تازہ ترین

Article Maulana Abdul Hafeez Sb

📅 15-10-2026 👁 21 قارئین 💬 0 تبصرے 🔁 0 شیئر
PostMail

سُورَۃُالبُرُوج:ایک مختصر تعارف
محمد عبدالحفیظ اسلامی
خطیب مسجد صالحہ قاسمؒ و سینئر کالم نگار
9849099228
----------------------------------
سورۂ بروج قرآن مجید کی فہرست کے مطابق 85 ویں سورت ہےجس میں ایک رکوع
،22آیات آئے ہیں اور یہ سورت مکہ مکرمہ کے ایسےحالات میں نازل ہوئی جبکہ
کفاران مکہ کا ظلم و ستم اور تشدد اپنی آخری حدوں کوچھورہا تھا۔رشتہ داری
وبرادری،خون و قبیلے کا پاس و خیال رکھے بغیر اپنی طاقت کےبل پر اہل ایمان کی
زندگی اجیرن کرکے رکھ دی گئی اور یہ لوگ اپنی پوری قوت اسلام پرچلنے
والےلوگوں کے خلاف خرچ کررہے تھے۔
ان کاصرف یہی ایک مقصد تھاکہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے لائے ہوئے دین سے
لوگوں کو پھیرا جائے، اسی مقصد کے تحت جو مسلمان ہوچکے تھے، انہیں سخت سےسخت
عذاب دیئے جانے لگے تھے۔
حضرت مولانا سید ابوالا علی مودودیؒ اس سوره سے متعلق لکھے ہیں کہ،
اس کا موضوع کفار کو اس ظلم و ستم کے برے انجام سے خبردار کرنا ہے جو وہ ایمان
لانے والوں پر توڑ رہے تھے، اور اہل ایمان کو یہ تسلی دینا ہے کہ اگر وہ ان
مظالم کے مقابلے میں ثابت قدم رہیں گے تو ان کو اس کا بہترین اجر ملے گا اور
اللہ تعالیٰ ظالموں سے بدلہ لے گا۔
اس سلسلے میں سب سے پہلے اصحاب الاخدود کا قصہ سنایا گیا ہے جنہوں نے ایمان
لانے والوں کو آگ سے بھرے ہوئے گڑھوں میں پھینک پھینک کر جلا دیا تھا۔اور اس
قصے کے پیرائے میں چند باتیں مومنوں اور کافروں کےذہن نشین کرائی گئی ہیں۔ ایک
یہ کہ جس طرح اصحاب الاخدود خدا کی لعنت اور اس کی مار کے مستحق ہوئے اسی طرح
سرداران مکہ بھی اس کے مستحق بن رہے ہیں۔ دوسرے یہ کہ جس طرح ایمان لانے والوں
نے اس وقت آگ کے گڑھوں میں گر کر جان دے دینا قبول کرلیا تھا اور ایمان سے
پھرنا قبول نہیں کیا تھا، اسی طرح اب بھی اہل ایمان کو چاہیے کہ ہر سخت سے سخت
عذاب بھگت لیں مگر ایمان کی راہ سے نہ ہٹیں۔ تیسرے یہ کہ جس خدا کے ماننے پر
کافر بگڑتے اور اہل ایمان اصرار کرتے ہیں وہ سب پر غالب ہے، زمین و آسمان کی
سلطنت کا مالک ہے، اپنی ذات میں آپ حمد کا مستحق ہے، اور دونوں گروہوں کے حال
کو دیکھ رہا ہے، اس لیے یہ امر یقینی ہے کہ کافروں کو نہ صرف ان کے کفر کی سزا
جہنم کی صورت میں ملے، بلکہ اس پر مزید ان کے ظلم کی سزا بھی ان کو آگ کے چرکے
دینے کی شکل میں بھگتنی پڑے۔ اسی طرح یہ امر بھی یقینی ہے کہ ایمان لا کر نیک
عمل کرنے والے جنت میں جائیں، اور یہی بڑی کامیابی ہے۔ پھر کفار کو خبردار کیا
گیا ہے کہ خدا کی پکڑ بڑی سخت ہے، اگر تم اپنے جتھے کی طاقت کے زعم میں مبتلا
