کل نہیں ، پرسوں سہی - سستی کے عاشقوں کے نام ایک خط
ایک ایسی تحریر جسے پڑھ کر کام کرنے کا ارادہ بھی ہوگا ، مگر عمل کرنے کا دل پرسوں کرے گا ۔
انسان بھی کیا عجیب مخلوق ہے - دنیا فتح کرنے کے خواب دیکھتا ہے ، مگر صبح بستر فتح نہیں کر پاتا - انقلاب لانے کے منصوبے بناتا ہے ، مگر الارم بند کرکے دوبارہ سو جاتا ہے - دوسروں کو وقت کی قدر پر لیکچر دیتا ہے ، اور خود وقت کو اس طرح ضائع کرتا ہے جیسے باپ دادا کی چھوڑی ہوئی جاگیر ہو ، جو کبھی ختم ہی نہیں ہوگی -
انگریزی کا ایک بڑا دلچسپ مقولہ ہے:
Never put off till tomorrow what you can do the day after tomorrow
یعنی جو کام پرسوں کیا جا سکتا ہے ، اسے کل کرنے کی تکلیف کیوں اٹھائی جائے ؟ آخر کل بھی تو انسان کے آرام کا دن ہو سکتا ہے -
یہ محض ایک جملہ نہیں ، بلکہ سستی کے شائقین کا منشور ، کاہلی کے عاشقوں کا آئین اور کام سے فرار اختیار کرنے والوں کے لیے ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے - فرق صرف اتنا ہے کہ عام آدمی کام ٹالتا ہے ، دانش ور اس کی تاویل پیش کرتا ہے ، اور صاحبِ قلم اسے انسانی نفسیات کا مسئلہ بنا کر ایک طویل مضمون لکھ ڈالتا ہے -
ہماری زندگی میں ’’ کل ‘‘ ایک ایسی حسین امید ہے جس سے ہر ناکام شخص محبت کرتا ہے - کل سے ورزش شروع ہوگی ، کل سے کتاب پڑھی جائے گی ، کل سے وزن کم ہوگا ، کل سے فضول خرچی بند ہوگی ، کل سے غصہ چھوڑ دیا جائے گا اور کل سے زندگی بدلنے کا پختہ ارادہ کیا جائے گا - مگر افسوس ! یہ کل بھی کسی بے وفا محبوب کی طرح ہے - ہر روز وعدہ کرکے آتا ہے اور جاتے جاتے اگلے کل کا پتہ دے جاتا ہے -
اور ہمارا حال یہ ہے کہ ہم بھی اس کے عاشقِ صادق ہیں - ہر صبح نئے عزم کے ساتھ اٹھتے ہیں ، آئینے میں اپنا چہرہ دیکھ کر خود کو سمجھاتے ہیں میاں ! اب بہت ہوگیا ، زندگی کو سنبھالو - پھر چائے کا کپ ہاتھ میں آتے ہی انقلاب ملتوی ، اصلاح مؤخر اور عزم اگلی تاریخ تک معطل -
ہمارے یہاں ارادے فولاد کے ، عمل موم کے اور بہانے ایسے کہ بڑے بڑے وکیل بھی شاگردی اختیار کر لیں -
ذرا انسان کی ذہنی صلاحیت ملاحظہ فرمائیے - کسی دوست کی دعوت ہو تو وقت سے پہلے پہنچ جاتا ہے ، شادی میں کھانا کھانے کا معاملہ ہو تو ٹریفک ، بارش اور گرمی سب برداشت کر لیتا ہے ، سیل میں سستا موبائل مل رہا ہو تو آدھی رات کو بھی دکان کے باہر کھڑا ہو سکتا ہے - لیکن جب کسی ضروری کام کا وقت آتا ہے تو اچانک طبیعت پر ایسی کیفیت طاری ہوتی ہے جیسے حضرتِ انسان نہیں ، کوئی بزرگ دنیا و مافیہا سے بے خبر مراقبے میں مصروف ہوں -
پوچھیے. - بھائی ، کام کیوں نہیں کیا ؟ فرماتے ہیں - بس، ذہنی طور پر تیار نہیں تھا - عرض کیجیے تو ذہنی تیاری کب تک مکمل ہوگی ؟ جواب ملے گا - دعا کیجیے ، عنقریب - یہ ’’ عنقریب ‘‘ بھی کمال کی چیز ہبے اس کی نہ کوئی تاریخ ہے ، نہ وقت ، نہ مقام بس ایک ایسا وعدہ ہے جس پر وعدہ کرنے والا بھی یقین نہیں کرتا ، مگر سننے والے کو تسلی ضرور ہو جاتی ہے -
