تازہ ترین

مدارس کو درپیش مسائل اور ان کا حل

📅 02-10-2026 👁 46 قارئین 💬 0 تبصرے 🔁 1 شیئر
تعلیم و تربیت

میرا مطالعہ

ہندوستان میں دو قسم کے مدارس تعلیمی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ایک وہ جو کسی سرکاری بورڈ سے ملحق ہیں ، یہ مدارس ملحقہ کہلاتے ہیں اور دوسرے وہ مدارس ہیں جو آزاد ہیں ، کسی بورڈ سے ملحق نہیں ، وہ آزاد مدارس کہلاتے ہیں۔
مدارس ملحقہ جو کسی سرکاری بورڈ سے ملحق ہیں ، وہ بورڈ کے تحت چلتے ہیں ، سرکاری مراعات حاصل کرتے ہیں ، ان کا نصاب تعلیم دینی و عصری مضامین پر مشتمل ہے اور حکومت سے منظور ہے،ان کا نظام تعلیم حکومت کے قانون کے مطابق چلتا ہے ، ان کے سرٹیفکیٹ اور ڈگری کو سرکاری ملازمت کے لئے حکومت سے منظوری حاصل ہے۔
جہاں تک آزاد مدارس کی بات ہے تو یہ سرکار سے مراعات نہیں لیتے ، بلکہ عوامی چندہ سے چلتے ہیں ، ان کا نصاب تعلیم اور نظام تعلیم اپنا ہے ، جو دینی اور عصری مضامین پر مشتمل ہے ، یہ ابتدائی نصاب تعلیم پانچ سال پر مشتمل ہے ، ان کا اپنا بورڈ ہے ، ان کا حکومت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
ہندوستان میں ہمیشہ آزاد مدارس ہی مسلمانوں کے درمیان رائج رہے ، مگر جب انگریزوں کی حکومت کا دور آیا ، تو اس نے تعلیم کے لئے منصوبہ بندی کی ، اسی کے تحت انگریزی حکومت کے ذریعے مدارس کی تعلیم کو فروغ دینے کے لئے مدرسہ بور قائم کیا گیا اور اس سے مدارس ملحق کیے گئے ۔فی الحال بہار ، بنگال، آسام ، یوپی ، اتراکھنڈ، مہاراشٹر وغیرہ میں مدرسہ بورڈ چل رہے ہیں۔
ہندوستان میں مسلم دور حکومت سے لے کر انگریزی دور حکومت تک بغیر کسی سرکاری مداخلت کے یہ مدارس کام کرتے رہے ، یہاں تک کہ ملک کی آزادی سے لے کر تقریباً تین دہائیوں تک ملکی حکومت نے مدارس کے نظام میں کوئی مداخلت نہیں کی ، مدارس خواہ مدارس ملحقہ ہوں یا آزاد ، سبھی اپنے نصاب اور اپنے نظام کے مطابق کام کرتے رہے ، حکومت کی جانب سے ان میں کوئی مداخلت نہیں کی گئی۔
موجودہ وقت میں حکومت کی نظر مدارس پر بہت سخت ہے ،حکومت نے کئی قسم کے قوانین بنائے ہیں ، ان قوانین کو مدارس پر بھی نافذ کر دیا ہے ، جس کی وجہ سے دونوں قسم کے مدارس خواہ وہ مدارس ملحقہ ہوں یا آزاد ، سبھی ملکی قوانین کے نشانے پر آ گئے ہیں اور دشواریوں کے دور سے گزر رہے ہیں۔
مدارس دین کے قلعے ہیں ، مدارس میں مسلم سماج کے بچے دین کی تعلیم حاصل کرتے ہیں ، جو مسلمان ہونے کے لئے ضروری ہے ، اس لئے مسلم سماج کے لوگوں کے لئے مدارس کا تحفظ موجودہ وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے ۔
مدارس خواہ ملحقہ ہوں یا آزاد ، سبھی ملک کے آئین کے تحت چل رہے ہیں ، ملک کے آئین نے اقلیتوں کو اپنی پسند کے ادارے قائم کرنے اور ان کو چلانے کا اختیار دیا ہے ، پھر بھی حکومت کی جانب سے کچھ ایسے قوانین وضع کیے گئے ہیں ، جن کے نشانے پر مدارس آ گئے ہیں ، ان ہی ملکی قوانین کی وجہ سے حکومت مدارس کے معاملات میں مداخلت کر رہی ہے، اس لئے اس کی جانب توجہ ضروری ہے۔
ملکی قوانین میں سے پانچ قوانین ایسے ہیں جن کے دائرے میں مدارس بھی آتے ہیں۔