ہو تو تم سے بڑے جتھے فرعون اور ثمود کے پاس تھے، ان کے لشکروں کا جو انجام
ہوا ہے اس سے سبق حاصل کرو۔ خدا کی قدرت تم پر اس طرح محیط ہے کہ اس کے گھیرے
سے تم نکل نہیں سکتے،اور قرآن، جس کی تکذیب پر تم تلے ہوئے ہو، اس کی ہر بات
اٹل ہے، وہ اس لوح محفوظ میں ثبت ہے جس کا لکھا کسی کے بدلے نہیں بدل سکتا۔(
تفہیم القرآن سورہ بروج)
ایسےکٹھن حالات میں سورۃ بروج کا نزول ہوا ، جس میں ایک طرف کفار مکہ کواس
بات سے خبردار کردیا گیا کہ تم جو کچھ ظلم وستم کےپہاڑ مسلمانوں پرتوڑ رہے ہو
اس سے باز آجاؤ ورنہ بُرے انجام کو پہنچ جاؤ گے۔
دوسری جانب حضرت محمد رسول، برحق صلی اللہ علیہ وسلم کے دست مبارک پر ایمان
قبول کرنے والےان اہل ایمان کویہ بھر پورتسلی دی گئی کہ کفار مکہ کیطرف
سےجومظالم ہورہے ہیں جو کچھ اذیتیں دی جارہی ہیں ایسے نازک حالات میں تم لوگ
صبر و ثابت قدمی کامظاہرہ کرو گے تو اس کا تمہیں بہترین بدلا The best reward
will be given عطا کیا جائے گا۔اوراللہ تعالیٰ ان Allah will definitely
punish۔۔۔۔۔!(ظالموں) سے ضرور بدلہ لے کر رہے گا۔اس طرح مذکورہ بالا دو 2
چیزوں کو ذہن میں رکھتےہوئے ہم اس اہم سورۃ’’البروج‘‘کا مطالعہ کریں تو اس کا
مفہوم سمجھنے میں ان شاءاللہ تعالی آسانی ہوگی۔
غرض یہ کہ اللہ تبارک و تعالیٰ سورۃ کے آغاز میں قسم کھاتےہوئے 3 تین چیزوں
کا ذکر فرمایا،قسم ہے مضبوط قلعوں والے آسمان کی، اور اس دن کی جس کا وعدہ
کیا گیا یعنی قیامت کے روز کا، اور تیسری،دیکھنے والے کی اور دیکھی جانے والی
چیز کی قسم کھائی گئی۔ دیکھنے والے سے مراد ہر وہ شخص ہوگا جو روز قیامت
حاضر ہوگا (اور اسے اپنی آنکھوں سے دیکھے گا) علاوہ ازیں جو چیز اس دن تیسری
چیز جو دیکھی جائے گی یہ خود قیامت ہوگی۔ جس بات پر مذکورہ تین چیزوں کی قسم
کھا کر یہ فرمایا گیاکہ’’مارے گئے گڑھے والے‘‘ یعنی ان پر اللہ کی لعنت پڑی
اور یہ عذاب الٰہی کے مستحق بن گئے۔ گڑھے والوں سے مراد وہ لوگ ہیں جو گزرے
ہوئے زمانے میں اہل ایمان کو بڑے بڑےگڑھوں میں خوب آگ بھڑکا کراس میں پھینکا
اوران اہل ایمان کے جلنے کا تماشہ دیکھا۔ ان اہل ایمان پر یہ ظلم کیوں ڈھایا
گیا ؟ اس کی طرف نشاند ہی فرمائی گئی کہ ان ظلم کرنے والوں کی اہل ایمان کے
ساتھ دشمنی اس کے سواکسی وجہ سے نہ تھی کہ وہ اُس خدا تعالیٰ پر ایمان لائے
تھےجو ؛ ”زبردست“ ہے ”حمید“ ہے اور اس کی شان یہ ہے کہ ”زمین و آسمان“اوراس
کے درمیان جو بھی ہے ان سب کاوہ بلا کسی شرکت غیرے اکیلا ”Unshared“مالک ہے،
یعنی پوری کائنات کی Absolute authority اسی کےقبضہ قدرت میں ہے۔۔۔!دعوت حق
کے مخالفین(مشرکین مکہ)کو یہاں پریہ بتلایاگیاکہ تمہارا آج جوطرزعمل ہے ٹھیک
