پروفیسر انیس صدری: یادیں اور باتیں
پروفیسر انیس صدری: یادیں اور باتیں
ایک باوقار علمی و ادبی شخصیت کی زندگی کے نقوش، خدمات اور یادوں کے احوال
محمد شمیم اختر ندوی
خان مرزا،سلطان گنج، پٹنہ
رابطہ:9905628270
دنیا کی تاریخ میں آمد و رفت کا سلسلہ ازل سے جاری ہے۔ ہر آنے والے کو ایک
دن اس دنیا سے رخصت ہونا ہے، لیکن کچھ شخصیات ایسی ہوتی ہیں جن کی وفات محض
ایک فرد کی جدائی نہیں ہوتی، بلکہ ان کے ساتھ علم و ادب، تہذیب و شائستگی،
تجربات و مشاہدات اور سماجی و تعلیمی خدمات کا ایک روشن باب بھی بند ہوجاتا
ہے۔ ایسے لوگ اپنی زندگی میں جو نقوش چھوڑ جاتے ہیں، وہ وقت گزرنے کے ساتھ
مزید گہرے ہوتے چلے جاتے ہیں۔ ان کی یادیں دلوں میں زندہ رہتی ہیں اور ان کی
خدمات آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بنتی ہیں۔ان ہی باوقار، علم دوست، خوش
مزاج اور باصلاحیت شخصیات میں متھلا یونیورسٹی کے شعبۂ اردو کے سابق صدر اور
مدرسہ اسلامیہ شاہ پور بگھونی، ضلع سمستی پور کے سابق سکریٹری پروفیسر انیس
صدری کا نام بھی شامل ہے، جن کی وفات سے علمی، ادبی اور تعلیمی حلقوں میں ایک
ایسا خلا پیدا ہوگیا ہے جس کا پُر ہونا آسان نہیں۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں
ظاہری حسن کے ساتھ باطنی حسن، علم و فضل، خوش گفتاری، معاملہ فہمی اور انتظامی
صلاحیتوں سے بھی نوازا تھا۔ وہ جتنے خوب صورت ظاہر میں تھے، اتنے ہی حسین ان
کا باطن بھی تھا۔ ان کی شخصیت میں علم کی سنجیدگی، مزاج کی شگفتگی اور طبیعت
کی نفاست یکجا ہوگئی تھی۔
مدرسہ اسلامیہ شاہ پور بگھونی سےمیرا ابتدائی تعلق
پروفیسر انیس صدری صاحب سے میرا تعلق اگرچہ قربت کا نہیں رہا، لیکن ان کی
شخصیت کے بعض نقوش اور ان سے وابستہ چند یادیں آج بھی ذہن و دل میں محفوظ ہیں۔
18؍ اگست 1989ء بروز جمعہ مدرسہ اسلامیہ شاہ پور بگھونی کے صدر مدرس مولانا
طاہر حسین قاسمی کے ہمراہ جب میں حفظِ قرآن کی تعلیم کے لیے مدرسہ اسلامیہ
شاہ پور بگھونی، ضلع سمستی پور پہنچا تو اس وقت پروفیسر انیس صدری صاحب مدرسہ
کے سکریٹری تھے۔ انہیں پہلی مرتبہ وہیں دیکھا تھا۔ اس وقت میں ایک نووارد طالب
علم تھا، اس لیے ان سے براہ راست قربت یا گفتگو کا کوئی موقع نہیں ملا۔ تاہم
اتنا ضرور محسوس ہوتا تھا کہ وہ مدرسہ کے معاملات میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں
اور اس کی ترقی و استحکام کے لیے فکر مند رہتے ہیں۔
میں پورے وثوق کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ ان کے دورِ سکریٹری شپ میں مدرسہ
اسلامیہ شاہ پور بگھونی نے ظاہری اور معنوی، دونوں اعتبار سے نمایاں ترقی کی۔
انہوں نے اپنی ذمہ داری بڑی خوش اسلوبی، سنجیدگی اور حسنِ انتظام کے ساتھ
انجام دی۔ میرے زمانۂ طالب علمی ہی میں ان کی سکریٹری شپ کی مدت مکمل ہوگئی
تھی۔ ان کے بعد حاجی ابوالحیات صاحب مرحوم مدرسہ کے سکریٹری منتخب ہوئے۔ تاہم