(۱) رائٹ ٹو ایجوکیشن(۲) تحفظ حقوق اطفال قوانین(۳) نصاب تعلیم(۴)حساب و کتاب(۵)مدارس کا حکومت کے ریکارڈ میں اندراج
ہر ایک کی تفصیلی وضاحت درج ہے:
(۱) رائٹ ٹو ایجوکیشن یعنی تعلیم کے بنیادی حقوق : رائٹ ٹو ایجوکیشن ایکٹ۲۰۱۰ء میں نافذ کیا گیا ، اس کی دفعات نہایت ہی سخت ہیں ، اس میں درج دفعات کے معیار پر بہت سے پرائیویٹ اسکول بھی نہیں اترتے تھے ، مدارس ، سنسکرت پاٹھ شالے ، گروکل وغیرہ تو اس سے بہت دور تھے ، اس لئے ہر جانب سے اس کے خلاف آواز بلند ہوئی ، تو حکومت نے مدارس ، سنسکرت پاٹھ شالے ، گرو کل وغیرہ روایتی اداروں کو اس سے مستثنیٰ قرار دیا ، موجودہ وقت میں مدارس اس سے مستثنیٰ ہیں۔
(۲) تحفظ حقوق اطفال قوانین : بچوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے ، حکومت کی یہ بھی ذمہ داری ہے کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ ان کی فلاح و بہبود پر بھی نظر رکھے ، ان کے خلاف زیادتیوں یا شکایات کا ازالہ کرے ، اس کے لئے حکومت کی جانب سے تحفظ حقوق اطفال کمیشن قائم کیا گیا ہے ، اس کے دائرۂ اختیار میں اسکول اور اس کے معیار کے ادارے آتے ہیں ، اس طرح مدارس بھی اس کے قوانین کے دائرے میں آتے ہیں۔
(۳) نصاب تعلیم : معیاری تعلیم کا انتظام حکومت کی ذمہ داری ہے ،اس لئے حکومت اس پر زور دیتی ہے۔ تعلیمی اداروں کا نصاب تعلیم ایسا ہو جو طلبہ و طالبات کی ہمہ جہت شخصیت کو فروغ دینے میں معاون ہو ، اس طرح مدارس بھی اس قانون کے تحت آتے ہیں۔
(۴)حساب و کتاب : حساب و کتاب کا صاف رکھنا ہر ادارے کی ذمہ داری ہے ۔ مدارس عام طور پر عوامی چندہ سے چلتے ہیں ، اس کے لئے تو اور ضروری ہے کہ اس کا حساب و کتاب بالکل صاف ستھرا ہو جو جس وقت چاہے ، اس کو دیکھ لے ، یہ ادارہ کے لئے اور منتظمین کے لئے بھی بہتر ہے ۔ عام طور پر لوگ حساب و کتاب پر سوال اٹھاتے ہیں ، حساب و کتاب صاف ستھرا نہیں رہنے پر لوگ مالی خورد برد کا الزام لگاتے ہیں ، اس لئے ذمہ داران مدارس کے لئے ضروری ہے کہ وہ حساب و کتاب کو صاف ستھرا رکھیں۔
(۵) حکومت کے ریکارڈ میں اندراج : حکومت یہ چاہتی ہے کہ ملک میں چلنے والے تمام اداروں پر حکومت کی نظر ہو ، اس کی جانکاری کے بغیر کوئی ادارے نہ چلائے جائیں ، اس لئے اس نے رجسٹریشن کا قانون نافذ کیا ہے ، اس کے تحت بھی مدارس آتے ہیں۔
خلاصہ یہ کہ یہ پانچ قوانین مدارس پر نافذ ہوتے ہیں ،مگر ایک قانون سے مدارس مستثنیٰ قرار دیئے گئے ہیں وہ رائٹ ٹو ایجوکیشن ہے ، بقیہ چار ملکی قوانین مدارس پر لاگو ہوتے ہیں ، اس لئے ملکی قوانین سے بچنے کے لئے الگ الگ تجاویز پیش ہیں ، پہلے مدارس ملحقہ کے سلسلے میں چند تجاویز پیش ہیں۔
ملکی قوانین میں سے تین قوانین مدارس ملحقہ پر نافذ ہیں:
(۱)رائٹ ٹو ایجوکیشن : مدارس ملحقہ رائٹ ٹو ایجوکیشن سے مستثنیٰ ہیں۔
(۲) حقوق تحفظ اطفال قوانین : یہ مدارس ملحقہ پر بھی نافذ ہیں ، اسی لئے حکومت کی جانب سے مکتوب ۱۰۹۰؍۸۰؍ مدارس ملحقہ پر نافذ کیا گیا ہے ، جس میں اس کا ذکر ہے کہ مدارس اپنی زمین پر ہو جو مدارس کے نام رجسٹرڈ ہو ،اس میں مدارس کے معیار کے مطابق کمرے ہوں ، اساتذہ ہوں، ایک مدرسہ سے دوسرے مدرسہ کی دوری کتنی ہو ، مدارس میں صاف صفائی ہو۔