اُن لوگوں جیسا ہے جنہوں نے اللہ پرایمان لانے والوں کے ساتھ اختیار کر رکھا
ہے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ ایمان لانےاور عبادت کے لائق وہی ہستی ہے جو زبردست ہے
اوراپنی ذات میں آپ محمود Praiseworthy by himself ہے۔ صرف اتنا ہی نہیں
آسمانوں اور زمین کی سلطنت کا مالک Him to Whom belongs the dominion of the
heavens end the earth ہے! لہٰذاحق یہ ہے کہ اسی ذات باری تعالی پر ایمان
لایاجائےجس کی دعوت آج محمد صلی اللہ علیہ وسلم (نوع انسانی کو) دے رہے ہیں
اور تم ہو کہ اس پر بگڑتے ہو۔۔۔؟ خبردار ہوجاؤکہ تمہاری ان شرارتوں اور
مسلمانوں کے ساتھ ظلم و ستم کا تمہارا جوعمل ہے یہ سب کچھ اللہ کی نگاہ میں
ہے، یعنی Allah is Witness to all things سب کچھ وہ خوب دیکھ رہا ہے۔۔۔!
پھر آگےآیت کریمہ(10) میں ان لوگوں کے ذہنوں کو جھنجوڑا گیا جو مسلمانوں کے
ساتھ ظلم کررہے تھے ان کے سامنے یہ باتیں رکھی گئیں کہ جن لوگوں نے اہل ایمان
مردوں اور عورتوں پرظلم وستم توڑا ، پھر توبہ نہ کی یعنی اس ظالمانہ روش سے
تائب نہ ہوئے(اللہ پر ایمان نہ لائیں اور ) اسی حالت میں مر گئےتو ایسے ظالموں
کے لئے دوطرح کے عذاب ہیں ہے ”عذاب جہنم“ اور ”عذاب الحریق“ شرک و کفر کی
روش اختیارکرتےہوئے بغیر توبہ کے مرنے والے عام لوگ مشرکوں کے لیے تو عذاب
جہنم ہے۔۔۔! لیکن جو لوگ اہل ایمان کو عذاب دینے کے لیے آگ کے گڑھے میں پھینک
کر زندہ جلایا تھا ان کے لیے ایک خاص اور سخت آگPunishment of the Burning
ہوگی جس میں یہ ڈالےجا کر جلائے جائیں گے۔ یعنی
جیسی کرنی ویسی بھرنی کہ، ان لوگوں نے مقبولانِ خدا کے لئے عذاب دینے کے لیےجو
تجویز کیا تھا ٹھیک اسی قسم کےعذاب میں وہ مبتلاکئے جائیں گے۔ یہ آیت کریمہ
ہرزمانہ میں ایمان والوں پر ظلم ستم ڈھانے والے لوگوں کو غور و فکر کی دعوت دے
رہی ہے کہ اللہ پر ایمان لاکر زندگی گزارنے والے انسانوں کے ساتھ ظلم کا رویہ
اختیار کرنے سے اگر یہ نہیں رُکیں گے اور توبہ نہیں کریں گے توخوب یاد رکھنا
جہنم کے عذاب اور جلائے جانے کی سخت سزا اللہ تعالی نے ایسےلوگوں کے لیے تیار
کر رکھا ہے۔ خبردار ہوجاؤ !!!
عذاب جہنم و عذاب حریق کے بارے میں مفسرین کرام کی تشریحات درج ذیل نقل کی
جاتی ہے۔
١)مولانا مفتی محمد شفیع صاحب رحمہ اللہ آیت کریمہ (10) کے سلسلہ میں
لکھتے ہیں،
”ان الذین فتنوالمومنین، یہ ان ظالموں کی سزا کا بیان ہے جنہوں نے مسلمانوں کو
صرف ان کے ایمان کی بناء پر آ گ کی خندق میں ڈال کر جلایا تھا، اور سزا میں دو
باتیں ارشاد فرمائیں فلھم عذاب جھنم یعنی ان کےلئے آخرت میں جہنم کا عذاب ہے،
دوسرا ولھو عذاب الحریق یعنی ان کے لئے جلنے کا عذاب ہے۔ ہوسکتا ہے کہ دوسرا
