تازہ ترین

’’تذکرہ جمیل‘‘ گرانقدر علمی تحفہ

📅 09-11-2026 👁 12 قارئین 💬 0 تبصرے 🔁 0 شیئر
PostMail

علامہ عطاءاللہ پالوی کی تصنیف
’’تذکرہ جمیل‘‘ گرانقدر علمی تحفہ
میرا مطالعہ
مولانا ڈاکٹر ابوالکلام قاسمی شمسی

’’تذکرہ جمیل‘‘ مشہور قلمکار عطاء اللہ پالوی کی تصنیف ہے۔ یہ کتاب ان کے دوست
جناب وجاہت حسین کی سوانح عمری ہے۔
وجاہت حسین کا تعارف کراتے ہوئے ان کے صاحبزادے طارق حسین اپنے مضمون ’’وجاہت
حسین- ایک عبقری شخصیت میں ‘‘ تحریر کرتے ہیں:
’’میرے والد محترم وجاہت حسین کی تعلیم چھپرہ کے نامی گرامی اسکول سارن اکیڈمی
میں ہوئی۔ اس اسکول سے بے شمار نامی گرامی ہستیاں فیضیاب ہوئیں۔ ان ہی
ہستیوںمیں میرے والد محترم وجاہت حسین کا نام گرامی بھی شامل ہے۔ یہ ان کی خوش
قسمتی رہی کہ وہ سارن اکیڈمی کی انتظامیہ کمیٹی کے رکن بھی رہے اور وہاں کے
طالب علم بھی رہے۔ ان کے والد یعنی میرے دادا جان جناب راحت حسین بھی چھپرہ
شہر کی نامی گرامی ہستیوں میں تھے۔ وہ چھپرہ کے مشہور ومعروف سماجی خدمت گاہ
کی حیثیت سے جانے جاتے تھے اور ان ہی کے نام پر راحت روڈ ہے، جہاں ان کی رہائش
گاہ ’’راحت منزل ‘‘ واقع ہے۔(۱)
مزید تحریر کرتے ہیں:
’’وجاہت حسین سارن ضلع کے باوقار گھرانے سے تعلق رکھتے تھے۔ اپنے طالب علمی کے
زمانہ میں وہ بہت ہی ذہین تسلیم کئے جاتے تھے۔ انگریزی، اردو اور فارسی زبانوں
پر تو ان کو عبور حاصل تھا۔ اپنے طالب علمی کے دور سے ہی وہ کم سخن تھے اور
اعلیٰ اخلاق کے مالک تھے۔ انہوں نے ہمیشہ سادگی اختیار کی اور سادہ لباس میں
رہا کرتے تھے اور اسی حالت میں انہوںنے اپنی پوری زندگی کا سفر طے کیا۔ غریبوں
کی مدد کرنا اور ہندو مسلم بھائی چارگی کو فروغ دینا ان کی زندگی کا مقصد تھا۔
ان ہی خدمات کی وجہ سے انہیں بہت مقبولیت حاصل ہوئی۔ وجاہت حسین کی شخصیت صرف
اس لئے عظیم نہیں تھی کہ وہ مولوی راحت حسین کے بڑے صاحبزادے تھے، بلکہ وہ
اپنے آپ میں ایک تنظیم کی حیثیت رکھتے تھے۔ بغیر کسی تفریق کے وہ ہر شخص کے
دکھ سکھ میں حصہ لیتے تھے اور ہر شخص کی چھوٹی سی چھوٹی ضرورتوں اور سہولتوں
کی تکمیل کا خیال رکھتے تھے۔ شہر میں کوئی بھی خاندانی ،سماجی، سیاسی اور
ثقافتی تقریب ان کے بغیر انجام نہیں پاتی تھی۔ وہ چھپرہ نگرپالیکا کے وارڈ
کمشنر اور کئی دوسری تنظیموں کے ڈائریکٹر بھی رہ چکے تھے۔ ساتھ ہی ساتھ وہ
چھپرہ کے جیل ویزیٹر بھی تھے۔ وجاہت حسین کو ان کی نیکی اور انسانیت کی وجہ کر
برطانیہ حکومت نے ۱۹۴۵ء میں خان بہادر کے خطاب سے نوازا تھا۔ وجاہت حسین صاحب
۱۹۴۴ء میں راحت روڈ چوراہا پر واقع مولیٰ مسجد کے متولی قرار پائے اور اپنی
زندگی کے آخری دن تک متولی رہے۔ غیر مسلموں میں بھی وجاہت حسین مسلمانوں کے
واحد نمائندہ تھے۔‘‘(۲)