عہدے سے سبک دوش ہونے کے باوجود پروفیسر انیس صدری صاحب کا مدرسہ سے تعلق کبھی
منقطع نہیں ہوا۔ وہ وقتاً فوقتاً مدرسہ تشریف لاتے اور اس کی سرگرمیوں سے
باخبر رہتے تھے۔
اس وابستگی کی ایک خاص وجہ یہ بھی تھی کہ مدرسہ اسلامیہ ان کا مادرِ علمی تھا۔
جس ادارے کی آغوش میں انسان کی علمی و فکری تربیت ہوتی ہے، اس سے اس کا قلبی
رشتہ عمر بھر قائم رہتا ہے۔ مدرسہ اسلامیہ شاہ پور بگھونی سے ان کی محبت بھی
اسی نوعیت کی تھی۔ وہاں کے در و دیوار سے انہیں غیر معمولی انسیت تھی۔
میں 1994ء تک مدرسہ اسلامیہ شاہ پور بگھونی میں زیر تعلیم رہا اور وہیں حفظِ
قرآن مکمل کیا۔ ان کے صاحب زادے حماد صدری میرے ہم جماعتوں میں شامل تھے۔ عمر
میں مجھ سے کافی چھوٹے تھے، لیکن اب ماشاء اللہ صاحبِ اولاد ہیں۔
طالب علمی کا ایک دلچسپ واقعہ
مدرسہ میں قیام کے ابتدائی دنوں کا ایک واقعہ آج بھی یاد آتا ہے۔ مدرسہ
میں’’ بارہ وفات‘‘ (اب عید میلادالنبی) کے موقع پر دو تین دن کی تعطیل ہوئی
تھی۔ چند طلبہ ہاسٹل ہی میں رہ گئے تھے۔ چھٹی کے ان ہی دنوں میں بعض طلبہ نے
تالاب میں نہانے کا پروگرام بنایا۔ اس وقت میرے محسن ومربی حضرت مولانا مولانا
وصی احمد شمسی صاحب ہاسٹل میں طلبہ کی دیکھ ریکھ کے لیے موجود تھے۔ ان ہی کی
اجازت سے پندرہ بیس طلبہ شبیر مکھیا کے تالاب میں غسل کرنے چلے گئے۔
ہم لوگ نہانے کے بعد واپس مدرسہ پہنچے تو اس واقعے کی اطلاع پروفیسر انیس صدری
صاحب کو ہوگئی۔ اگلے دن وہ مدرسہ تشریف لائے تو خاصے برہم تھے۔ انہوں نے طلبہ
کو مخاطب کرتے ہوئے کہا:
’’اگر تم میں سے کوئی طالب علم تالاب میں ڈوب جاتا تو اس کا ذمہ دار کون
ہوتا؟‘‘
ان کا یہ سوال محض ناراضی کا اظہار نہیں تھا، بلکہ طلبہ کی سلامتی اور ان کے
مستقبل کے تعلق سے ان کی فکر مندی کا آئینہ دار تھا۔ اس موقع پر انہوں نے
تنبیہ اور نظم و ضبط قائم رکھنے کی غرض سے اپنی پوری مدتِ سکریٹری شپ میں پہلی
اور آخری مرتبہ ہماری پٹائی بھی کی۔ آج اس واقعے کو یاد کرتا ہوں تو محسوس
ہوتا ہے کہ اس سختی کے پس منظر میں بھی طلبہ کے لیے خیر خواہی اور سرپرستانہ
شفقت کا جذبہ کارفرما تھا۔
مظفرپور ریلوے اسٹیشن پر ایک یادگار ملاقات
مدرسہ سے فراغت کے بعد ایک مرتبہ 1998ء میں مظفرپور ریلوے اسٹیشن پر ان سے
اچانک ملاقات ہوگئی۔ مجھے سوتنترتا سینانی ایکسپریس کے ذریعے دہلی جانا تھا۔
میں اپنے پلیٹ فارم کی طرف جانے کے لیے زینے سے اتر رہا تھا کہ دیکھا، پروفیسر
انیس صدری صاحب اوپر آنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ قریب پہنچا تو سلام عرض کیا۔
انہوں نے سلام کا جواب دیا اور وہیں رک گئے۔
پھر مجھ سے پوچھا:
’’آپ مجھے پہچانتے ہیں؟‘‘
میں نے عرض کیا: ’’جی ہاں، میں دوگھرا گاؤں کا رہنے والا ہوں اور مدرسہ
اسلامیہ شاہ پور بگھونی میں زیرتعلیم رہا ہوں۔ اس وقت آپ مدرسہ کے سکریٹری
تھے۔‘‘
یہ سن کر ان کے چہرے پر خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ وہ کافی دیر تک وہیں کھڑے مجھ سے