جملہ پہلے ہی جملے کا بیان اور تاکید ہو اور معنے یہ ہوں کہ جہنم میں جا کر اس
کو ہمیشہ آگ میں جلتے رہنے کا عذاب ملے گا اور یہ بھی ممکن ہے کہ دوسرے جملے
میں ان کی اسی دنیا میں سزا کا ذکر ہو،جیسا کہ بعض روایات میں ہےکہ جن مؤمنین
کو ان لوگوں نے آگ کی خندق میں ڈالا تھا اللہ تعالیٰ نے ان کو تو تکلیف سے اس
طرح بچا دیا کہ آگ کےچھونےسے پہلے ہی ان کی ارواح قبض کرلی گئیں آگ میں مردہ
جسم پڑے، پھر یہ آگ اتنی بھڑک اٹھی کہ خندق کے حدود سے نکل کر شہر میں پھیل
گئی اور ان سب لوگوں کو جومسلمانوں کے جلنے کاتماشا دیکھ رہے تھے اس آگ نے جلا
دیا، صرف بادشاہ یوسف ذونواس بھاگ نکلا اور آگ سے بچنے کے لئے اپنے آپ کو دریا
میں ڈال دیا اس میں غرق ہوکرمرا (مظہری)
ان لوگوں کے لئے :عذاب جہنم: اور :عذاب حریق: کی خبر کے ساتھ قرآن کریم نے یہ
قیدبھی لگادی کہ ثُمَ لَم یَتُوبُوا یعنی یہ عذاب ان لوگوں پر پڑیگاجو اپنےاس
فعل پرنادم ہوکرتائب نہیں ہوئےاس میں ان لوگوں کو توبہ کی طرف دعوت دی گئی
ہے۔حضرت حسن بصری فرماتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے اس جو دو کرم کو دیکھو کہ ان
لوگوں نےاللہ کے اولیاء کو زندہ جلا کر ان کا تماشا دیکھا اور حق تعالیٰ اس پر
بھی ان کوتوبہ اور مغفرت کی طرف دعوت دے رہا ہے۔(ابن کثیر) ”معارف القرآن جلد
ھشتم صفحہ 714“۔
٢) مولانا سید ابولاعلی صاحب مودودی رحمہ اللہ نے ان لوگوں کے لئے ایک خاص
عذاب کی بات بتلائ وہ تحریر فرماتے ہیں کہ،
”جہنم کے عذاب سے الگ جلائے جانے کی سزا کا ذکر اس لیے کیا گیا ہے کہ انہوں
نے مظلوم لوگوں کو آگ کے گڑھے میں پھینک کر زندہ جلایا تھا۔ غالباً یہ جہنم کی
عام آگ سے مختلف اور اس سے زیادہ سخت کوئی آگ ہوگی جسمیں وہ جلائے جائیں
گے“(تفہیم القرآن)۔
٣) اسی طرح علامہ ابو عبداللہ القرطبی علیہ الرحمہ لکھتے ہیں
کہ،”ثم لم یتوبو افلھم عذاب جہنم ولھم عذاب الحریق۔ (یعنی ایک اللہ والے بچے
کے ذریعہ، حق ظاہر ہونے پر لوگوں نے جب اللہ پر ایمان لا چکے تو وقت کا ظالم
باشاہ ان پرغصہ ہوکر انہیں آگ سے بھرے گڑھوں میں ڈال دیا) انہوں نے اپنے قبیح
اعمال پر توبہ نہ کی جبکہ اللہ تعالیٰ نے اس بادشاہ اور اس کی قوم کے لیے اس
بچے کے ہاتھ پر آیات اور بینات کو ظاہر فرمایا، ان ک لیےان کے کفرپرجہنم کا
عذاب ہے اور دنیا میں اس کے لیے جلانے کا عذاب ہے کیونکہ انہوں نے مومنوں کو
آگ کے عذاب میں جلایا، اس بارے میں حضرت ابن عباس سے روایت نقل کی ہے کہ ایک
قول یہ کیا گیا ہے ان کے لیے آخرت میں عذاب ہے جوان کے کفر کے عذاب سے زائدہ
ہے یہ اس وجہ سے ہے کہ انہوں نے مومنوں کو آگ میں جلایا تھا ایک قول یہ کیا