پروفیسر محمد رضوان خان علی گڑھ اپنے مضمون ’’وجاہت حسین ایک ہمہ گیر شخصیت ‘‘
میں تحریر کرتے ہیں:
’’وجاہت حسین کا تعلق ایک باعزت ذی علم گھرانے سے تھا اور ضلع سارن کے رہنے
والے تھے۔ وجاہت حسین صاحب کی تعلیم وتربیت چھپرہ کے ایک مشہور اسکول سارن
اکیڈمی میں ہوئی۔ کہا جاتا ہے کہ اس اسکول میں بڑی نامی گرامی شخصیات نے علمی
تشنگی کو مٹایا ہے۔ ان ہی شخصیات میں سے ایک شخصیت وجاہت حسین صاحب کی بھی ہے۔
وجاہت حسین صاحب کے جدامجد محترم شفقت حسین صاحب مرحوم اپنے دور کی جانی مانی
شخصیات میں سے ہے۔ کہا جاتا ہے کہ وہ سلطنت مغلیہ کے اعلیٰ ممتاز عہدہ پر فائز
رہے ہیں جس سے اس بات کی عکاسی ہوتی ہے کہ آپ کا خاندان علم وانصاف کا گہوارہ
تھا۔ وجاہت حسین صاحب کے والد ماجد جناب راحت حسین صاحب بھی چھپرہ شہر کے
باکمال شخصیات میں شمار کئے جاتے تھے۔(۳)
مزید تحریر کرتے ہیں:
’’وجاہت حسین صاحب کا شمار چھپرہ کے مشاہیر سماجی خدمت گاروں میں ہوتا تھا اور
وہ کافی ہمدرد دل، اپنے پڑوسیوں کا خیال رکھنا ہی ان کا کام تھا۔ ان کی شخصیت
کا اندازہ اس بات سے بھی ہوتا ہے کہ ان کے والد کے نام سے وہاں ایک روڈ بھی
ہے، جس کا نام راحت روڈ ہے۔
وجاہت حسین کی زندگی کا اگر ہم مختصر جائزہ لیں تو وہ ایک علمی شخصیت کے مالک
تھے، آپ کے افکار وخیالات بہت بلند تھے۔ آپ کے علمی وقتی رجحانات میں جامعیت
تھی۔ آپ بلا کے حاضر جواب اور نکتہ سنج تھے، عربی ، انگریزی وفارسی علوم کے
ماہر تھے۔ ضیافت اور مہمان نوازی ،لطائف وظرائف، مرجعیت ومرکزیت ،تواضع
وانکساری ،سیرت وکردار کی بلندی، قناعت وصبر وخود داری کے آپ زندہ وجاوید
نمونہ تھے۔(۴)
’’چند کلمات کے تحت‘‘ جسٹس شمس الاسلام جعفری سابق جج ہائی کورٹ الٰہ آباد
اتر پردیش تحریر کرتے ہیں:
’’خان صاحب وجاہت حسین کے جدامجد سلطنت مغلیہ کے دور حکومت میں قاضی (جج) کے
ممتاز عہدہ پر فائرز رہے ہیں جو اس بات کا مظہر ہے کہ آپ کا خاندان علم
وانصاف کا گہوارہ تھا۔ وجاہت حسین صاحب کے والد جناب راحت حسین مرحوم نے
ملازمت کے بجائے تجارت کو طرز زندگی بنایا اور چھپرہ ہی میں ایک فرم موسومہ
راحت حسین اینڈ کمپنی قائم کی جو تجارت کے میدان میں مشہور زمانہ ہوئی۔ ان کی
ایمانداری، خوش اخلاقی اور محنت نے تجارت کے میدان میں کمپنی کی نیک نامی میں
چار چاند لگائے۔ محترم وجاہت حسین صاحب اپنے والد کے ہی نقش قدم پر چل کر
تجارت کے پیشہ سے ہی منسلک رہے اور محض چھپرہ میں ہی نہیں بلکہ ریاست کے
پیمانے پر ایک ایماندار وخوش اخلاق تاجر کی حیثیت سے مشہور ہوئے۔ آپ سماجی،
سیاسی وملی کاموں میں بھی اپنا ایک منفرد اور ممتاز مقام رکھتے تھے، جس کی وجہ
سے آپ کے دوستوں ،رفیقوں کی ایک لمبی فہرست ہے جن میں مولانا مظہرا لحق،
