حضرت مولانا مرغوب الرحمن بجنوری حیات و خدمات
ازقلم: انوار الحق قاسمی
ایشیا کی عظیم دینی درسگاہ ازہر ہند دار العلوم دیوبند کے مقبول مہتمم،امارت شرعیہ ہند کے امیر ثالث،کل ہند مجلس تحفظ ختم نبوت کے پہلے صدر،رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ کے صدر اول،جمعیت علماء ہند کی مجلسِ عاملہ کے رکن،جامعہ قاسمیہ مدرسہ شاہی مرادآباد کے رکن،دارالعلوم ندوة العلماء لکھنؤ کی مجلسِ منتظمہ کے رکن،کئی اداروں اور تنظیموں کے سرپرست و رکن،بلند حوصلہ،صاحب فراست اور کامیاب منتظم مولانا مفتی مرغوب الرحمن بجنوری حیات مستعار کی ایک بڑی مدت: سنئہ عیسوی کے اعتبار سے 96/برس اور سنئہ ہجری کے اعتبار سے تقریباً 100سال پاکر بہ روز چہار شنبہ:یکم محرم الحرام 1432ھ مطابق 8/دسمبر 2010ء کوصبح 10:45 بجے عالم دنیا کو خیر باد کہہ کر راہی عالم عقبی ہوگئے: انا للّٰہ وانا الیہ راجعون،رحمہ اللہ وغفرلہ ورفع درجاتہ فی الجنة،آمین۔
حضرت مہتمم صاحب کی نماز جنازہ دو مرتبہ پڑھائی گئی: پہلی مرتبہ بجنور شہر کی عید گاہ میں مولانا مفتی شبیر احمد استاذ حدیث و فقہ جامعہ قاسمیہ مدرسہ شاہی مرادآباد نے پڑھائی،جس میں ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور دوسری مرتبہ احاطہ دارالعلوم دیوبند میں مولانا مرحوم کے فرزند مولانا انوار الرحمان قاسمی نے پڑھائی،جس میں تقریبا 50/ہزار علماء وطلبہ و اہل شہر نے شرکت کی اور نہایت نمناک آنکھوں سے حضرت کو شب 11:30 بجے مزار قاسمی میں سپردِ خاک کیا۔
چوں کہ مولانا محمد مرغوب الرحمن بجنوری کوئی بڑے خطیب یا عظیم صاحب قلم نہیں تھے؛اس لیے جب مولانا کو وقت کے نامور مقرر اور قلم و قرطاس کے بادشاہ حکیم الاسلام حضرت مولانا قاری محمد طیب صاحب - نور اللہ مرقدہ - کا جانشیں بنایا گیا،تو اس وقت کے محبین دارالعلوم دیوبند نے حیرت و استعجاب کا اظہار فرمایا اور ہر طرف سے یہی باتیں آتی رہیں کہ علم و فضل میں کہاں حکیم الاسلام مولانا محمد قاری طیب صاحب - رحمۃ اللہ علیہ - اور کہاں مولانا محمد مرغوب الرحمن صاحب بجنوری؟ یعنی دونوں میں غایت درجہ بعد تصور کیا گیا؛مگر یہی مولانا مرغوب الرحمن بجنوری جب دارالعلوم کو اپنی فکر کا محور اور اپنی زندگی کا قیمتی سرمایہ سمجھ لیا،تو پھر خدانے ان سے دارالعلوم دیوبند کے ارتقاء و استحکام میں وہ نمایاں کام لیا کہ وہی لوگ جو کل بے جوڑ سی باتیں کررہے تھے آج وہی کہنے لگے کہ واقعی دارالعلوم کے منصب اہتمام کے زیادہ لائق یہی شخص ہیں اور امید ہے کہ دار العلوم ترقی میں اوج ثریا تک پہنچے گا اور الحمدللہ توقعات کے عین مطابق دارالعلوم مولانا کے دور اہتمام میں خوب ترقیات کیں۔
مولانا مرغوب الرحمن بجنوری نے تین دہائیوں یعنی 29/سالوں تک تادم حیات دارالعلوم دیوبند کے مسند اہتمام پر فائز رہ کر دارالعلوم کو تعلیمی وثقافتی اور تعمیراتی اعتبار سے امیدوں سے زیادہ ترقیات کی راہ گامزن کراکر سوسال کی عمر میں چہار شنبہ:یکم محرم الحرام 1432ھ کو راہی ملک عدم ہوگئے ۔