گفتگو کرتے رہے۔ میری تعلیم کے بارے میں دریافت کیا، آئندہ تعلیمی منصوبوں کے
متعلق پوچھا اور محنت و لگن کے ساتھ تعلیم جاری رکھنے کی تلقین فرمائی۔
یہ ایک مختصر ملاقات تھی، لیکن ان کے خلوص، اپنائیت اور خوش اخلاقی نے اس
ملاقات کو میرے لیے یادگار بنادیا۔ ایک بڑے منصب پر فائز رہنے والا شخص جب
اپنے ایک سابق طالب علم کو برسوں بعد اس قدر محبت اور توجہ دیتا ہے تو یہ اس
کے وسیع القلب اور شفیق مزاج ہونے کی دلیل ہوتی ہے۔
ایک طویل انتظار کے بعد آخری ملاقات
اس کے بعد بھی پروفیسر انیس صدری صاحب اور مدرسہ اسلامیہ شاہ پور بگھونی کی
سرگرمیوں کے بارے میں وقتاً فوقتاً معلومات ملتی رہتی تھیں۔ وہ نہایت نفیس،
مرنجاں مرنج اور خوش مزاج انسان تھے۔ زبان و بیان پر غیر معمولی قدرت رکھتے
تھے۔ ان کی گفتگو میں شائستگی، متانت اور دل نشینی پائی جاتی تھی۔
24 نومبر 2022ء، بروز جمعرات، مدرسہ اسلامیہ شاہ پور بگھونی میں جلسۂ
دستاربندی و تعلیمی بیداری کانفرنس کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر مدرسہ
کے ذمہ داران نے ابنائے قدیم کو بھی یاد کیا اور انہیں اس تقریب میں شرکت کی
دعوت دی۔ مدرسہ کی جانب سے راقم الحروف کو بھی یاد کیا گیا۔ اس سلسلے میں میرے
عزیز دوست مولانا صہیب صدری تیمی کا اہم کردار تھا۔
اس موقع پر ابنائے قدیم کا ایک تاثراتی اجلاس بھی منعقد کیا گیا تھا، جس کی
صدارت پروفیسر انیس صدری صاحب کو کرنی تھی، لیکن بیماری کے باعث وہ اس اجلاس
میں شریک نہ ہوسکے۔ مجھے ان سے ملاقات کا بہت اشتیاق تھا۔ چنانچہ دوسرے دن
ناشتہ سے فارغ ہوکر انجینئر حافظ منہاج (ایس ڈی او، محکمۂ بجلی، پٹنہ)، ڈاکٹر
شاہد وصی پٹنہ، سرفراز فاضل پوری اور مولانا صہیب صدری کی رفاقت میں ان کی
خدمت میں حاضری ہوئی۔
یہ ملاقات میرے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتی تھی، کیونکہ تقریباً تین دہائیوں
کے بعد ان کے سامنے بیٹھ کر گفتگو کرنے کا موقع ملا تھا۔ بیماری اور ضعف کے
باعث وہ کافی کمزور نظر آرہے تھے، لیکن ان کے چہرے پر وہی شگفتگی، محبت اور
اپنائیت موجود تھی۔
میں نے اپنا تعارف کرایا تو انہوں نے بڑے اعتماد سے فرمایا:
’’میں تو آپ کو جانتا ہوں اور آپ کی سرگرمیوں سے واقف ہوں۔‘‘
ان کے اس جملے سے مجھے بے حد خوشی ہوئی۔ میں نے ان سے عرض کیا کہ مدرسہ
اسلامیہ شاہ پور بگھونی میں بحیثیت سکریٹری آپ نے جو خدمات انجام دی ہیں، وہ
آبِ زر سے لکھے جانے کے قابل ہیں۔ آپ کا دور مدرسہ کی تاریخ میں ایک زریں
دور کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ بات میں صرف آج آپ کے سامنے نہیں کہہ رہا ہوں،
بلکہ آپ کی غیر موجودگی میں بھی اس کا اعتراف کرتا رہا ہوں۔
میں نے انہیں بتایا کہ جب مدرسہ انتشار کا شکار تھا، لوگ مختلف خانوں میں
تقسیم ہوچکے تھے اور ادارے کے مستقبل کے حوالے سے تشویش پائی جاتی تھی، اس وقت
