نکاح میں تاخیر: امتِ مسلمہ کی نسل نو ارتداد کے دہانے پر
یہ محض ایک تحریر نہیں، یہ ایک شکستہ دل کی صدا ہے، یہ قلم کی سیاہی سے نہیں بلکہ جگر کے خون سے لکھی ہوئی ایک فریاد ہے، جو آج اپنی نسل کو گناہوں کی تاریکیوں میں ڈوبتا دیکھ کر تڑپ اٹھی ہے۔
اسلام نے نکاح کو عبادت قرار دیا تاکہ انسان حیوانیت سے محفوظ رہے۔ مگر افسوس! ہم نے اسی عبادت کو رسم بنا دیا اور اسی آسانی کو پہاڑ بنا دیا۔ ہم نے اپنے ہی ہاتھوں سے اپنی نسل کے نازک گلے میں رسم و رواج کی زنجیریں ڈال دی ہیں، اور اب جب وہ تڑپ رہی ہے تو شکوہ کرتے ہیں کہ نسل بگڑ رہی ہے۔
آج ہماری نسل کا لرزہ خیز نوحہ:
آج ہماری وہ نسل، جس کے ہاتھوں میں کل ملت کی باگ ڈور ہونی چاہیے تھی، وہ بے راہ روی کا شکار ہوتی جا رہی ہے۔ لڑکوں اور لڑکیوں کے نکاح میں بلاجواز تاخیر ان کی فطری خواہشات کو ناجائز راستوں کی طرف دھکیل رہی ہے۔ آئے دن روح فرسا خبریں گردش کرتی ہیں کہ فلاں مسلم لڑکا یا لڑکی گھر سے فرار ہو کر کورٹ میرج کر بیٹھے، اور فلاں باحیا بچی غیر کے فریب میں آکر مرتد ہو گئی اور غیروں کی آغوش میں چلی گئی۔
آج ہماری نوجوان نسل، جس کی جبیں سجدوں کے نور سے منور ہونی چاہیے تھی، وہ بے حیائی کی تاریک گلیوں میں منہ چھپاتی پھر رہی ہے۔
جس کے ہاتھوں میں ملت کی باگ ڈور اور پرچمِ اسلام ہونا چاہیے تھا، آج اس کے ہاتھ میں فحاشی سے بھرا ہوا موبائل ہے۔ وہ فحاشی کے صحراؤں میں پیاسی ہرنی کی طرح بھٹک رہی ہے۔
جس کی زبان پر قرآن و حدیث کے پاکیزہ نغمے ہونے چاہیے تھے، وہ آج جھوٹی محبتوں کے افسانے دہرا کر اپنی عزتوں کو سرِ بازار نیلام کر رہی ہے۔
خدا کی قسم! یہ الفاظ لکھتے ہوئے ہاتھ کانپتے ہیں اور دل خون کے آنسو روتا ہے، جب یہ خبر آتی ہے کہ فلاں نازوں سے پلی ہوئی باحیا بیٹی، جس کے باپ نے اس کے جہیز کے برتن تو جوڑ لیے تھے مگر وقت پر اس کا نکاح نہ کیا تھا، آج وہ چادر اتار کر کسی غیر مسلم کی آغوش میں چلی گئی۔
وہ بیٹا جس کی ماں نے راتوں کو جاگ جاگ کر اسے پروان چڑھایا تھا، آج وہی بیٹا کسی لڑکی کا ہاتھ پکڑ کر عدالت کی سیاہ سیڑھیاں چڑھ رہا ہے اور اپنے والدین کی عزت کو قدموں تلے روند رہا ہے۔
اور تو اور، اب تو حیا کا جنازہ اس بے دردی سے نکل رہا ہے کہ لڑکی خود اٹھ کر لڑکے کے گھر جا بیٹھتی ہے اور کہتی ہے کہ اب نکاح کر لو۔ لوگو! یہ خبر نہیں، یہ ہمارے مردہ ضمیروں پر ایک زوردار طمانچہ ہے۔
کیا یہ محض خبریں ہیں؟ نہیں، خدا کی قسم نہیں! یہ آج ہماری نسل کی آہیں ہیں، یہ ان معصوم کلیوں کی سسکیاں ہیں جنہیں ہم نے وقت پر نکاح کی چادر نہ دے کر گناہوں کی آندھی میں بے لباس چھوڑ دیا۔ یہ ہماری غفلت، ہماری بے حسی اور ہماری خود ساختہ شرطوں کے وہ زہریلے ثمرات ہیں جو ارتداد کی صورت میں ہماری نسلوں کو نگل رہے ہیں۔ زیرِ نظر سطور میں اسی سوزناک حقیقت سے نقاب کشائی کی کوشش کی گئی ہے۔