ڈاکٹر راجندر پرساد (سابق صدر جمہوریہ ہند) ڈاکٹر سید محمود، ڈاکٹر شری کرشن
سنہا، مہامایا پرساد، سر سلطان احمد اور کپل دیو پرساد شریواستو وغیرہ شامل
تھے۔(۵)
عطاء اللہ پالوی خان صاحب وجاہت حسین کی سوانح عمری ’’تذکرۂ جمیل‘‘ لکھ کر
خان صاحب کو زندہ وجاوید بنادیا ہے جو خان صاحب وجاہت حسین سے ان کے تعلقات کا
مظہر ہے۔ وہ تحریر کرتے ہیں:
’’خان صاحب وجاہت حسین نے کوئی خود نوشت مرتب نہیں کی اور نہ اب تک ان کے کسی
عزیز دوست نے ان کی کوئی سوانح عمری لکھی ہے۔ یہ ایک افسوسناک کمی ہے۔ میں
اپنے آپ کو اس کا واقعی اہل نہیں پاتا کہ خان صاحب وجاہت حسین کی سوانح عمری
لکھوں، کیونکہ اول تو خان صاحب وجاہت کے ساتھ میری ملاقات یا دوستی بیس برس سے
زیادہ عمرنہیں رکھتی اور میرے لئے خان صاحب موصوف کے سارے حالات وکوائف کا
جاننا ممکن ہی نہیں ہے۔ دوسرے سوانح نگاری ایک مستقل فن اور ادب کی نہایت اہم
شاخ ہے، اس کے لئے بڑے سلیقہ ومہارت کی ضرورت ہے، جس سے میں محروم ہوں۔ تاہم
خان صاحب کی تجہیز وتکفین میں عدم شرکت کی تلافی اس طرح تو ضرور ہی کرسکتا ہوں
کہ اپنے اس عزیز دوست کی پُرخلوص محبت ومنفرد خصوصیات کا ذکر قلمبند کرکے ان
کی یاد کو تازہ اور ان کی بارگاہ میں بطور نذرانہ عقیدت پیش کروں۔ اس مخلص
دوست کے جدا ہونے کا مجھے بےحد صدمہ ہوا اور میں کئی دن تک متاثر اور غمگین
رہا، لہٰذا میری اس تحریر کو وجاہت حسین کی ’’سوانح عمری‘‘ کے ساتھ ساتھ
’’تذکرۂ جمیل‘‘ سمجھا اور قرار دیا جائے۔‘‘(۶)
تذکرۂ جمیل میں معروف اہل قلم عطاءاللہ پالوی نے اپنے دوست خان صاحب وجاہت
حسین بن راحت حسین کی سوانح عمری تحریر کی ہے۔ انہوں نے کتاب کی ابتداء ایسے
پرکشش انداز پر کی ہے ،جس سے کتاب کی معنویت اور اس کی اہمیت سے قاری
مسحورہوکر پوری کتاب کو پڑھنے پر مجبور ہوجاتا ہے۔ وہ تحریر کرتے ہیں:
’’یہ تذکرہ ہے، میری اس خوش قسمتی کا ،جب میں ۲۴؍اگست ۱۹۴۵ء سے یکم فروری
۱۹۶۷ء تک کی مدت کے درمیان چھپرہ کی ایک معزز شخصیت، ایک بلند کردار جوان، ایک
شریف النفس ہستی اور ایک سدا بہار انسان کی مخلصانہ توجہ، دوستانہ روابط ،
خصوصی محبت اور باکیف پذیرائی کا مرہون منت رہا تھا۔
میں یکم اپریل ۱۹۴۴ء کو بابو عبدالرزاق صاحب عرف راجہ بابو مالک ’’انڈین شوگر
ورکس‘‘ سیوان کے مختار عام کی حیثیت سے پٹنہ سے چھپرہ گیا تھا۔ ابتدا میں کچھ
دن میرا قیام محلہ سلیم پور میں رہا تھا، پھر میں محلہ کریم چک میں منتقل
ہوگیا تھا اور ڈپٹی صفدر حسین صاحب کے مکان ’’صفدر منزل‘‘ کی نچلی منزل کے
بیرونی مغربی کمرہ میں بحیثیت کرایہ دا رہ رہا تھا۔‘‘(۷)
مزید تحریر کرتے ہیں:
’’۲۴؍اگست ۱۹۴۵ء کو تقریباً دس بجے دن میں ایک صاحب کرشن جی والا من موہن