مولانا کے دور اہتمام میں دارالعلوم نے علمی و تعلیمی دنیا میں قابل ذکر ترقیات کیں۔ معین المدرسین کا شعبہ پر عزم و مستعد ہونے کے ساتھ تخصص فی الحدیث،تکمیل العلوم،ختم نبوت،تحفظ سنت،رد عیسائیت کے شعبوں کا قیام عمل میں آیا،شیخ الہند اکیڈمی تازہ دم اور متحرک ہوئی،حالات کے چیلنجر کو مد نظر رکھتے ہوئے انگریزی زبان و ادب کے دو سالہ شعبے کا قیام ہوا،شعبہ کمپیوٹر و انٹرنیٹ وجود میں آئے،رابطہ مدارس اسلامیہ کے نام سے ملک گیر تنظیم قائم ہوئی،فرق باطلہ کے تعاقب و سرکوبی کے لیے محاضرات کا مستقل نظام روبہ عمل آیا ۔ حکیم الاسلام حضرت مولانا قاری محمد طیب صاحب دور انتظام میں دارالعلوم میں سال میں سہ ماہی،شش ماہی اور سالہ ناموں سے تین امتحانات ہوا کرتے تھے،جن میں فائدے معتد بہ نہیں ہوتے تھے؛اس لیے حضرت مولانا مرغوب الرحمن بجنوری نے علماء کے مشوروں سے سہ ماہی امتحان کو ختم کرنے کے ساتھ شش ماہی امتحان کو سالانہ امتحان کی طرح مستقل تحریری کردیا،جس کے بے شمار فائدے محسوس کیے گئے ۔ مولانا مرغوب الرحمن بجنوری کے دور اہتمام میں طلبہ کی تعداد میں خاصا اضافہ ہوا،حضرت حکیم الاسلام مولانا قاری محمد طیب صاحب - رحمۃ اللہ علیہ - کے دور انتظام میں طلبہ کی تعداد اٹھارہ سو تھی،جو حضرت مولانا مرغوب الرحمن بجنوری کے دور اہتمام میں رفتہ رفتہ چار ہزار ہوگئی ۔ طلبہ کے وظائف میں معقول اضافے کے ساتھ بہت شعبوں کے وظائف لائق تذکرہ کردئیے گئے اور طلبہ کے کھانے میں مہینے پہلے دوبار پھر تین بار بریانی کا انتظام کیا گیا ۔ طلبہ کی تحریری و تقریری صلاحیت میں نکھار پیدا کرنے کے لیے قائم بےشمار انجمنوں کی معنوی مدد کے ساتھ ان کی خوب حوصلہ افزائی بھی کی گئی ۔
جس طرح مولانا مرغوب الرحمن بجنوری کے دور انتظام و انصرام میں دارالعلوم نے تعلیم و تدریس کے شعبے میں نمایاں کردار ادا کیے،جن کا ذکر اوپر کے سطروں میں کیا گیا،اسی طرح شعبہ تعمیرات میں بھی لائق ذکر ترقیات کیں۔ نہایت پختہ اور خوب صورت ترین' جامع رشید' جو تزئین کاری میں منفرد مقام رکھتی ہے،حضرت علیہ الرحمہ کی عرق ریز محنت کا نتیجہ ہے ۔ شیخ الاسلام منزل،اعظمی منزل،دار جدید کی خاصی بڑی طلبہ کی رہائش گاہ کی تعمیر،جس کا ایک بڑا حصہ،اس وقت مکمل ہوچکا تھا،اسی طرح رواق خالد کے دائیں اور بائیں دو مزید ہاسٹلوں کی تعمیر، مدرسہ ثانویہ کی عمارت،حکیم الامت منزل،اساتذہ کے لیے متعدد فیملی کواٹر،دار جدید کی پچھمی سمت میں شیخ الہند نام سے وسیع ترین اور متعددہ منزلہ عمارت کی تعمیر،جو اس وقت قریب التکمیل تھی،سابق استاذ ادب عربی حضرت مولانا وحیدالزماں کیرانوی - رحمۃ اللہ علیہ - کے ذریعہ دارالاہتمام کا دوسرا ہال اور دائیں بائیں جانب دارالاہتمام میں جانے کے زینے،کتب خانہ کے نیچے سے احاطہ دفاتر سے احاطہ کتب خانہ سے ہوکر دار جدید کی طرف جانے کا کشادہ راستہ،یہ سب حضرت علیہ الرحمہ ہی کی مرہون منت ہیں۔ حضرت مولانا مرغوب الرحمن بجنوری نے تعلیمی وثقافتی اور تعمیراتی ترقیات پر خصوصی توجہ دینے کے ساتھ ذرائع آمدنی کے نظام کو مؤثر بنانے کی جانب بھی خاص نگاہ کرم کیا اور دارالعلوم کے بجٹ کو،جو حکیم الاسلام حضرت مولانا قاری محمد طیب صاحب -علیہ الرحمہ- کے دور اہتمام میں صرف ساٹھ لاکھ تھا،14/کروڑ تک پہنچادیا۔