(۳) حساب و کتاب : بعض مدارس ملحقہ میں ہاسٹل ہے ، جہاں قیام و طعام کا انتظام ہوتا ہے ، یہ ہاسٹل عوامی چندے سے چلتے ہیں ،ایسے مدارس کے لئے حساب و کتاب کا باضابطہ رکھنا ضروری ہے ، یہ بھی ضروری ہے کہ آمد و خرچ کا آڈٹ کرایا جائے اور آڈٹ کو محفوظ رکھا جائے۔
(۴) نصاب تعلیم : مدارس ملحقہ کسی سرکاری بورڈ سے ملحق ہوتے ہیں ، ان کا نصاب تعلیمی بورڈ کے مطابق ہوتا ہے ، اس لئے اس میں نصاب تعلیم کا کوئی مسئلہ نہیں ہے ، وہ سرکار کے معیار پر اترتے ہیں۔
(۵)سرکاری ریکارڈ میں اندراج : چونکہ مدارس ملحقہ بورڈ سے ملحق ہوتے ہیں ، اس لئے انہیں کسی دوسرے بورڈسے رجسٹرڈ کرانے کی ضرورت نہیں ہے ، یہ رجسٹریشن رجسٹریشن کے قانون کو پورا کرتے ہیں۔
جہاں تک آزاد مدارس کی بات ہے تو وہ زیادہ حکومت کے نشانے پر ہیں ، پہلے آسام حکومت نے مدارس کو نشانہ بنایا ، یکم جولائی۲۰۲۶ء سے اتراکھنڈ حکومت نے مدرسہ بورڈ کو بند کردیا ہے اور اس کے بجائے اتراکھنڈ اسٹیٹ اتھاریٹی فار مائناریٹی ایجوکیشن قائم کر دیا ، اتراکھنڈ اسٹیٹ کے تمام مدارس خواہ سرکاری ہوں یا غیر سرکاری سبھی اسی کے ماتحت چلیں گے ، تمام مدارس کو اس سے منظوری لینا ضروری ہوگا ، نیز تمام مدارس میں اسی کا نصاب چلے گا ، اسی کے نہج پر اب چھتیس گڑھ اسٹیٹ نے مدارس کے سلسلے میں قوانین وضع کر نے کا اعلان کیا ہے ، اس لئے وہ اسٹیٹ جہاں ابھی کوئی پابندی نہیں ہے ،ان کے ذمہ داروں کو چاہیے کہ وقت سے پہلے اپنے مدارس کے تحفظ کا انتظام کر یں اور مذکورہ بالا قوانین کے مطابق اپنے مدارس کو درست کر یں، تاکہ وقت ضرورت حکومت نے پاس اپنا نصاب و نظام پیش کرنے میں آسانی ہو ، چنانچہ آزاد مدارس کے سلسلے میں بھی چند باتیں پیش ہیں۔
(۱)رائٹ ٹو ایجوکیشن : اس قانون سے آزاد مدارس بھی مستثنیٰ ہیں۔
(۲) تحفظ حقوق اطفال قوانین : یہ آزاد مدارس پر بھی لاگو ہیں اس سے بچاؤ کے لئے آزاد مدارس کو تحفظ اطفال کمیشن کے قوانین کی پابندی کرنی چاہئے ، ویسے اس سلسلے میں مندرجہ ذیل چند مشورے پیش ہیں:
٭مدرسہ جس زمین پر واقع ہے ، وہ زمین مدرسہ کے نام رجسٹرڈ ہو۔٭کلاس روم ہاسٹل سے الگ ہو۔٭کلاس روم میں کم سے کم ۴۰؍ طلبہ کے بیٹھنے کی گنجائش ہو ۔٭ کلاس روم ہر درجے کے لئے الگ الگ ہو۔٭ہیڈ مولوی اور اسٹاف روم بھی الگ الگ ہو۔٭ہاسٹل میں کمرہ کی گنجائش سے زیادہ طلبہ کی سیٹ نہ ہو۔٭واش روم ، باورچی خانہ ، وضو خانہ وغیرہ صاف ستھرا ہو۔٭پانی وغیرہ کا مناسب انتظام ہو۔٭مدرسہ کا احاطہ صاف ستھرا ہو۔
(۳) نصاب تعلیم : آزاد مدارس میں عام طور پر ابتدائی درجات پانچ سال کے ہوتے ہیں ، جو مڈل کے مساوی ہے ،آزاد مدارس میں ثانوی درجات نہیں ہیں ، اس لئے اس میں تین سال کا اضافہ کر کے آٹھ سال کیا جائے اور عربی اول و دوم میں دینی و عصری مضامین کو شامل کر کے۱۰؍ سالہ نصاب تعلیم تیار کیا جائے ، تاکہ وہ میٹرک کے مساوی ہو جائے اور نیشنل اوپین اسکول سسٹم یا کسی مدرسہ بورڈ سے طلبہ کو امتحان کا موقع فراہم کرایا جائے ، تاکہ وہ کم سے کم میٹرک یا اس کے مساوی امتحان پاس ہو جائیں اور کوالیفائیڈ کے زمرے میں شامل ہو جائیں ۔
