مولانا سعیدالرحمٰن اعظمی ندوی کا انتقال عالم اسلام اور دینی علمی دنیا کے لئے بڑا خسارہ اور ناقابل تلافی نقصان: مولانا ڈاکٹر ابوالکلام قاسمی شمسی
مولانا سعیدالرحمٰن اعظمی ندوی کا انتقال عالم اسلام اور دینی علمی دنیا کے
لئے بڑا خسارہ اور ناقابل تلافی نقصان: مولانا ڈاکٹر ابوالکلام قاسمی شمسی
پٹنہ(پریس ریلیز):ایشیاء کی عظیم دینی درسگاہ دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ
کے مہتمم، عالم اسلام اور ملک کے مشہور ومعروف عالم دین اور عربی زبان وادب کے
بڑے ادیب مولانا ڈاکٹر سعیدالرحمٰن اعظمی ندوی کا انتقال دینی وعلمی دنیا کے
لئے بڑا خسارہ اور ناقابل تلافی نقصان ہے۔ ان کے انتقال سے عالم اسلام اور
ملک کے دینی وعلمی حلقے میں بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے۔مذکورہ خیالات کا اظہار
مولانا ڈاکٹر ابوالکلام قاسمی شمسی نے پریس ریلیز میں کیا ہے۔ انہوں نے مزید
کہا کہ مولانا ڈاکٹر سعیدالرحمٰن اعظمی ندوی عربی زبان وادب میں خصوصی مقام
رکھتے تھے۔ وہ دارالعلوم ندوۃ العلماء سے شائع ہونے والے عربی مجلہ ’’البعث
الاسلامی‘‘ سے طویل عرصہ تک وابستہ رہے اور چیف ایڈیٹر کی حیثیت سے ذمہ داری
نبھاتے رہے۔ اس مجلہ کے ذریعہ انہوں نے برصغیر اور عالم عرب کے درمیان علمی
وفکری رابطے کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ علمی گہرائی، فکری پختگی،
زبان کی شائستگی اور اسلامی افکار ونظریات کی ترجمانی ان کی تحریر کا نمایاں
پہلو تھا۔ ساتھ ہی وہ گوناگوں صفات کے حامل تھے۔ وہ ایک اچھے مدرس، بالغ نظر
محقق، فکری بصیرت کے حامل صحافی، اور بڑے اچھے منتظم تھے۔ انہوں نے اپنی پوری
زندگی علم وتحقیق، تدریس وتدریب، دعوت واصلاح اور ملت کی فکری وعلمی رہنمائی
میں وقف کردی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے
مہتمم اور کلیۃ اللغۃ العربیہ وآدابہا کے عمید، عالمی رابطہ ادب اسلامی کے
تاسیسی ممبر، اینٹگرل یونیورسٹی کے بانی رکن اور چانسلر ، آل انڈیا مسلم
پرسنل لا بورڈ کے رکن اور متعدد دینی اداروں کے سرپرست رہے۔ وہ علمی وادبی
خدمات کے اعتراف میں۱۹۹۴ء میں صدر جمہوریہ ایوارڈ برائے عربی زبان سے نوازے
گئے۔ اس کے علاوہ وہ متعدد اعزازات سے سرفراز کئے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ
بہت سی اردو اور عربی کتابیں ان کی علمی یادگار ہیں۔ ان میں سے اسلام اور
مغرب... اسوۂ حسنہ کے آئینہ میں ، اسلامی ثقافت اور ندوۃ العلماء، مکاتیب
مفکراسلام حضرت مولانا سید ابوالحسن علی حسنی ندوی، اڑتالیس سال شفقتوں کے
سائے میں،علم التصریف،اسلامی معاشرہ اور اس کی تعمیری بنیادیں وغیرہ قابل ذکر
ہیں۔ انہوں نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مولانا اعظمی علمی وقار، سادگی
اور اخلاص کے مجموعہ تھے۔ ملک اور بیرون ملک ان کے بےشمار شاگرد ہیں، جنہوں
نے ان سے استفادہ کیا۔ ان کے علمی و صحافتی خدمات اور اردو و عربی زبان وادب
میں ان کے علمی کارنامے ان کی یادگار ہیں ۔ مولانا ہمارے درمیان نہیں رہے،
مگر وہ اپنے علمی اور دیگر کارناموں کی وجہ سے ہمیشہ یاد کئے جاتے رہیں گے۔
یقیناً ان کاانتقال عالم اسلام اور علمی ودینی حلقوں کے لئے بڑا خسارہ اور
ناقابل تلافی نقصان ہے۔ دعاء ہے کہ اللہ تعالیٰ مولانا کی مغفرت کرے ،درجات
بلند کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عالم اسلام اور ملک وملت کو نعم البدل عطا
فرمائے۔
تبصرے (0)
شائع کردہ
اسی زمرے میں مزید

اسلامی قانونِ وراثت میں محجوب پوتے پوتیوں کا مسئلہ

IYM CONFERENCE 2026