گیا ہے اس کا معنی ہے ان کے لیے عذاب ہےاورجہنم حریق کا عذاب ہے”حریق“ جہنم
کے ناموں میں سے ایک نام ہے جس طرح سعیر کیونکہ جہنم کے کئی گڑھے اور اس کی
انواع ہیں اور ہر ایک کے الگ الگ نام ہیں گویا جہنم میں انہیں زمہریر (
انتہائ شدید اورناقابل برداشت ٹھنڈک) کے ساتھ عذاب دیا جائے گا پھر انہیں عذاب
حریق کے ساتھ عذاب دیا جائے گا، پہلا ٹھنڈک کا عذاب ہے اور دوسرا گرمی کا عذاب
ہے۔ (تفسیر القرطبی)
ان آیات کریمہ کو حالات حاضرہ کے پس منظر میں غور کریں تو معلوم ہوگا کہ ایمان
والو ں پر دنیا میں جہاں پر بھی ظلم ڈھا یا جارہا ہے؛ اِن ظلم کرنے والوں کے
لیے اللہ کی طرف سے اس می انتباہ اور وعید ہے۔
مولانا امین احسن اصلاحی علیہ الرحمہ یوں لکھتے ہیں کہ۔
’عَذَابُ جَہَنَّمَ‘ کے ذکر کے بعد بظاہر ’عَذَابُ الْحَرِیْقِ‘ کے ذکر کی
ضرورت نہیں تھی لیکن یہ عام کے بعد خاص کا ذکر ہے۔ ’جَہَنَّمَ‘ عذاب کی جملہ
اقسام و انواع کا مرکز ہے جس میں سب سے بڑا عذاب جلنے کا عذاب ہے۔ گویا ان
لوگوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ جہنم کے دوسرے عذابوں کے ساتھ ساتھ ان کو جلنے
کے عذاب کا بھی مزا چکھنا پڑے گا۔ اس انجام کواچھ طرح سوچ رکھیں۔
(تدبر قرآن)
آیت کریمہ 11 میں اہل ایمان کو ہمت اور تسلی دی گئی کہ جن لوگوں نے ایمان لا
کر عمل صالح اختیار کیا ( دم آخر تک اس پر قائم رہے) ایسے بندوں کے لیے جنت
ہے،اسکی نعمتیں اور باغات ہیں ۔ حقیقت یہ ہے کہ جنت میں کسی کو داخلہ مل جانا
ہی بڑی کامیابی ہے۔ اس طرح مکہ کے اس ماحول میں جب کہ باطل گروہ کی جانب سے
طرح طرح سے اذیتیں دی جانی لگیں تھیں۔ ایسے مشکل حالات میں مسلمانوں کو ہمت
دلائی گئی کہ آج کے اس کٹھن حالات میں صبر کریں گے اور اپنے ایمان پر قائم
رہیں گے تو اصل کامیابی تمہارے قدم چومے گی جو جنت و درجات جنت کی شکل میں عطا
کی جائے گی۔
آیت کریمہ 12 میں بظاہر خطاب محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ہے،
فرمایا” اِنَ بَطشَ رَبِکَ لَشَدِیدُٗ “ ( بے شک آپکے رب کی پکڑ بہت سخت ہے)
دراصل اس آیت میں انتباہ ہےہراُس شخص کے لیے جو خدا سے بغاوت کرتا ہےاسے لئے
فرمایا آپؐ کے رب کی پکڑ بڑی شدید ہے ،بتلانا یہ مقصودہےکہ جب خدا کسی کوڈھیل
دیتاہے تو یہ صرف اسکےلیےایک مہلت ہےکہ وہ راہِ راست پرآجائے لیکن آج نادان
لوگ جو ظلم و زیادتی کررہے ہیں یہ نہ سمجھیں کہ خدا کی ذات کمزور ہے بلکہ جب
کسی کی مہلت عمل ختم ہو جاتی ہے تو پھر اس کی گرفت بڑی سخت ہوگی، Before
Allah,s grip٫ all earthly power and pomp prove utterly futile اللہ کی گرفت
سے بچ کر نکلنا ناممکن ومحال ہے۔۔۔۔!
حضرت پیر محمد کرم شاہ رحمہ اللہ اس کی مختصر وجامع تشریح فرما تے ہیں۔