ہم نے سستی کو بھی تہذیب کا لباس پہنا دیا ہے - کام نہ کرنا اب محض کاہلی نہیں رہا ، بلکہ اپنی توانائی محفوظ رکھنا کہلاتا ہے - سارا دن بستر پر پڑے رہنا ذہنی سکون ضروری ذمہ داریوں سے بچنا اپنی حدود کا احترام اور کوئی کام شروع نہ کرنا حتمی منصوبہ بندی سے پہلے غور و فکر بن گیا ہے - گویا آدمی کچھ نہ کرے تو سست ، اور وہی کچھ نہ کرے مگر انگریزی میں دو لفظ بول دے تو صاحبِ بصیرت -
ہمارے معاشرے میں کام کرنے سے زیادہ مشکل کام نہ کرنے کی معقول وجہ تلاش کرنا ہے - اور سچ پوچھیے تو اس فن میں ہم نے اتنی ترقی کر لی ہے کہ اگر بہانے بیچنے کی صنعت قائم ہو جائے تو ملک کی معیشت کو سہارا مل جائے -
ایک صاحب نے ارادہ کیا کہ روزانہ ایک گھنٹہ کتاب پڑھیں گے - پہلے دن کتاب خریدی ، دوسرے دن اس کی جلد دیکھی ، تیسرے دن کتاب کے ساتھ تصویر بنائی ، چوتھے دن تصویر سوشل میڈیا پر لگائی اور پانچویں دن لکھ دیا - مطالعہ انسان کو بدل دیتا ہے - کسی نے پوچھا - کتاب پڑھی بھی ہے ؟ فرمانے لگے - ابھی نہیں ، لیکن کتاب کے اثرات محسوس ہونے لگے ہیں - یہ ہے جدید دور کا مطالعہ - کتاب الماری میں ، تصویر موبائل میں ، علم دعوے میں اور عقل خدا جانے کہاں -
پھر ایک اور طبقہ ہے جو ہر ناکامی کا ذمہ دار حالات کو ٹھہراتا ہے - کاروبار نہیں چلا تو حالات خراب تھے ، امتحان میں نمبر نہیں آئے تو سوال مشکل تھے ، ترقی نہیں ہوئی تو سفارش نہیں تھی ، اور زندگی میں کچھ حاصل نہیں ہوا تو زمانہ ہی خراب تھا - کسی نے یہ نہیں پوچھا کہ حضرت - آپ نے خود کیا کیا ؟
ہماری نفسیات کا سب سے دلچسپ پہلو یہ ہے کہ کامیابی کا کریڈٹ لینے کے لیے ہم ہمیشہ تیار رہتے ہیں ، مگر ناکامی کی ذمہ داری لینے کے لیے ہمیں مناسب وقت درکار ہوتا ہے ، جو بدقسمتی سے کبھی نہیں آتا!
ہم چاہتے ہیں کہ دنیا ہماری صلاحیتوں کو پہچانے ، لوگ ہماری قدر کریں ، دوست ہماری تعریف کریں اور مخالفین ہماری عظمت کا اعتراف کریں - مگر ہم خود اپنی صلاحیتوں کو استعمال کرنے کی زحمت نہیں اٹھاتے - گویا بیج بونے کی ذمہ داری زمین پر ، پانی دینے کی ذمہ داری بادل پر اور پھل نہ آنے کی ذمہ داری حکومت پر -
ہماری خواہش ہے کہ کامیابی ہمارے دروازے پر دستک دے ، مگر ہم نے دروازے پر براہِ کرم کل تشریف لائیں - کی تختی لگا رکھی ہے -
اور محبت میں تو اس عادت کے رنگ ہی نرالے ہیں - دل کسی کو چاہتا ہے ، مگر اظہارِ محبت کے لیے مناسب وقت درکار ہے - معافی مانگنی ہے ، مگر انا اجازت نہیں دیتی - کسی اپنے کو فون کرنا ہے ، مگر مصروفیت آڑے آتی ہے - حال پوچھنا ہے ، مگر سوچتے ہیں کہ وہ خود ہی کر لے گا - یوں دونوں طرف محبت موجود رہتی ہے ، مگر رابطہ نہیں ہوتا - دونوں ایک دوسرے کو یاد کرتے ہیں ، مگر پہل کوئی نہیں کرتا - انا تخت پر بیٹھی مسکراتی رہتی ہے اور محبت دروازے پر انتظار کرتے کرتے تھک جاتی ہے -
