تمہیں مجھ سے اتنا عشق نہیں ہونا چاہیے
تحریر ایم ایس انجم دربھنگوی
رات کا آخری پہر اپنے عروج پر ہے گھڑی کی سوئیاں دو کے ہندسے پر آکر یوں جم گئی ہیں جیسے وقت نے خود اپنی نبض تھام لی ہو کمرے کی تنہائی نے اپنے پرسکون مگر گہرے سائے ہر سو پھیلا رکھے ہیں باہر سناٹے کا ایسا افسردہ سحر طاری ہے کہ دیواروں سے ٹکراتی ہوئی دل کی اپنی دھڑکنیں بھی کسی اجنبی آہٹ کی طرح گونجتی محسوس ہوتی ہیں۔ بستی کا ہر در، ہر دیوار اور ہر گھر کی کھڑکی گہری نیند کے بوجھ تلے خاموش ہے مگر اس ویران بستی میں ایک چراغ اب بھی جل رہا ہے، اور وہ میں ہوں، تنہا میز کے پاس بیٹھا، ہاتھ میں کاغذ اور پرانا قلم تھامے، وقت کی جمی ہوئی تہوں کو کرید رہا ہوں
کاپی کے اس سفید ورق پر روشنائی کا پہلا قطرہ گرتے ہی ماضی کے دریچے یکایک وا ہو گئے وہ راتیں بھی کیا غنیمت راتیں تھیں جب وقت ہماری ہر خواہش پر ٹھہر جایا کرتا تھا جب اس مہ جبین کی آغوش میں سر رکھ کر دنیا و مافیہا سے بے خبر سو جایا کرتے تھے جہاں غمِ روزگار، کل کی فکر اور زمانے کی ہر تلخی کا وجود مٹ جاتا تھا صرف اس کی سانسوں کی لے تھی اس کی نرم بانہوں کا مقناطیسی حصار تھا، اور دل کو چھو لینے والا وہ بے پناہ سکون تھا جو اب ایک خواب معلوم ہوتا ہے
اس وقت کہے گئے الفاظ وہ دھیمی سرگوشیاں آج بھی اس سناٹے میں یوں گونج رہی ہیں جیسے وہ یہیں کہیں موجود ہو مجھے وہ رات اچھی طرح یاد ہے جب چاند کی مدہم روشنی میں اس نے میرے بالوں میں انگلیاں پھیرتے ہوئے دھیمے سے پوچھا تھا
"تمہیں مجھ سے اتنا عشق کیوں ہے؟"
میں نے مسکرا کر اس کی ندی جیسی شفاف آنکھوں میں دیکھا تھا اور جواب دیا تھا
کیونکہ تمہاری ذات سے باہر میری کوئی دنیا ہی نہیں ہے۔ جس دن تم نہیں ہوگی، یہ سانسیں بھی بے معنی ہو جائیں گی
وہ ایک اداس سی مسکراہٹ کے ساتھ میرے ماتھے پر اپنے لب رکھ کر بولی تھی
پگلے. تمہیں مجھ سے اتنا عشق نہیں ہونا چاہیے کہ جدائی کا تصور ہی تمہاری روح کو کاٹ ڈالے۔
میں نے اس کی آنکھوں میں جھانک کر فخر سے کہا تھا
تو پھر جدائی کا سوچنا ہی کیوں؟ ہم تو ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔
اس کی وہ ہنسی، اس کے وہ بول... آج اس اداس کمرے کی دیواروں سے ٹکرا کر واپسی کا سفر طے کر رہے ہیں اور وہ دن بھی کیا دن تھے
جن کا سورج کسی طلسماتی روشنی میں ڈوب کر نکلتا تھا جب ہر لمحہ دید کے لیے ایک تڑپتا ہوا سوال تھا صبح کا اجالا ہو یا شام کی اداسی بس ایک ہی دھن رگِ جاں میں اتری رہتی تھی اس کی گلی کے بے مقصد مگر حسیں پھیرے لگانا، گھنٹوں اس کے منتظر رہنا، اور دور سے اس کی ہلکی سی جھلک پاتے ہی روح کا نہال ہو جانا
مگر انسان لاکھ تدبیریں کرے، آسمان کے فیصلوں کے سامنے کس کا زور چلا ہے، شاید تقدیر کے ماتھے پر بچھڑنا ہی لکھا تھا، اسی لیے وہ مجھ سے ہمیشہ کے لیے جدا ہو گئی...
آج نہ وہ گلی ہے، نہ وہ مہ جبین، اور نہ ہی وہ ہنستے کھیلتے دن۔ صرف یہ آدھی رات کا خاموش سناٹا ہے، یہ اداس کمرہ ہے، اور میرے ہاتھ میں یہ کاپی ہے جس پر اس کا آخری جملہ کسی کٹے ہوئے زخم کی طرح تپ رہا ہے
تمہیں مجھ سے اتنا عشق نہیں ہونا چاہیے...
میں نے کانپتے ہوئے ہاتھوں سے قلم کو کاغذ پر رکھ دیا اور اس تلخ حقیقت کو سر جھکا کر تسلیم کرتے ہوئے یادوں کے اسی سمندر میں ڈوبتا چلا گیا جہاں اب صرف اس کی یادوں کے ملبے کے سوا کچھ باقی نہیں بچا