سانولہ رنگ اورڈیل کارنیگی والی دلفریب مسکراہٹ لبوں پر لئے شیروانی زیب تن
کئے ، مجھ سے اجازت لے کر میرے کمرے میں وارد ہوئے اور آتے ہی انہوں نے
فرمایا:
پالوی صاحب! السلام علیکم
میں ڈپٹی صفدر حسین صاحب کا چچا زاد بھائی وجاہت حسین ہوں ،آج شب کو مونا
مسجد میں ختم تراویح کی رسم انجام پانے جارہی ہے، میں اس مسجد کا متولی ہوں
اور اس حیثیت سے میں آپ کو اس تقریب میں شرکت کی دعوت دینے حاضر ہوا ہوں۔
ایک تو یوں ہی میں بڑا کم آمیز انسان واقع ہوا ہوں، دوسرے چھپرہ میں نو وارد
تھا، اس لئے عرصہ تک میرا نہ کوئی ملاقاتی وہاں تھا اور نہ آشنا۔چھپرہ پہنچنے
کے کئی ماہ بعد علامہ محمد عباس ندوی سے تعارف ہوا تھا اور وہ بھی اس لئے کہ
میں ان کے سسرالی مکان واقع محلہ سلیم پور میں کرایہ دار تھا،پھر بعد میں ان
کی وساطت سے علامہ حکیم سید محمد شفیع شمسی سے تعلقات قائم ہوئے تھے، جو محلہ
صاحب گنج میں پریکٹس کرتے تھے۔ان دونوں حضرات کے سوا چھپرہ کی کسی اور محترم
شخصیت سے اس وقت تک میری ملاقات نہ تھی اور نہ کوئی واقفیت ہی تھی۔
وجاہت حسین صاحب کو اسی سال برطانوی حکومت کی طرف سے خان صاحب کا خطاب ملا
تھا۔ وہ چھپرہ کے دوسرے خطاب یافتہ مسلمان تھے، لہٰذا ان کا نام علامہ محمد
عباس ندوی اور حکیم سید محمد شفیع شمسی دونوں سے سنا ہوا تھا، مگر میں انہیں
جانتا پہچانتا نہ تھا، اس لئے میں حیص بیص میں پڑ گیا۔تاہم مبارک تقریب کی
سعادت اور ایک معزز شخصیت کی عنایت کو میں رد نہ کر سکا اور آخر میں شرکت کا
وعدہ کر لیا۔چنانچہ حسب وعدہ شریک بھی ہوا۔خان صاحب وجاہت حسین نے بڑے تپاک سے
میرا خیر مقدم کیا اور میری خاطرداری کی۔یہ تھی خان صاحب وجاہت حسین سے میری
جان پہچان کی ابتداء۔‘‘(۸)
اس کے بعد مصنف نے سوانح اور تذکرہ پر قرآن کریم اور محققین کی تحریر کو پیش
کرکے علمی انداز پر اس کی اہمیت کو واضح کیا ہے، وہ تحریر کرتے ہیں:
’’چیمبرس انسائیکلو پیڈیا جلد دوم صفحہ (۵۳) میں ہے کہ:
سوانح ہماری کسی مخصوص فرد کی زندگی اور کردار کے مسلسل بیان کا فنکارانہ
اظہار ہے۔ اس میں یہ اضافہ کرنے کی چنداں ضرورت نہیں ہے کہ ’’سوانح عمری‘‘ سے
زیادہ دلچسپ شعبہ ادب میں کوئی اور شعبہ نہیں ہوتا ہے۔نیز یہ کہ نوع انسانی کا
دلکش ترین مرکز مطالعہ ہمیشہ سے انسان رہا ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔
کیسلز انسائیکلوپیڈیا آف لٹریچر جلد اول صفحہ۵۹؍ میں ہے کہ:
’’سوانح عمری‘‘ تاریخ کا ایک شاخ ہوتی ہے ،اس کا مقصد جہاں تک ہو سکے
دیانتداری کے ساتھ کسی فرد کی زندگی کا بیان ہوتا ہے ۔سوانح نگار کا فرض یہ ہے
کہ وہ مورخ اورمصور دونوں حیثیتوں سے کام کرے۔ مصور کا فرض ہے کیا؟تصویر سازی
کے لئے بیٹھنے والے شخص کی ایسی شبیہ تیار کرنا جو نہ صرف اس سے ملتی جلتی ہو،