پھر ایک دن خبر ملتی ہے کہ وہ شخص اب اس دنیا میں نہیں رہا ، یا زندگی کے کسی دوسرے موڑ پر اتنا دور جا چکا ہے کہ واپسی ممکن نہیں - اس وقت دل کہتا ہے - کاش ! ایک بار بات کر لی ہوتی ، ایک بار معافی مانگ لی ہوتی ، ایک بار حال پوچھ لیا ہوتا - مگر زندگی کا سب سے تلخ طنز یہی ہے کہ بعض کاموں کی مہلت ختم ہونے کے بعد انسان کے پاس صرف پچھتاوا رہ جاتا ہے - کام کو پرسوں پر ٹالنا کبھی کبھی نقصان دہ ہوتا ہے ، مگر محبت ، معافی اور اپنوں کے حقوق کو پرسوں پر چھوڑ دینا دل کی دنیا اجاڑ سکتا ہے -
البتہ یہ بھی حقیقت ہے کہ ہر تاخیر سستی نہیں ہوتی - کبھی آرام ضروری ہوتا ہے ، کبھی سوچنا دانش مندی ہوتی ہے اور کبھی حالات واقعی اجازت نہیں دیتے - مگر جب انسان ہر روز ایک ہی بہانہ بنائے اور ہر شام اپنے آپ سے ایک ہی وعدہ کرے تو سمجھ لینا چاہیے کہ مسئلہ وقت کی کمی نہیں ، ارادے کی کمزوری ہے -
وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا - وہ نہ ہماری مصروفیات سے متاثر ہوتا ہے ، نہ ہمارے بہانوں سے ، نہ ہماری لمبی چوڑی تقریروں سے - گھڑی کی سوئیاں مسلسل چلتی رہتی ہیں ، اور ہم بیٹھے سوچتے رہتے ہیں کہ زندگی کو آخر کب سنجیدگی سے لیا جائے -
ہماری حالت اس مسافر جیسی ہے جو اسٹیشن پر کھڑا ہو کر پوری زندگی یہ فیصلہ کرتا رہا کہ کس ٹرین میں سفر کرنا بہتر ہوگا - یہاں تک کہ تمام ٹرینیں گزر گئیں اور اسٹیشن بھی خالی ہوگیا - پھر صاحب نے اطمینان سے کہا کوئی بات نہیں ، اگلی ٹرین پرسوں آئے گی
آخر میں عرض یہ ہے کہ اس مقولے کو زندگی کا اصول بنانے کے بجائے کبھی کبھی اپنے اوپر بھی آزما لیجیے - جب دل کہے کہ کام کل کریں گے ، تو خود سے پوچھیں کہ کیا یہ واقعی ضروری ہے کہ آج ہی ہو ؟ اگر نہیں ، تو آرام کر لیجیے - لیکن اگر ضروری ہے تو اپنی سستی کو دلیلوں کی چادر اوڑھا کر نہ سو جائیے -
کیونکہ زندگی کوئی ایسی سرکاری فائل نہیں جسے ایک میز سے دوسری میز پر منتقل کرتے رہیں اور پھر ریٹائرمنٹ کے دن کہیں کہ اب اگلا افسر اسے دیکھ لے گا -
اور یاد رکھیے ، دنیا میں دو طرح کے لوگ ہوتے ہیں - ایک وہ جو کام کرتے ہیں اور غلطیاں بھی کرتے ہیں - دوسرے وہ جو کام کرنے سے پہلے اتنا سوچتے ہیں کہ آخرکار کام ہی ان کے بغیر مکمل ہو جاتا ہے - پہلی قسم کے لوگ دنیا بدل دیتے ہیں ، دوسری قسم کے لوگ دنیا بدلنے کے طریقوں پر گفتگو کرتے رہتے ہیں -
اور ہم؟ ہم تو ابھی اس موضوع پر ایک اور مضمون لکھنے کا ارادہ کر رہے ہیں - البتہ لکھیں گے پرسوں ، کیونکہ آج تو یہ تحریر مکمل کرنے کے بعد ذہنی تھکن بھی بہت ہے -
آخری نکتہ - زندگی میں کل پر بھروسا کیجیے ، مگر اتنا بھی نہیں کہ آج ہاتھ سے نکل جائے - کیونکہ کل ایک امید ہے ، پرسوں ایک بہانہ ، اور آج وہ حقیقت ہے جسے ہم اکثر اپنی سستی کے ہاتھوں گروی رکھ دیتے ہیں - - - - - -