حضرت مولانا مرغوب الرحمن بجنوری - رحمۃ اللہ علیہ - کی خوبیوں میں سے ایک خوبی آپ کی جفا کشی،جہد مسلسل اور کسی بھی کام کو مطلوبہ معیار کے مطابق سر انجام دینا تھا۔ خدائے پاک کی طرف سے ودیعت اسی خوبی نے آپ سے دارالعلوم کے حوالے سے وہ کار ہائے نمایاں انجام دلوائے،جو علم میں وقت کے کسی یکتائے روزگار - جس میں یہ خوبی نہ ہو- سے بھی ممکن نہیں ہے۔
حضرت مولانا کی دوسری خوبی آپ کی خاموش مزاجی تھی،مولانا کے بارے میں اساتذہ دارالعلوم میں یہ بات مشہور تھی کہ چاہے جتنا بھی بڑا کام کرلیجیۓ؛ مگر حضرت مہتمم صاحب زبان سے جلدی تعریفی کلمات نہیں کہتے ہیں۔
حضرت مولانا کی تیسری خوبی آپ کی غیر معمولی سادگی تھی۔ قدرت نے مولانا کو وافر مقدار میں دولت عطا کیاتھا؛ مگر پھر بھی حضرت کو سادگی پسند تھی اور معمولی لباس زیب تن کرنے پر اکتفا کرتے تھے۔
حضرت مولانا کی چوتھی خوبی آپ کا تحمل اور اعلی درجے کی قوت برداشت تھی۔ حضرت مولانا کی پانچویں خوبی آپ کی فیاضی تھی۔ مولانا مہمانوں کی میزبانی میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے تھے،یہی وجہ تھی کہ آپ یہاں آنے والا ہر شخص آپ سے خوش ہوکر لوٹتاتھا۔
حضرت مولانا مرغوب الرحمن بجنوری نے ایک علمی و دینی گھرانے میں چشم کشائی کی۔ آپ کے والد بزرگوار کا اسم گرامی مولانا حکیم مشیت اللہ تھا،جو دارالعلوم دیوبند کے فاضل ہونے کے ساتھ دارالعلوم دیوبند کی مجلسِ شوریٰ کے رکن،حضرت شیخ الہند - رحمۃ اللہ علیہ - کے تلمیذ رشید اور حضرت علامہ انور شاہ کشمیری - رحمۃ اللہ علیہ - کے رفیق درس تھے۔ وہ 1372ھ میں سورگ باش ہوگئے ۔ جب آپ عمر کے شعوری مرحلے میں داخل ہوئے،تو آپ کے والد محترم مولانا حکیم مشیت اللہ نے حصول علم کے لیے مدرسہ رحیمیہ مدینة العلوم جامع مسجد بجنور میں داخل کردیا،جب شرح جامی،شرح وقایہ وغیرہ تک نصاب کی کتابیں یہاں مکمل ہوگئیں،تو والد محترم نے 1348ھ مطابق 1929ء میں آگے کی تعلیم کے لیے دارالعلوم میں داخلہ کرا دیا اور تین سال میں نصاب کی تکمیل کرکے 1351ھ مطابق 1932ء میں حضرت شیخ الاسلام مولانا حسین احمد مدنی - رحمۃ اللہ علیہ - سے الصحیح البخاری،جامع ترمذی اور دیگر اساتذہ سے بقیہ کتب حدیث پڑھ کر فارغ التحصیل ہوگئے۔ اور پھر ایک سال کے وقفے کے بعد دارالعلوم میں شعبہ افتاء میں داخلہ لیا اور مفتی اعظم پاکستان حضرت مولانا مفتی محمد شفیع دیوبندی- رحمۃ اللہ علیہ - اور حضرت مولانا مفتی محمد سہول صاحب بھاگلپوری - نور اللہ مرقدہ - وغیرہ سے فتویٰ نویسی کی مشق کی اور اس سے متعلق کتابیں پڑھ کر 1353ھ مطابق 1934ء میں گھر آگئے ۔
آپ کے اساتذہ میں حضرت شیخ الاسلام مولانا حسین احمد مدنی،حضرت شیخ الادب مولانا اعزاز علی امروہوی،حضرت مولانا اصغر حسین دیوبندی،حضرت مولانا نبیہ حسن دیوبندی،مولانا رسول خاں ہزاروی،،حضرت مولانا مفتی محمد سہول صاحب بھاگلپوری،حضرت مولانا مفتی محمد شفیع دیوبندی- رحمہم اللہ تعالیٰ - کے نام شامل ہیں۔