کہ”یہ عقل کے اندھے آپ کے رب کو کمزور نہ جانیں، اس کا ہر کام پر از حکمت
ہوتا ہے۔ وہ تنگ مزاج اور زود رنج (جھٹ خفا) حکمرانوں کی طرح فوراً بھڑک نہیں
اٹھتا۔ ہر کام کے لئےاس نے موزوں وقت مقرر کر رکھا ہے اور جب وہ وقت آجاتا ہے
تو پھروہ یوں سخت پکڑتاہے کہ الامان الحفیظ۔ اس کے عذاب سے کوئ چھڑا نہیں
سکتا، کوئ بچا نہیں سکتا۔ سارےکروفردھرےکے دھرے رہ جاتے ہیں“۔(ضیاءالقرآن جلد
پنجم)
آگے کی آیات میں اللہ رب العزت اپنی قدرت و شان بیان فرما تا ہے، جن میں
منکرین حق کے لیےدرس عبرت کا سامان ہے۔
فرمایا کہ وہی ہے جو پہلی بار تمہیں پیدا کیا اور وہی تمہیں دوبارہ پیدا کرے
گا اور جو لوگ اسکی طرف پلٹتے ہیں اوراپنی بد اعما لیوں سے رُک جاتے ہیں، تو
یقینا اسکی رحمت و مغفرت کا دامن بہت وسیع ہے صرف اتنا ہی نہیں بلکہ وہ اپنے
بندوں کےگناہوں کو معاف کرنےکے علاوہ ان سے محبت کرتا ہے۔ یعنی
" بخشنے والا ہے" کہہ کر یہ امید دلائی گئی ہے کہ کوئی اگر اپنے گناہوں سے باز
آ کر توبہ کرلے تو اس کے دامن رحمت میں جگہ پاسکتا ہے۔ " محبت کرنے والا " کہہ
کر یہ بتایا گیا ہے کہ اس کو اپنی خلق سے عداوت نہیں ہے کہ خواہ مخواہ اس کو
مبتلائے عذاب کرے، بلکہ جس مخلوق کو اس نے پیدا کیا ہے اس سے وہ محبت رکھتا ہے
اور سزا صرف اس وقت دیتا ہے جب وہ سرکشی سے باز ہی نہ آئے۔ " مالک عرش " کہہ
کر انسان کو یہ احساس دلایا گیا ہے کہ سلطنت کائنات کا فرمانروا وہی ہے، اس سے
سرکشی کرنے والا اس کی پکڑ سے بچ کر کہیں نہیں جاسکتا۔ " بزرگ و برتر " کہہ کر
انسان کو اس کمینہ پن پر متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ ایسی ہستی کے مقابلہ میں
گستاخی کا رویہ اختیار کرتا ہے۔ اور آخری صفت یہ بیان کی گئی ہے کہ وہ " جو
کچھ چاہے کر ڈالنے والا ہے "، یعنی پوری کائنات میں کسی کی بھی طاقت نہیں ہے
کہ اللہ جس کام کا ارادہ کرے اس میں وہ مانع و مزاحم ہو سکے۔(اقتباس
ت ق) چنانچہ ”ذُوالعَرشِ المَجِیدُ“عرش کا مالک ہے، بزرگ وبرتر ہے،”فَعَالُٗ
لِمَا یُرِیدُ“اور جو کچھ چاہے کر ڈالنے والا ہے! فرمانے کے
بعد؛ فرعون و ثمود کے لشکروں کا ذکر فرماتے ہوئے مشرکین مکہ کو عبرت دلائ گئ
کہ سنبھل جاؤ۔۔۔۔!
مولانا عبدالحق حقانی رحمہ اللہ اس سورہ کے ختم پر اس کا دلنشیں خلاصہ فرمایا
کہ،
تفسیر ¦ پہلے فرمایا تھا کہ تیرے رب کی پکڑ سخت ہے اور اس کے ثبوت کے لیے اول
اصحاب الاخدود کا قصہ نقل کیا تھا۔ اجمالاً جو آنحضرت ﷺ سے تھوڑے ہی برسوں
پہلے گزرا تھا اور عرب میں زبان زد تھا۔ اس کے بعد پھر اسی بات کے ثبوت کے لیے
اجمالی طور پر وہ واقعات کو یاد دلاتا ہے جن میں سے ایک کو تو عرب اور اہل