اللہ رب العزت قرآنِ حکیم میں ارشاد فرماتا ہے:
وَ اَنْكِحُوا الْاَیَامٰى مِنْكُمْ وَ الصّٰلِحِیْنَ مِنْ عِبَادِكُمْ وَ اِمَآىٕكُمْؕ اِنْ یَّكُوْنُوْا فُقَرَآءَ یُغْنِهِمُ اللّٰهُ مِنْ فَضْلِهٖ
ترجمہ: اور تم میں سے جو بے نکاح ہوں ان کے نکاح کر دو۔ اگر وہ فقیر ہوں گے تو اللہ انہیں اپنے فضل سے غنی کر دے گا۔ (سورۃ النور، آیت: 32)
اللہ فرما رہا ہے: نکاح کر دو، میں غنی کر دوں گا۔ اور ہم کہہ رہے ہیں: نہیں، ابھی نوکری نہیں، ابھی مکان نہیں، ابھی بینک بیلنس نہیں، ابھی بڑی بہن بیٹھی ہے۔
اللہ کے وعدے پر ہمیں یقین نہیں، دنیا کے فریب پر بھروسہ ہے، پھر ہماری بیٹیوں کے ارتداد پر ہم روئیں کیوں نہ؟
ہمارے آقا ﷺ ارشاد فرماتے ہیں:
اَلنِّکَاحُ مِنْ سُنَّتِیْ فَمَنْ لَّمْ یَعْمَلْ بِسُنَّتِیْ فَلَیْسَ مِنِّیْ
ترجمہ: نکاح میری سنت ہے، جس نے میری سنت سے منہ موڑا وہ مجھ سے نہیں۔ (ابن ماجہ، حدیث: 1846)
ذرا سوچئے! جس کے بارے میں رحمتِ عالم ﷺ فرمائیں کہ وہ مجھ سے نہیں، اس کا حشر کیا ہوگا؟
نکاح کا شرعی حکم اور اس کی برکتیں:
شریعتِ مطہرہ نے ہر شخص کے احوال کے اعتبار سے نکاح کا جداگانہ حکم بیان فرمایا ہے۔ چنانچہ حالتِ اعتدال میں سنتِ مؤکدہ، ارتکابِ زنا کے اندیشے کی صورت میں واجب، یقینِ غالب ہونے پر فرض، اور حقوقِ زوجیت پورے نہ کر سکنے کی صورت میں مکروہ و حرام قرار دیا گیا ہے۔ _(ماخوذ: بہارِ شریعت، حصہ ہفتم)_
شریعت کا واضح فرمان ہے کہ اگر گناہ میں مبتلا ہونے کا اندیشہ ہو تو نکاح واجب ہے اور اگر یقین ہو تو فرض ہو جاتا ہے۔ اب غور طلب امر یہ ہے کہ کیا آج کے اس طوفانی اور پُر فتن دور میں کوئی شخص گناہ سے محفوظ رہنے کا دعویٰ کر سکتا ہے؟ جب کہ موبائل کی ایک کلک پر لذت پرستی اور جہنم خیز فحاشی کا بازار کھلا ہوا ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ نکاح محض ایک رسم نہیں، بلکہ ایک عظیم عبادت، نسلِ انسانی کی بقا کا ذریعہ اور بدکاری سے بچنے کی مضبوط ڈھال ہے۔ یہ دو خاندانوں کو اخوت و محبت کے رشتے میں جوڑنے والا ایک مقدس اور پاکیزہ بندھن ہے۔
وہ زنجیریں جنہوں نے آج ہماری نسل کو قید کر رکھا ہے:
یہ زنجیریں کسی غیر نے نہیں پہنائیں، ہم نے خود اپنے ہاتھوں سے پہنائی ہیں:
1- بڑے کی شادی تک چھوٹے پر پہرہ، چاہے چھوٹا گناہوں میں جل کر راکھ ہو جائے۔
2- برادری کی جاہلانہ قید، کہ باہر رشتہ نہیں کریں گے، چاہے بچی بوڑھی ہو جائے۔
3- تعلیم و ملازمت کی اندھی دوڑ، کہ ڈگریاں تو آ گئیں مگر حیا چلی گئی اور ایمان لٹ گیا۔
4- جہیز کا ناسور، کہ ہم بیٹی بیاہ نہیں رہے بلکہ اس کا سودا کر رہے ہیں۔
شادی میں تاخیر کا خونی انجام:
اے غافل باپ! تیری یہ تاخیر تیرے جگر کے ٹکڑے کو کہاں لے گئی، تجھے خبر بھی ہے؟