بلکہ فن کا نمونہ بھی ہو اور مورخ کا کیا فرض ہے ؟ٹھیک ٹھیک باتیں بیان کرنا،
حقائق و قابل فہم انداز سے ترتیب دینا ،حقائق کی محض فہرست مرتب کردینا ہے، جس
میں فنکاری نہ ہو، نہ تاریخ ہے نہ’’ سوانح عمری‘‘۔‘‘(۹)
مصنف کی سوانح عمری کے موضوع پر سیر حاصل بحث کی ہے، مصنف انشاءپرداز تھے، ان
کی انشاءپردازی کی جھلک اس کتاب ’’تذکرۂ جمیل‘‘ میں نمایاں ہے۔ وہ چھپرہ کا
تعارف کراتے ہوئے تحریر کرتے ہیں:
’’چھپرہ کا تجارتی مرکز تو مونا چوک ہے، جو شاہراہ پر واقع ہے، مگر سنٹر بازار
صاحب گنج تھا اور اب بھی ہے، جو ٹاؤن اور مفصل تھانہ سے شروع ہو کر پورب جانب
راحت روڈ کے نکڑ پر ختم ہوتا ہے۔
میں جس زمانہ میں محلہ سلیم پور سے کریم چک منتقل ہوا تھا ،یہ علاقہ گنجان
آبادی اور تجارتی اڈہ ہوتے ہوئے بھی نہایت پسماندہ اور بری حالت میں تھا ۔سڑک
خام تھی اور برسات کے موسم میں یہ ممکن ہی نہ تھا کہ کوئی شریف آدمی جوتا
پہنے ہوئے یہاں سے وہاں تک چلا جائے۔مسلم حکام بالعموم محلہ کریم چک میں رہنے
کی کوشش کرتے تھے ،کیونکہ یہ محلہ۹۰؍ فیصدی مسلم آبادی پر مشتمل تھا اور
چھپرہ کے بڑے لوگ بالعموم محلہ کریم چک میں آباد تھے۔یہ شرفاء کا محلہ سمجھا
جاتا تھا ،ان حکام کو سڑک پار کر کے روزانہ کچہری جانا پڑتا تھا اور انہیں بے
حد دقت ہوتی تھی، میں نے خود برسات میں بارہا جوتا اتار کر سڑک پار کیا تھا ۔
اسی سڑک پر کچہری کے سامنے ایک سب سے بڑی اور سب سے مشہور دکان تھی جو ابتداً
راحت حسین اینڈ کوکی عرفیت سے مشہور تھی، مگر بعد میں فرم راحت حسین اینڈ سنس
کے نام سے موسوم ہوئی اور اب بھی ہے، اگرچہ وہ سابق دکان مختصر ہو گئی ہے، مگر
اسی نام سے اب تک مشہور چلی آرہی ہے۔
یہ برطانوی عہد میں شہر چھپرہ کی سب سے بڑی دکان تھی ،جہاں انگریز اور
ہندوستانی حکام و افسران اور چھپرہ کے روساء اورامراء سامان خریدا کرتے تھے
،اس کی وجہ صرف یہی نہیں تھی کہ وہ ٹاؤن کی سب سے بڑی دکان تھی اور وہاں سارا
ضروری سامان یکجا مل جاتا تھا، بلکہ اس دکان کا مالک راحت حسین صاحب تھے ،جو
انگریزی داں تھے، جس وجہ سے انگریزوں اور افسران حکومت کو بڑی آسانی ہوتی
تھی۔‘‘(۱۰)
پھر خان صاحب وجاہت حسین کے والد محترم جناب راحت حسین اور ان کے فرم ’’راحت
حسین اینڈ کو‘‘ کا تعارف دلچسپ انداز میں کراتے ہوئے تحریر کرتے ہیں:
’’راحت حسین صاحب ایک دیدہ ور اور ہوش مند انسان تھے۔ چنانچہ انہوں نے جیسا کہ
میں نے پہلے عرض کیا ہے، ملازمت کی خواہش وکوشش نہیں کی۔ حالانکہ وہ میٹرک پاس
تھے اور اس عہد میں ایک ہندوستانی کا میٹرک پاس ہونا اعلیٰ نوکری کے لئے ضمانت
تھا، بلکہ راحت حسین نے تجارت کو ترجیج دی او روہ اس میں پورے طور پر کامیاب
بھی ہوئے۔