بھی میں نے مولانا طاہر حسین قاسمی مرحوم اور مولانا وصی احمد شمسی صاحب سے
عرض کیا تھا کہ ایسے نازک وقت میں پروفیسر انیس صدری صاحب کی ضرورت ہے۔ وہ نہ
صرف صاحبِ علم ہیں، بلکہ دور اندیش، تجربہ کار اور ادارے کو کامیابی کے ساتھ
چلانے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔
میں یہ باتیں کہہ رہا تھا اور پروفیسر انیس صدری صاحب کی آنکھوں سے آنسو
رواں تھے۔ ان کے آنسو اس بات کی گواہی دے رہے تھے کہ خلوص کے ساتھ کیا گیا
اعترافِ خدمت انسان کے دل پر کتنا گہرا اثر ڈالتا ہے۔ اس لمحے مجھے محسوس ہوا
کہ کسی کی زندگی میں اس کی خدمات کا اعتراف کرنا بھی ایک بڑی نیکی ہے۔ بعض
اوقات انسان کو اپنے کیے ہوئے کاموں کا صلہ دولت یا منصب کی صورت میں نہیں،
بلکہ کسی کے خلوص بھرے چند جملوں اور محبت آمیز اعتراف کی شکل میں ملتا ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ اہلِ شاہ پور بگھونی کو پروفیسر انیس صدری صاحب کے علمی،
انتظامی اور تجرباتی سرمائے سے مزید استفادہ کرنا چاہیے تھا، مگر افسوس کہ
ایسا نہیں ہوسکا۔ ایسے لوگ کسی ادارے کے لیے محض سابق عہدے دار نہیں ہوتے،
بلکہ ان کا تجربہ اور مشورہ ادارے کی ترقی کے لیے قیمتی سرمایہ ہوتا ہے۔
پروفیسر انیس صدری کے مختصر حالات
پروفیسر انیس صدری کی پیدائش 1953ء میں ضلع سمستی پور کے شاہ پور بگھونی کے
محلہ فاضل پور میں ہوئی۔ ان کا تعلق ایک ایسے علمی ماحول سے تھا جہاں تعلیم و
تربیت کو اہمیت حاصل تھی۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم مدرسہ اسلامیہ شاہ پور
بگھونی میں حاصل کی۔ بعد ازاں حافظ غیاث احمد کے پاس تکمیلِ حفظِ قرآن کی
سعادت حاصل کی۔ اس کے بعد مولانا محمود عالم صاحب سے فارسی کی تعلیم حاصل کی۔
اپنی علمی پیاس بجھانے کے لیے انہوں نے مدرسہ احمدیہ سلفیہ دربھنگہ میں
تقریباً دو سال تک تعلیم حاصل کی۔ اس کے بعد مدرسہ اسلامیہ شمس الہدیٰ پٹنہ
میں داخلہ لیا، جہاں فوقانیہ سے لے کر فاضل تک کی تعلیم مکمل کی۔ اس کے بعد
انہوں نے میٹرک کا امتحان پاس کیا اور اعلیٰ تعلیم کے لیے پٹنہ یونیورسٹی کے
پٹنہ کالج میں انٹرمیڈیٹ میں داخلہ لیا۔ یہاں سے ان کا تعلیمی سفر آگے بڑھتا
گیا اور انہوں نے پی ایچ ڈی تک تعلیم حاصل کی۔انہوں نے پروفیسر ممتاز احمد کی
نگرانی میں ’’یاس بہاری: حیات و خدمات‘‘ کے موضوع پر پی ایچ ڈی کی۔ یہ تحقیقی
کام بعد میں کتابی شکل میں شائع ہوکر منظر عام پر آیا، جو ان کی تحقیقی
دلچسپی اور علمی ذوق کا ایک اہم ثبوت ہے۔
ان کے اساتذہ کی فہرست بھی خاصی طویل اور قابلِ ذکر ہے۔ ان میں اختر اورینوی،
حسن عسکری، شاہ اسمٰعیل، مولانا ابوالقاسم، مولانا حفیظ الرحمٰن، پروفیسر مطیع
الرحمٰن، پروفیسر فیاض الدین حیدر، پروفیسر ممتاز احمد، پروفیسر کلیم عاجز اور
پروفیسر یوسف خورشیدی جیسی علمی و ادبی شخصیات شامل ہیں۔ ان ممتاز اساتذہ کی
