حقیقی توکل اور آج کا انسان
یہ بات کسی بھی وضاحت کی محتاج نہیں کہ اللہ نے تمام مخلوقات کو پیدا فرمایا۔ بحر، شجر، انسان اور حیوان غرض تمام چیزوں کی تخلیق فرمائی، اور ان سب میں انسان کو افضل بنایا۔ اللہ فرماتا ہے: "وَلَقَدْ خَلَقْنَا الْإِنسَانَ فِي أَحْسَنِ تَقْوِيمٍ"۔ یہ بات بھی واضح ہے کہ جب اللہ نے انسان کو پیدا فرمایا تب اس پر لازم کر دیا کہ وہ صرف اللہ کی عبادت کرے، کسی کو اس کا شریک نہ بنائے، اور صرف اسی پر توکل کرے۔ ہر مسلمان پر لازم ہے کہ وہ اللہ تبارک و تعالیٰ پر توکل کرے۔ اللہ قرآن مجید میں فرماتا ہے: "وَعَلَى اللَّهِ فَلْيَتَوَكَّلِ الْمُؤْمِنُونَ"۔ کتنی ہی بڑی مشکل کیوں نہ درپیش آجائے، مسلمان بھائیوں کو اللہ پر پختہ توکل کرنا چاہیے۔
اب جب بات توکل کی ہو اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ذکر نہ آئے، ایسا کیسے ہو سکتا ہے۔ آپ سب کو معلوم ہوگا کہ سب سے زیادہ توکل انبیاء کرام کو ہوتا ہے، جیسے کہ ہماری امت کے نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم۔ ایک مرتبہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور ان کے ساتھ حضرت ابوبکر غارِ ثور میں دشمنوں کے ڈر سے چھپے ہوئے تھے۔ دشمن آپ کے اتنا قریب آ گئے تھے کہ اگر وہ ذرا سا بھی نیچے دیکھتے تو آپ نظر آ جاتے۔ تب حضرت ابوبکر نے فرمایا: "اگر انہوں نے اپنے قدموں کے نیچے دیکھ لیا تو وہ ہمیں دیکھ لیں گے۔" نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "اے ابوبکر! تمہارا ان دو کے بارے میں کیا خیال ہے جن کے ساتھ تیسرا اللہ ہے؟" اور فرمایا کہ تم مایوس اور غمگین مت ہو، بیشک اللہ ہمارے ساتھ ہے۔ بھائیو! آپ یہ توکل دیکھیں کہ دشمن بالکل قریب تھے، لیکن پھر بھی انہیں اللہ پر اتنا توکل تھا کہ وہ ذرا بھی نہیں ڈرے بلکہ فرمایا: "مت غمگین ہو، اللہ ہمارے ساتھ ہے۔"
اس کی ایک اور مثال دیکھتے ہیں۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "لَوْ أَنَّكُمْ تَتَوَكَّلُونَ عَلَى اللَّهِ حَقَّ تَوَكُّلِهِ لَرَزَقَكُمْ كَمَا يَرْزُقُ الطَّيْرَ تَغْدُو خِمَاصًا وَتَرُوحُ بِطَانًا" یعنی، اگر تم اللہ پر ایسا توکل کرو جیسا کہ اس پر توکل کرنے کا حق ہے، تو تمہیں اس طرح رزق دیا جائے گا جیسے ایک پرندے کو دیا جاتا ہے؛ جو صبح کے وقت خالی پیٹ نکلتا ہے اور شام کو پیٹ بھر کر لوٹتا ہے۔ اس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ جو شخص بھی اللہ پر توکل کرتا ہے، وہ کبھی بھوکا نہیں رہتا۔
اگر ہم آگ کے پاس سے گزریں تو اس کی تیز لو کی وجہ سے ہم خود بخود پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔ لیکن ذرا سوچیں کہ جب حضرت ابراہیم علیہ السلام کو آگ میں ڈالا گیا، تو انہیں جلانے کے لیے کتنی بڑی آگ لگائی گئی تھی۔ پھر بھی وہ نہیں ڈرے، بلکہ انہوں نے کہا: "حَسْبُنَا اللَّهُ وَنِعْمَ الْوَكِيلُ"۔ یہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کا توکل تھا کہ آگ سامنے ہے، ان کو اس میں ڈالا جا رہا ہے، پھر بھی اللہ پر سے ان کا توکل نہیں ہٹا۔
اگر ہم آج کے معاشرے کا جائزہ لیں، تو ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ آج کا انسان اللہ کی راہ سے ہٹ چکا ہے۔ وہ موبائل، کمپیوٹر اور مصنوعی ذہانت (AI) کی دنیا میں کھو گیا ہے، اور اس کا اللہ پر سے توکل ہٹ گیا ہے۔ آج کے دور میں دنیاوی چیزوں میں الجھ کر لوگ سچ بولنے اور اللہ کے ڈر سے دور ہو گئے ہیں۔ اس لیے ہمیں لوگوں کو اللہ کا خوف یاد دلاتے رہنا چاہیے اور اپنی زندگی کو توکل سے بھر دینا چاہیے۔ اللہ قرآن مجید میں ارشاد فرماتا ہے: "وَمَنْ يَتَوَكَّلْ عَلَى اللَّهِ فَهُوَ حَسْبُهُ" بیشک جو اللہ پر بھروسہ کرتا ہے، تو وہ اس کے لیے کافی ہے۔
آج ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ اللہ ہمیں سیدھا راستہ دکھائے، ہمارے دلوں میں سچے توکل کی لگن پیدا کرے، ہمیں اپنی اطاعت میں لگائے، اور جنت میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ یا اللہ! ہمیں دنیا اور آخرت دونوں میں صرف اپنا ہی توکل عطا فرما اور کسی اور کا نہیں۔ آمین۔
من جانب: حارث انصاری
طالبِ علم: جامعہ دارالہدیٰ اسلامیہ
تبصرے (0)
شائع کردہ
اسی زمرے میں مزید

قرآن کریم کی فضیلت

مسلمان ایک جسم کے مانند ہے