سوشل میڈیا کی آگ، فحش فلموں کا زہر اور کالج و یونیورسٹیوں کی مخلوط محفلیں، دوست و احباب کے ساتھ بازار و میرج ہالوں میں شرکت، یہ سب تیری بیٹی کے ایمان کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہیں۔
تاخیر سے بہترین رشتے ہاتھ سے نکل جاتے ہیں۔ جو چاند سا حیا دار رشتہ بیس سال کی عمر میں آتا ہے، وہ تیس سال کی عمر میں نہیں آتا۔ پھر بچی کی عمر ڈھلتی ہے، چہرے کی رونق ماند پڑ جاتی ہے، آنکھوں کے نیچے حلقے پڑ جاتے ہیں، اور پھر مجبوراً ایسے ہاتھوں میں دے دی جاتی ہے جہاں وہ خوش نہیں رہتی، بلکہ ساری زندگی سمجھوتہ کر کے گھٹ گھٹ کر زندگی گزارتی ہے۔
اور لڑکے؟ وہ جوانی کی بہاریں گناہوں کی نذر کر کے شوگر، بلڈ پریشر، ڈپریشن اور بے چینی کا مریض بن جاتا ہے۔ یہ بیماریاں اب بڑھاپے کی نہیں، بلکہ ہماری تاخیر زدہ اور گناہوں میں ڈوبی ہوئی جوانی کی ہیں۔
آخری بات:
اے والدین! اے ماؤں! اے بھائیو! خدارا جاگ جاؤ! قیامت سے پہلے جاگ جاؤ!
آج ہماری نسل تمہاری دہلیز پر کھڑی، اشکبار آنکھوں سے تمہیں دیکھ رہی ہے اور کہہ رہی ہے: ابا جان! مجھے بچا لو، مجھے اس فتنے سے بچا لو، میرا نکاح کر دو۔ امی جان! میری چادر کا بھرم رکھ لو۔
نکاح کو دکھاوے کی قربان گاہ پر ذبح نہ کرو، اسے سادگی اور تقویٰ کے نور سے منور کر دو۔
یاد رکھو! اگر آج تمہاری بیٹی کسی غیر مسلم کے ساتھ بھاگ کر مرتد ہو گئی تو اس کے کفر کا وبال تمہاری گردن پر بھی ہوگا۔ کل محشر میں جب اللہ تعالیٰ پوچھے گا کہ میں نے تجھے بیٹی کی عفت کی امانت دی تھی، تو نے اس کی حفاظت کیوں نہ کی، تو تم کیا جواب دوگے؟
اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے، اس سے پہلے کہ کوئی اور معصوم کلی ارتداد کی بھینٹ چڑھ جائے، آج اپنی نسل کو بچا لو اور ان کے نکاح کو آسان بنا دو۔
اہم گزارش:
تمام قارئینِ کرام سے دردمندانہ گزارش ہے کہ اس تحریر کا خود بھی غور و فکر کے ساتھ مطالعہ فرمائیں، اور اگر ضروری سمجھیں تو حصولِ ثواب کی نیت سے دوسروں تک ضرور پہنچائیں۔ ہر باپ، ہر ماں، ہر بھائی اور ہر نوجوان تک اس پیغام کو پہنچانا ہم سب کی مشترکہ دینی ذمہ داری ہے۔
اور بالخصوص علمائے کرام، ائمہ مساجد اور خطباء عظام سے مؤدبانہ التماس ہے کہ اس نہایت اہم موضوع کو اپنے خطباتِ جمعہ، دروس اور تقاریر میں ضرور بیان فرمائیں، تاکہ خوابِ غفلت میں سوئی ہوئی امت بیدار ہو سکے۔
ہو سکتا ہے کہ ہماری اس تحریر میں کوئی کمی رہ گئی ہو، تاہم اس کا فیصلہ ہم آپ ہی پر چھوڑتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ ہمیں اس درد کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
آمین بجاہِ سید المرسلین خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
تحریر:محمد نفیس القادری امجدی
مدیرِ اعلیٰ: سہ ماہی عرفانِ رضا، مرادآباد۔
پرنسپل: جامعہ قادریہ مدینۃ العلوم، گلڑیا معافی، مرادآباد
خطیب و امام: اعلیٰ حضرت جامع مسجد، منڈیا گنوں، سہالی، مرادآباد، یوپی، انڈیا۔