صحبت اور تربیت نے ان کی شخصیت اور علمی ذوق کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔
شاعری کا ذوق اور ادبی شناخت
پروفیسر انیس صدری صرف ایک کامیاب استاد، محقق اور منتظم ہی نہیں تھے، بلکہ ان
کی شخصیت کا ایک اہم اور دل کش پہلو ان کا شعری ذوق بھی تھا۔ وہ اچھے اور
قادرالکلام شاعر تھے۔ شاعری کے ابتدائی دور میں انہوں نے جمیل مظہری سے اصلاح
لی، جو ان کے شعری ذوق اور ادبی تربیت کی اہم کڑی ہے۔
ان کی شاعری میں احساس کی لطافت، جذبات کی روانی، زبان کی شستگی اور اسلوب کی
دل کشی نمایاں طور پر محسوس ہوتی ہے۔ وہ انسانی جذبات، یادوں، محبت اور زندگی
کے مختلف رنگوں کو شعری پیکر عطا کرنے کا ہنر جانتے تھے۔ ان کی غزل کے چند
اشعار ملاحظہ ہوں:
کچھ بات تو ہوگی ہی وہ کیسی کہانی تھی
کلیوں کا زمانہ تھا پھولوں کی جوانی تھی
وہ کون سا منظر تھا پھر کیسا سماں بدلا
احساس کا طوفاں تھا جذبے کی روانی تھی
آنکھوں میں تمہاری وہ اک جھیل سی گہرائی
مبہم سے تبسم میں اک شعلہ بیانی تھی
کچھ کہہ نہ سکے تم بھی کچھ کہہ نہ سکے ہم بھی
افسانہ کہوں تیرا یا میری کہانی تھی
تم وقت کے دریا میں پاؤ گے انہیں اک دن
یادوں کے بسیروں کو اپنی جو نشانی تھی
ان اشعار سے ان کے شعری مزاج کا اندازہ ہوتا ہے۔ ان کے یہاں لفظوں کی سادگی کے
ساتھ احساس کی گہرائی بھی موجود ہے۔ وہ جذبات و کیفیات کو غیر ضروری تصنع کے
بغیر بیان کرنے کی صلاحیت رکھتے تھے۔ ان کی شاعری ان کے اندر موجود ایک حساس
اور جمال پسند انسان کی ترجمانی کرتی ہے۔
تدریسی خدمات اور علمی کارنامے
تعلیم مکمل کرنے کے بعد پروفیسر انیس صدری نے اپنی عملی زندگی کا آغاز خدا
بخش لائبریری میں ملازمت سے کیا۔ یہ ہندوستان کا ایک اہم علمی و تحقیقی ادارہ
ہے، جہاں کتابوں اور علمی ذخائر سے ان کی وابستگی نے ان کے مطالعے اور تحقیقی
ذوق کو مزید جلا بخشی۔
بعد ازاں انہوں نے بہار یونیورسٹی کے مہاراج کالج، مہاراج گنج، سیوان میں
بحیثیت لیکچرر ملازمت اختیار کی۔ کچھ عرصے بعد ان کا تبادلہ یا تقرر متھلا
یونیورسٹی کے سمستی پور کالج، سمستی پور میں ہوا، جہاں انہوں نے تدریسی خدمات
انجام دیں۔ اپنی علمی قابلیت، محنت اور تدریسی صلاحیتوں کی بنیاد پر وہ ترقی
کرتے ہوئے 1999ء میں پروفیسر کے عہدے پر فائز ہوئے۔
سبک دوشی سے تقریباً آٹھ سال قبل انہیں متھلا یونیورسٹی کے شعبۂ اردو کا صدر
مقرر کیا گیا۔ یہ ان کی علمی و تدریسی خدمات کا اعتراف تھا۔ بحیثیت صدرِ شعبہ
انہوں نے نہ صرف تدریسی ذمہ داریاں انجام دیں، بلکہ طلبہ و طالبات کی علمی و
فکری رہنمائی بھی کی۔ ان کے زیرِ سایہ بے شمار طلبہ و طالبات نے اردو زبان و
ادب کی تعلیم حاصل کی اور اپنے علمی سفر کو آگے بڑھایا۔
اکتوبر 2018ء میں وہ ملازمت سے سبک دوش ہوئے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ بعض لوگوں
کے لیے سبک دوشی محض سرکاری ملازمت سے فراغت کا نام ہوتی ہے، علمی و ادبی