کتاب جانتے تھے۔ اس لیے اس کو مقدم کیا اور وہ فرعون اور اس کی قوم کی سرکشی
اور ہلاکت کا قصہ ہے اور دوسرے کو عرب جانتے تھے یعنی قوم ثمود کا حال کہ جو
کچھ ان پر حضرت صالح (علیہ السلام) کے ساتھ گستاخی اور خدا تعالیٰ کی نافرمانی
سے گزرا۔ اس لیے فرماتا ہے ھل اتاک حدیث الجنود کہ اے محمد ﷺ یا اے مخاطب !
کیا تجھے لشکروں کی بات پہنچی ؟ یعنی ضرور پہنچی ہوگی۔ بعض علماء کہتے ہیں ھل
بمعنی قد ہے یعنی تحقیق پہنچی سب جانتے ہیں جنود جند کی جمع ہے۔ اس میں اشارہ
ہے کہ کفار قریش کیا چیز ہیں۔ ان کا تو ایک لشکر بھی نہیں۔ اس سے پہلے بہت سے
لشکروں کوہم غارت کرچکے ہیں۔ پھر فرماتا ہے فرعون وثمود وہ لشکر کون تھے ؟
فرعون کے اور قوم ثمود کے لشکر جو بڑے طاقتور اور کثرت سے تھے۔ کچھ ایسے ویسے
لشکر بھی نہ تھے۔ پھر دیکھو ان پر کیا گزری کس طرح سے خدائے جلیل و جبار نے ان
کی سرکشی اور بدکاری سے ان کو ہلاک کیا۔ ان دونوں قصوں کی تفصیل کئی بار قرآن
مجید میں
آچکی ہے۔منکرین قریش ایسے واقعات سن کر کہہ دیا کرتے تھے کہ ہم کیا خدا کے
قائل نہیں اور کیا اس کی قدرت کو نہیں مانتے۔ یہ اس لیے کہ وہ مشرک تھے۔ بتوں
کو وسیلہ جانتے تھے اور خدا پاک کو بھی مانتے تھے۔ اس کے جواب میں فرماتا ہے
بل الذین کفروا فی تکذیب ہرگز نہیں بلکہ منکر جھٹلانے میں پڑے ہوئے ہیں۔ گو
زبان سے کہتے ہیں مگر ان کا حال جھٹلا رہے ہیں اور اگر دل میں ان کے اسباب کا
نقشہ جما ہو تاکہ وہ سخت پکڑ کرنے والا ہے تو ایمانداروں اور ہمارے پیغمبر پر
ظلم و ستم نہ کرتے اور سرکشی سے باز آتے اور ہماری مرضی کے تابع ہوتے بلکہ ان
کو اپنے جہل سے اپنی طاقت اور قومیت کا غرور ہے اور دراصل یہ غرور باطل ہے کس
لیے کہ واللہ من ورائہم محیط کہ وہ ہر طرف سے اللہ کے قبضہ قدرت میں ہیں۔ کسی
طرف سے باہر نہیں نکل سکتے اور تمام ممکنات کا یہی حال ہے کہ اس کی قدرت کے
احاطہ میں ہے وہ سب کو احاطہ کئے ہوئے ہے۔ یہ احاطہ جسمانی نہیں جیسا کہ برتن
کا پانی کے لیے اور گھر کا گھر میں رہنے والوں کے لیے ہوتا ہے بلکہ احاطہ قدرت
اور احاطہ ذاتی ہے چونکہ یہ سب واقعات اور پھر ہدایت مضامین قرآن میں ہیں۔ وہ
ان باتوں کو کیا نہیں مانتے بلکہ قرآن کو نہیں مانتے مگر ان کے نہ ماننے سے
کیا ہوتا ہے۔ بل ہو قرآن مجید بلکہ قرآن وہ بلند شان والا ہے، کسی کے باطل
کرنے سے باطل نہیں ہوسکتا۔ اس لیے کہ فی لوح محفوظ لوح محفوظ میں ثبت ہے جہاں
کسی معاند ( کسی دشمن یا مخالف، ضدی یا ہٹ دھرم) کا ہاتھ نہیں پہنچ سکتا۔
(تفسیر حقانی) اس طرح یہ اٹل حقیقت کھول کررکھ دی گئ کہ قرآن مجید ہر طرح سے
محفوظ، اورقیامت تک کیلئے ”انمٹ کتاب“ The holy quran is indelible Book un
the Day of judgment ہے!!!۔