چونکہ تحفظ حقوق اطفال کمیشن کا دائرہ اسکول تک ہے ،اس طرح یہ مدارس اس کے شر اور فتنہ سے محفوظ ہو جائیں گے۔
(۴) حساب و کتاب : آزاد مدارس بالعموم عوامی چندر سے چلتے ہیں ، اس لئے عوامی چندہ کا حساب و کتاب باضابطہ رکھنا ضروری ہے ،اس کے لئے مندرجہ ذیل مشورے پیش ہیں۔
٭ آمدو خرچ کا حساب باضابطہ درج کیا جائے۔٭ آمد و خرچ کا حساب آڈٹ کے مطابق تیار کیا جائے۔٭رسید اور واوچر کو محفوظ رکھا جائے۔٭ہر سال آڈیٹر سے آمد و خرچ کا آڈٹ کرایا جائے اور آڈٹ رپورٹ کو محفوظ رکھا جائے۔
(۵) حکومت کے ریکارڈ میں اندراج : حکومت چاہتی ہے کہ ملک میں جو بھی ادارے چل رہے ہیں، اس کا ریکارڈ اس کے پاس رہے ، اس کے لئے اس نے رجسٹریشن کا سلسلہ جاری کیا ہے ، اس لئے مدارس کا سرکاری ریکارڈ میں اندراج ضروری ہے ، اس سلسلے میں مندرجہ ذیل مشورے پیش ہیں :
٭ مدارس کا سوسائٹی رجسٹریشن ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ کرایا جائے٭ یا ٹرسٹ کے ذریعے رجسٹرڈ کرایا جائے ٭یا کسی مدرسہ بورڈ سے الحاق کرایا جائے۔٭ یا اوپین اسکول سسٹم سے رجسٹرڈ کرایا جائے۔
مسلم سماج کے ادارے خواہ مساجد ہوں یا مدارس ، او قاف ہوں یا خانقاہیں ، اردو ہو یا اقلیتی ادارے سبھی کا تعلق حکومت سے ہے ، اس لئے ملی تنظیموں کا حکومت سے رابطہ مضبوط کرنا ضروری ہے ۔ماضی میں ملی تنظیموں کا رابطہ حکومت سے مضبوط رہا ، اس لئے مسائل جو بھی سامنے آئے ، ان کو حکومت سے مل کر حل کرنے میں آسانی ہوئی ، مگر موجودہ وقت میں ملی تنظیموں کا رابطہ حکومت سے تقریباً منقطع ہو گیا ہے اور بہت دوری ہو گئی ہے ، اس لئے موجودہ وقت میں اس کی شدید ضرورت ہے کہ حکومت سے رابطہ مضبوط کرنے کی حکمت عملی بنائی جائے ، تاکہ ملی مسائل کو حکومت کے ذریعے حل کرنے میں آسانی ہو ، خصوصاً صوبہ بہار میں ہمیشہ ملی تنظیموں کا رابطہ حکومت وقت سے بہت مضبوط رہا ، اس لئے یہاں دیگر اسٹیٹ کے مقابلے میں بہت کم مسائل سامنے آئے ، پھر بھی جو مسائل پیدا ہوئے ،انہیں حکومت کی سطح پر ذمہ داروں سے مل کر حل کیا گیا ، اس تجربہ سے فائدہ حاصل کرنے کی ضرورت ہے ۔ بہار میں مدارس ملحقہ کی انکوائری اور اساتذہ کی تنخواہ بند کر کے انکوائری کرنے کا مسئلہ نہایت ہی اہم ہے اور یہ انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے ، اس کا تعلق بھی حکومت سے ہے ، اس کو بھی اسی حکمت عملی سے حل کیا جا سکتا ہے۔یہ سب احتیاطی تدابیر ہیں ۔
ویسے بگڑتی ہے جب ظالم کی نیت /نہیں کام آتی دلیل اور حجت
جب مذکورہ بالا قوانین کی پابندی کے بعد بھی حکومت کی جانب سے مداخلت کی جائے ، تو متاثر مدارس کے ذمہ داروں کو چاہئے کہ وہ قانونی چارہ جوئی کریں ، ہر ایک مدارس کے ذمہ دار الگ الگ کیس و مقدمہ کریں۔ اللہ تعالیٰ مدارس کی حفاظت فرمائے۔
آخر میں آل انڈیا ملی کونسل کو بہت بہت مبارکباد کہ اس نے بروقت اس جانب توجہ دی اور مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے کی جانب پیش قدمی کی ، اللہ تعالیٰ جزائے خیر عطا فرمائے ، جزاکم اللہ خیراً