دینی علوم سے آراستگی اور علم سے رسمی فراغت کے بعد اشاعت علم کے لیے درس و تدریس کا انتخاب کیا؛ چناں چہ والد محترم کے حکم کے بہ موجب اپنے ابتدائی مدرسہ ' مدرسہ رحیمیہ مدینة العلوم ' میں تدریسی سلسلہ کا آغاز کیا؛مگر افسوس کہ یہ قابل قدر سلسلہ زیادہ مدت تک جاری نہ رہ سکا اور آپ جائیداد کے انتظام و انصرام اور قومی و دینی خدمات میں اس قدر مصروف ہوگئے کہ تدریس کے لیے وقت نکالنا نہایت مشکل ہوگیا؛اس لیے تدریس کا مشغلہ چھوڑنا پڑ گیا۔
حضرت مولانا مرغوب الرحمن بجنوری پہلے دارالعلوم دیوبند کے رکن منتخب ہوئے،پھر معاون مہتمم نامزد ہوئے اور پھر مستقل مہتمم بنائے گئے ۔ تفصیل یوں ہے کہ 1382ھ مطابق 1962ء میں آپ مجلس شوریٰ دارالعلوم دیوبند کے رکن منتخب ہوئے اور پھر 1401ھ میں حکیم الاسلام حضرت مولانا قاری محمد طیب صاحب - رحمۃ اللہ علیہ - کی درخواست کے مطابق داخلی نظم کی مسئولیت کے لیے حضرت مولانا مرغوب الرحمن بجنوری کو معاون مہتمم مقرر کیا،جس کی اطلاع حضرت حکیم الاسلام - قدس سرہ - نے انھیں اپنے مکتوب میں بایں الفاظ دی۔ حضرت المحترم المکرم مولانا مرغوب الرحمن صاحب - زید مجدکم - سلام مسنون! نیاز مقرون، مجلسِ شوریٰ منعقدہ 25/رجب المرجب 1401ھ مطابق 30/مئی 1981ء نے جناب کو مددگار مہتمم کے عہدہ پر فائز کیا ہے۔ جو ہم سبھوں کے لیے موجب مسرت ہے،امید ہے کہ جناب محترم منظوری کی اطلاع دے کر،جو وقت مناسب سمجھیں دفتر اہتمام میں تشریف لاکر ذمے داری کو سنبھالیں اور پھر کام شروع فرما دیں۔
پھر جب حکیم الاسلام حضرت مولانا قاری محمد طیب صاحب - رحمۃ اللہ علیہ - شوال 1402ھ مطابق اگست 1982ء میں منصبِ اہتمام سے مستعفی ہوئے،تو مجلسِ شوریٰ منعقدہ 24-26 شوال 1402ھ مطابق 15-17/ اگست 1982ء بہ مقام مسلم مسافر خانہ نزد چار باغ ریلوے اسٹیشن لکھنؤ نے حضرت مولانا مرغوب الرحمن بجنوری کو باقاعدہ مہتمم مقرر کیا۔ تجویز کا متن یہ تھا:" تجویز نمبر 3 تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کے تحت: شوری مولانا محمد طیب صاحب کا استعفا قبول کرتی ہے اور ان کی جگہ مولانا مرغوب الرحمن صاحب کو مستقل مہتمم مقرر کرتی ہے۔"
حضرت مولانا مرغوب الرحمن بجنوری دارالعلوم دیوبند کے منصب اہتمام پر ایک ایسے وقت میں فائز ہوئے،جس میں دارالعلوم نہایت خلفشار کا شکار تھا؛ مگر حضرت مولانا نے اپنی دور بینی،خاموش مزاجی،حکمت عملی،فراست ایمانی،پیہم جدو جہد اور طویل تجربات سے دارالعلوم دیوبند کو ترقی کے آسمان پر پہنچا دیا،جس کا اعتراف ہر وہ شخص کرتا ہے،جسے دارالعلوم سے آشنائی ہے۔
یقیناً مولانا جیسی عبقری شخصیت اور تعمیری مزاج کی حامل ہستی کسی ادارے،تنظیم اور ملک کے لیے خدائی انعام ہوتی ہے۔ اللہ تعالیٰ حضرت مولانا مرغوب الرحمن بجنوری - رحمۃ اللہ علیہ - کو خوب جزائے خیر عطا فرمائے،جملہ خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے اور ان کے محبوب فرزند حضرت مولانا انوار الرحمان قاسمی بجنوری رکن شوریٰ دارالعلوم دیوبند کو دنیا و آخرت کی بیش بہا ترقیات عطا فرمائے آمین ۔
تبصرے (0)
شائع کردہ
اسی زمرے میں مزید

جلال الدین رومیؒ حیات، فکر اور علمی و ادبی خدمات

علامہ اقبال اور اردو زبان کی ترویج




