عقیدۂ توحید اور شاعرانہ غلو رہنما گیاوی کے شعر کا شرعی و فکری تجزیہ
تحریر: ایم ایس انجم دربھنگوی
اسلامی عقیدے کی سب سے مضبوط اور بنیادی عمارت عقیدۂ توحید پر قائم ہے اسلام انسانی زندگی کے تمام شعبوں ( اخلاقیات معاشرت اور ادب) کو توحید کے تابع رکھتا ہے شاعری اور ادب کو انسان کے جذباتی اظہار کا ذریعہ مانا گیا ہے
لیکن جب بات عقائد اور عبادت کے مفہوم کی آئے تو شریعت نے سخت حدود متعین کئے ہیں
زیرِ بحث شعر
اے میرے پیرو مرشد جلوہ دکھا دے اپنا
میں بت بنا کے تیری پوجا کروں گا ورنہ
(رہنما گیاوی)
اسلام میں بندگی. عبادت. سجدہ صرف اور صرف اللہ رب العزت کا حق ہے قرآن کریم میں صراحت سے بیان کیا گیا ہے اللہ کے سوا کسی کی عبادت یا پوجا کرنا شرکِ اکبر کے زمرے میں آتا ہے
اللہ کا فرمان ہے
وَإِلٰهُكُمْ إِلٰهٌ وَّاحِدٌ ۖ لَّا إِلٰهَ إِلَّا هُوَ الرَّحْمٰنُ الرَّحِيمُ
ترجمہ اور تمہارا ایک ہی معبود ہے اس کے سوا کوئی معبود نہیں وہ بڑا مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے
سورۃ البقرہ، آیت 1٦٣
کسی انسان کے سامنے پوجا کا اقرار کرنا یا بت تراشنے کی بات کرنا خواہ وہ انسان کتنا ہی بڑا بزرگ ہو
توحید الوہیت پر حملہ ہے
تصوف اور ادب میں پیر کی تعظیم
اسلام میں تصوف کا مقصد تزکیہ نفس اور شریعت پر استقامت اور اتباعِ رسول ہے
پیر یا مرشد کا مقام استاد اور رہبر کا ہوتا ہے معبود کا نہیں
اسلام نے حضور اکرم صل اللہ علیہ وسلم کی ذاتِ بابرکت کے بارے میں غلو سے منع فرمایا ہے تو پھر کسی پیر یا بزرگ کے معاملہ میں حد سے تجاوز کیسے جائز ہوسکتا ہے
حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے
مجھے اس طرح حد سے نہ بڑھاؤ جس طرح عیسائیوں نے ابن مریم کو بڑھایا میں تو بس اللہ کا بندہ ہوں
لہذا مجھے اللہ کا بندہ اور اس کا رسول ہی کہو
صحیح البخاری
شاعری میں محبتِ مرشد کا اظہار جائز ہے لیکن جب یہ اظہار پوجا اور بت تراشی کے الفاظ تک پہنچ جائے تو یہ تصوف کے روح اور شریعتِ مطہرہ دونوں کے خلاف ہے
اس شعر میں دو شرعی خرابیاں پائی جاتی ہیں
پوجا اور بت تراشی کا اقرار بت بناکر پوجا کرنے کا ذکر کرنا کفر و شرک کے شعائر اور بت پرستی کے ظاہری اعتبار سے جائز یا ممکنہ راستہ دکھاتا ہے جو کہ اسلام کے بنیادی پیغام لَااِلہَ الااللہ کے خلاف ہے
اظہارِ عقیدت میں نامناسب اسلوب شعر کے دوسرے مصرعے میں پیر سے جلوہ مانگنے کے لئے ایک شرط رکھی گئی ہے :ورنہ میں بت بنا کے تیری پوجا کروں گا : شریعت میں معصیت یا کفر کی دھمکی دینا بھی سنگین جرم ہے
علامہ ابن تیمیہ فرماتے ہیں عبادت ہر اس ظاہری و باطنی قول اور عمل کا جامع نام ہے جسے اللہ پسند فرمائے پس جس نے کسی مخلوق کی عبادت کی یا اس کی ایسی تعظیم کی جو صرف اللہ کے لیے سزا وار ہے، اس نے شرک کیا
کتاب العبودیۃ
اہم وضاحت
یہاں یہ وضاحت ضروری ہے کہ اس شعر کو شرکیہ قرار دینے سے مقصود شاعر کی ذات پر کفر کا فتویٰ لگانا ہرگز نہیں ہے بلکہ الفاظ کی شرعی خامی کی نشاندہی ہے کلام کے مصرعۂ ثانی اپنے ظاہری تعبیرات کے اعتبار سے توحید کے منافی ہے تاہم کلام کی شرعی تعبیر اور قائل کے شخصی عقیدے پر حکم لگانا دو الگ امور ہیں
حاصلِ کلام* شاعرانہ تخیل یا مبالغہ آرائی کے نام پر عقائد و توحید کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں مذکورہ شعر اسلامی نقطۂ نظر سے مکمل طور پر باطل اور شرکیہ مفہوم پر مبنی ہے
ایک مسلمان کے لیے لازم ہے کہ وہ اپنے عقیدے کو خالص رکھے اور ایسے تمام الفاظ اور اشعار سے اجتناب کرے جو اللہ کی الوہیت میں کسی کو شریک ٹھہراتے ہوں
تبصرے (0)
شائع کردہ
اسی زمرے میں مزید

ہر ایک شخص وفادار ہو ضروری کیا

عشق میں اس سے کروں گا جسے اردو آئے