ازقلم: ( مولانا ڈاکٹر ) ابوالکلام قاسمی شمسی

ردِعمل دیں (0)

شیئر کریں (1)

تبصرے (0)

شائع کردہ

✍️ Active Reporter ★★★★★

Mohd Shuaib Raza

📍 گورکھ پور

📰 25 پوسٹ👁 1604 قارئین📊 64.2 اوسط قارئین

محمد شعیب رضا نظامی فیضی ایک نوجوان مصنف، قلم کار، صحافی اور باصلاحیت عالم دین ہیں۔ دو درجن سے زائد کتابوں کے مصنف ہیں۔

اسی زمرے میں مزید

قرآن کریم کی فضیلت

حقیقی توکل اور آج کا انسان

مسلمان ایک جسم کے مانند ہے

مقبول ترین پوسٹس

علامہ اقبال اور اردو زبان کی ترویج

👁 563 ویوز

مدینہ یونیورسٹی میں 100 مصنفین کی کتابوں پر پابندی، فہرست میں پہلا نام مولانا ابوالحسن علی ندوی کا

👁 459 ویوز

اولاد کی تربیت شفقت و حکمت سے

👁 387 ویوز

شراب کے دینی و دنیوی نقصانات

👁 355 ویوز

حسد:ایک تباہ کن نفسیاتی مرض

👁 347 ویوز