سرگرمیوں سے کنارہ کشی کا نہیں۔ پروفیسر انیس صدری بھی ان ہی لوگوں میں سے تھے۔
سبک دوشی کے بعد معمولاتِ زندگی
ملازمت سے سبک دوش ہونے کے بعد ان کا زیادہ تر وقت کتب بینی اور مطالعے میں
گزرتا تھا۔ وہ کتابوں سے غیر معمولی محبت رکھتے تھے اور مطالعہ ان کی زندگی کا
مستقل حصہ تھا۔ اس کے ساتھ تلاوتِ قرآن کو بھی انہوں نے اپنا معمول اور حرزِ
جاں بنا رکھا تھا۔ علم و ادب سے وابستگی کے ساتھ دینی معمولات کی پابندی ان کی
شخصیت کا ایک نمایاں وصف تھا۔
اللہ تعالیٰ نے انہیں تین بیٹوں اور ایک بیٹی سے نوازا تھا۔ گزشتہ کئی برسوں
سے وہ علیل تھے۔ پٹنہ اور دربھنگہ میں ان کا علاج جاری رہا۔ اس دوران ان کے
بچوں نے ان کی خدمت اور دیکھ بھال میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی۔ اولاد کی جانب
سے والد کی خدمت اور تیمارداری کا یہ جذبہ قابلِ قدر ہے۔
ایک عہد کا اختتام
زندگی کے آخری ایام میں وہ دربھنگہ کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔
بالآخر 24 ؍اکتوبر 2026ء، بروز ہفتہ، وہ داعیِ اجل کو لبیک کہتے ہوئے اس دارِ
فانی سے رخصت ہوگئے۔ ان کی وفات کی خبر نے اہلِ خانہ، اعزہ و اقارب، شاگردوں،
متعلقین اور علمی و ادبی حلقوں کو سوگوار کردیا۔
اسی روز بعد نمازِ ظہر ان کی نمازِ جنازہ آبائی گاؤں شاہ پور بگھونی کے محلہ
فاضل پور، ضلع سمستی پور میں ادا کی گئی، جس کی امامت مولانا محمد اشفاق سلفی
نے کی۔ بعد ازاں انہیں مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کردیا گیا۔ اس موقع پر دور
دراز سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور اپنے محبوب، مشفق اور قابلِ
احترام استاد کو آخری الوداع کہا۔
پروفیسر انیس صدری صاحب دین و شریعت کے پابند، غریب پرور اور درد مند انسان
تھے۔ بے سہارا اور ضرورت مند افراد کی مدد کرنا، مدارسِ اسلامیہ اور ملی
اداروں کا خیال رکھنا ان کی طبیعت کا حصہ تھا۔ وہ اپنی استطاعت کے مطابق ضرورت
مندوں کی خبر گیری کرتے اور دینی و ملی اداروں سے قلبی وابستگی رکھتے تھے۔ ان
کی شخصیت میں علم و ادب کے ساتھ دینی حمیت اور سماجی شعور بھی نمایاں تھا۔
ایک مخلص انسان کی شخصیت کا اعتراف
پروفیسر انیس صدری صاحب کی شخصیت اور ان کے طرزِ زندگی کے حوالے سے مولانا
شکیل سلفی نے بجا طور پر لکھا ہے:
’’پروفیسر انیس صدری کی ابتدائی زندگی جدوجہد، محنت اور جفاکشی سے عبارت تھی۔
وہ اپنی دنیا آپ بنانے والوں میں سے تھے۔ انہوں نے زندگی میں جو مقام حاصل
کیا وہ محض اتفاق کا نتیجہ نہیں تھا بلکہ مسلسل محنت، عزم اور اپنی صلاحیتوں
پر اعتماد کا ثمرہ تھا۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں علم، عزت، محبت اور مقبولیت سے
نوازا۔ لیکن ان کی کامیابی کا سب سے خوب صورت پہلو یہ تھا کہ بلندیوں تک
پہنچنے کے باوجود ان کے مزاج میں کوئی سختی، رویے میں کوئی غرور اور تعلقات
میں کوئی فاصلہ پیدا نہیں ہوا۔ وہ اپنے ماضی کی مشقتوں کو فراموش کرکے دوسروں