ردِعمل دیں (0)

شیئر کریں (0)

تبصرے (0)

شائع کردہ

🌱 New Reporter ★★★★★

محمد عبدالحفیظ اسلامی

📍 Hyderabad

📰 6 پوسٹ👁 157 قارئین📊 26.2 اوسط قارئین

محمد عبدالحفیظ اسلامی
خطیب مسجد صالحہ قاسمؒ و سینئر کالم نگار حیدرآباد

اسی زمرے میں مزید

اسلامی قانونِ وراثت میں محجوب پوتے پوتیوں کا مسئلہ

IYM CONFERENCE 2026

محبِ اردو ایوارڈ: جناب عبدالعظیم رحمانی ملکاپوری کی ادبی، علمی اور تحقیقی خدمات کا اعتراف* مرتب:- ڈاکٹر عتیق الرحمان عبدالعظیم رحمانی ملکاپوری

مقبول ترین پوسٹس

علامہ اقبال اور اردو زبان کی ترویج

👁 563 ویوز

مدینہ یونیورسٹی میں 100 مصنفین کی کتابوں پر پابندی، فہرست میں پہلا نام مولانا ابوالحسن علی ندوی کا

👁 459 ویوز

اولاد کی تربیت شفقت و حکمت سے

👁 387 ویوز

شراب کے دینی و دنیوی نقصانات

👁 355 ویوز

حسد:ایک تباہ کن نفسیاتی مرض

👁 347 ویوز