد کا مطالعہ کیا جائے،
سوالات کیے جائیں اور خود تحقیق کے ذریعے صحیح معلومات حاصل کی جائیں۔نمائش کے
اختتام پر اتوار کی شام اختتامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں نائب امیر جماعت
اسلامی ہند پروفیسر محمدسلیم انجینئر، امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند،حلقہ
تلنگانہ،جناب محمد اظہرالدین،معاون امیر حلقہ تلنگانہ جناب صادق احمد،ناظم شہر
جماعت اسلامی ہند حیدرآباد اکٹر محمدمبشر احمداورریٹائرڈ آئی اے ایس۔اکونوری
مرلی سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی اور خطاب کیا۔پروفیسر محمدسلیم
انجینئرنے کہا کہ موجودہ حالات میں جب سماجی تقسیم اور مختلف طبقات کے درمیان
بداعتمادی جیسے مسائل چیلنج بنتے جارہے ہیں، ایسے ماحول میں پرامن بقائے
باہمی، باہمی احترام اور اتحاد کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ امیر حلقہ
تلنگانہ،جناب محمد اظہرالدین نے اس بات پر زور دیا کہ ذات پات، مذہب اور
ثقافتی تنوع کو سماجی تعلقات میں رکاوٹ بننے کے بجائے ایک دوسرے کو سمجھنے اور
معاشرے کو مضبوط بنانے کا ذریعہ بنایا جانا چاہیے۔جناب صادق احمد نے کہا کہ
اسلام انسانوں کو جوڑنے کی تعلیم دیتا ہے، جبکہ تنازعات کی اصل وجہ مذہب کو نہ
سمجھنا یا اس کا غلط استعمال ہے۔ انہوں نے نفرت پھیلانے والوں کو سماج کا دشمن
قرار دیتے ہوئے باہمی احترام اور ہم آہنگی پر زور دیا۔ریٹائرڈ آئی اے
ایس۔اکونوری مرلی نے معاشرے میں مذہبی ہم آہنگی، باہمی افہام و تفہیم اور
آئینی اقدار کے فروغ میں اس نوعیت کے پروگرام کی ستائش کی۔ناظم شہر جماعت
اسلامی ہند حیدرآباد اکٹر محمدمبشر احمد نے اپنے خطاب میں نفرت کے موجودہ
ماحول میں امت مسلمہ کے لائحہ عمل پر روشنی ڈالتے ہوئے چار اصول پیش کئے کہ
مایوسی کے بجائے امید، اشتعال کے بجائے حکمت، خاموش تماشائی بننے کے بجائے ذمہ
دار شہری کا کردار اور ردعمل کی سیاست کے بجائے تعمیری جدوجہدضروری ہے۔انہوں
نے اس سلسلے میں دیگر طبقات سے روابط بڑھانے، اسلام کے بارے میں غلط فہمیوں کو
دور کرنے، نوجوانوں کو اس مشن سے جوڑنے اور نفرت کے مقابلے میں مثبت بیانیہ
تشکیل دینے کی امت مسلمہ کو ترغیب دی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان ہماری جنم
بھومی اور کرم بھومی ہے، لہٰذا یہاں نفرت کے خاتمے، امن و اتحاد اور سماجی ہم
آہنگی کے فروغ کے لیے دیگر طبقات کے تعاون سے مسلسل کوششیں جاری رکھنی ہوں
گی۔ایکسپو کے کنوینر جناب طارق منیر نے کہا کہ یہ تین روزہ نمائش اگرچہ اتوار
کو اختتام پذیر ہوگئی، تاہم اس کے ذریعے پیش کیا گیا پیغام موجودہ سماجی حالات
میں غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔ ”بیونڈ دی ڈیوائیڈ“ ایکسپو نے اس حقیقت کو
اجاگر کیا کہ ہندوستان کی کثیر مذہبی اور تہذیبی شناخت مختلف طبقات کی مشترکہ
کوششوں کا نتیجہ ہے۔ اس مشترکہ تاریخ کو سمجھنا نہ صرف ماضی کی غلط فہمیوں کے
ازالے کے لیے ضروری ہے بلکہ ایک مساوات پر مبنی، پُرامن اور ہم آہنگ مستقبل کی
تعمیر کے لیے بھی ناگزیر ہے۔ایکسپو کے دوران بین المذاہب سیمینار اور تاریخی
نشستیں بھی منعقد ہوئیں۔اس موقع پر سابق امیر حلقہ تلنگانہ مولاناحامد محمد
خان، سٹی سکریٹریزجناب مرزا اعظم علی بیگ،جناب سلطان محی الدین،جناب سید محمد
عبد القادر ناصر،جناب عبد الماجد ذاکرکے علاوہ اراکین شوری جماعت اسلامی
حیدرآباد،امرائے مقامی کے علاوہ مختلف مذاہب کے افراد مرد و خواتین کی بڑی
تعداد موجود تھی۔

ردِعمل دیں (0)

شیئر کریں (3)

تبصرے (0)

شائع کردہ

✍️ Active Reporter ★★★★★
M

Mohammad Atif Raza

📍 Gorakhpur

📰 31 پوسٹ👁 1232 قارئین📊 39.7 اوسط قارئین

نیوز ہوم کے رپورٹر

اسی زمرے میں مزید

تلنگانہ میں آئندہ ایم ایل سی انتخابات کے لیے 16 نومبر کے بعد بھی ووٹر لسٹ میں کراسکتے ہیں اندراج

وزیرِ اعلیٰ کیرالا نے دارالہدیٰ سباق 2026 کی دعوت قبول کرلی، لوگو کی رونمائی

نوجوانوں کو اسلامی فکر سے قریب کرنے اور صالح کردارکے لیے تیار کرنے کی ضرورت

مقبول ترین پوسٹس

علامہ اقبال اور اردو زبان کی ترویج

👁 563 ویوز

مدینہ یونیورسٹی میں 100 مصنفین کی کتابوں پر پابندی، فہرست میں پہلا نام مولانا ابوالحسن علی ندوی کا

👁 459 ویوز

اولاد کی تربیت شفقت و حکمت سے

👁 387 ویوز

شراب کے دینی و دنیوی نقصانات

👁 355 ویوز

حسد:ایک تباہ کن نفسیاتی مرض

👁 347 ویوز