کو حقیر سمجھنے والوں میں سے نہیں تھے۔‘‘(فیس بک)
یہ چند جملے دراصل پروفیسر انیس صدری کی پوری شخصیت کا آئینہ ہیں۔ انسان کی
اصل عظمت اس کے منصب، عہدے یا ظاہری وجاہت میں نہیں، بلکہ اس کے کردار، اخلاق،
تواضع اور دوسروں کے ساتھ اس کے رویے میں پوشیدہ ہوتی ہے۔ پروفیسر انیس صدری
صاحب نے اپنی زندگی میں علمی بلندیوں کو چھوا، تدریسی و انتظامی میدان میں
نمایاں مقام حاصل کیا، لیکن ان کے مزاج میں انکسار اور تعلقات میں اپنائیت
برقرار رہی۔ یہی وصف انہیں دوسروں سے ممتاز کرتا تھا۔
پروفیسر انیس صدری صاحب اب ہمارے درمیان موجود نہیں ہیں۔ وہ اس منزل کی طرف
روانہ ہوچکے ہیں جہاں سے کوئی واپس نہیں آتا، لیکن انسان کا وجود صرف اس کے
جسم کا نام نہیں ہوتا۔ اس کے افکار، کردار، خدمات، علمی سرمایہ اور اس سے
وابستہ یادیں بھی اس کی زندگی کا حصہ ہوتی ہیں۔ اس اعتبار سے پروفیسر انیس
صدری صاحب ہمارے درمیان ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
مدرسہ اسلامیہ شاہ پور بگھونی کی تاریخ میں ان کی انتظامی خدمات، متھلا
یونیورسٹی کے شعبۂ اردو میں ان کی تدریسی و علمی کاوشیں، ان کے شاگردوں کی
کامیابیاں، ان کی ادبی دلچسپیاں اور ان سے وابستہ لوگوں کی یادیں ان کے نام کو
زندہ رکھیں گی۔
ذاتی طور پر میرے لیے ان کی یادیں ایک سابق طالب علم اور اپنے مادرِ علمی کے
ایک مخلص محسن کی یادیں ہیں۔ 1989ء میں مدرسہ اسلامیہ شاہ پور بگھونی میں پہلی
مرتبہ انہیں دیکھنے سے لے کر 1998ء میں مظفرپور ریلوے اسٹیشن پر اچانک ملاقات
اور پھر 2022ء میں ان کی خدمت میں حاضری تک، ان سے وابستہ ہر واقعہ میرے حافظے
کا حصہ ہے۔ بالخصوص آخری ملاقات میں ان کی آنکھوں سے بہنے والے آنسو آج
بھی ذہن میں محفوظ ہیں۔ وہ آنسو میرے لیے اس بات کی علامت ہیں کہ خلوص، محبت
اور اعترافِ خدمت کے چند الفاظ کسی انسان کے دل کو کس قدر متاثر کرسکتے ہیں۔
بلاشبہ پروفیسر انیس صدری صاحب کی وفات سے ایک عہد کا خاتمہ ہوا ہے۔ ان کی
زندگی جدوجہد، خود اعتمادی، علم دوستی، خدمتِ خلق اور تواضع کا ایک روشن نمونہ
تھی۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ان کی علمی و ادبی خدمات کو محفوظ کیا جائے، ان کی
شخصیت پر تحقیقی و تعارفی مضامین لکھے جائیں اور ان کے شاگردوں و متعلقین کے
ذریعے ان کی یادوں کو آنے والی نسلوں تک منتقل کیا جائے۔
اللہ رب العزت پروفیسر انیس صدری صاحب کی مغفرت فرمائے، ان کی علمی، ادبی،
تدریسی اور سماجی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، ان کی قبر کو نور سے بھر
دے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ، متعلقین،
شاگردوں اور تمام چاہنے والوں کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔آمین یا رب العالمین!
تبصرے (0)
شائع کردہ
اسی زمرے میں مزید

اسلامی قانونِ وراثت میں محجوب پوتے پوتیوں کا مسئلہ

IYM CONFERENCE 2026