۱۸۹۶ء میں انہوں نے ایک فرم ’’راحت حسین اینڈ کو‘‘ کے عنوان سے قائم کیا
جودہیاواں کے مین روڈ پر واقع تھی اور اس میں ضروری سامان بہم پہنچایا۔ یہ اس
عہد میں چھپرہ کی سب سے بڑی اور سب سے اچھی پرچون کی دکان تھی۔انگریزی دانی کی
وجہ سے انگریز حکام کی خاص توجہ ادھر ہوئی اور انہوں نے اس فرم کو آراستہ
وپیراستہ دیکھ کر ہر قسم کی سہولت بہم پہنچائی۔ یہاں تک کہ آتشیں اسلحہ جات
یعنی بندوق اور کارتوس بیچنے کا بھی ان کو لائسنس مل گیا۔ یہ دکان دن رات
بڑھتی چلی گئی۔ راحت حسین نے اتنی دولت کمائی کہ انہوں نے راحت منزل کے نام سے
کریم چک روڈ پر اپنا ایک علیحدہ وسیع مکان تعمیر کیا اور اس میں رہنے لگے۔ بعد
میں میونسپلٹی نے ان کی عظمت وشہرت کی وجہ سے کریم چک روڈ کو راحت روڈ کے نام
سے منسوب کردیا۔
’’راحت حسین اینڈ کو‘‘ کچھ سالوں بد دہیاواںسے سول کورٹ روڈ پر منتقل کردیا
گیا جو آج بھی راحت حسین اینڈ سنز کے نام سے موجود ہے۔‘‘(۱۱)
’’خان صاحب وجاہت حسین جیسا کہ پہلے کہا جاچکا ہے ، ایک کثیر الملاقات شخص تھے
اور ا ن کا حلقہ احباب بہت وسیع تھا۔ ان کے دوستوں اور قدر دانوں کی ایک لمبی
فہرست پیش کی جاسکتی ہے۔ جس میں بڑے لوگوں میں مسٹر مظہرالحق ، بابو راجندر
پرساد (صدر جمہوریہ) ڈاکٹر سید محمود، ڈاکٹر سری کرشن سنہا، بابو مہامایا
پرساد، سرسلطان احمد بار، ایٹ لا، اچ۔ لال آئی سی سی ، سید محمود مہدی علی
سکریٹری جدہ سفارت خانہ، بی کے دتا آئی اے ایس، جسٹس نقی احمد، ڈاکٹر کے پیش
مشرا ( پروفیسر اور صدر شعبہ گیانوکولوجی کلکتہ میڈیکل کالج) سید محمد فضل
آئی پی ایس، سید افضل اے ڈی، ایم شریف کالونی پٹنہ ، محمد یونس، سابق چیف
منسٹر عبدالغفور، جوار حسین وزیرخزانہ بہار سرکار وغیرہ ہیں۔ ان میں سے جو
حضرات باہر سے تشریف لائے تھے، وہ وجاہت حسین سے ضروری ضرور ملاقات کرتے تھے
اور بعض مسائل پر تبادلۂ خیال بھی کرتے تھے۔ مقامی شہری اکابرین میں شیعہ،
سنی ،ہندو، سب ہی سے ان کے خاصے مراسم تھے۔ خاص طور پر بابو نبی حسن سے بہت
اچھے مراسم تھے، وجاہت حسین ان کی بڑی عزت کیا کرتے تھے۔ اس کے علاوہ حکیم علی
احمد صاحب، مسٹر زین العابدین صاحب، مولوی حسن علی صاحب، خان بہادر ہاشم علی،
پروفیسراجتبیٰ رضوی، قمرالدولہ ایڈوکیٹ، ڈاکٹر صلاح الدین، احمد حسین ایم ایل
اے، عظیم الحق صاحب سیوان، امیر حسن صاحب مالک ساسا موسا شوگرورکس، ظفرالدین
احمد اے ڈی ایم، مذہبی شخصیتوں میں سے دو آدمیوں کا وجاہت حسین بڑا احترام
کرتے تھے ۔ ایک تو علامہ محمد طیب صاحب کا جن سے ان کو خاص عقیدت ومحبت تھی،
اس لئے کہ وہ ابتداء میں ان کے استاذ بھی رہے تھے اور اگر چہ علامہ محمد طیب
موصوف گلابی وہابی، یعنی دیوبندی مسلک رکھتے تھے، مگر موصوف مونا مسجد میں
زندگی بھر امامت کیے۔ جس کے متولی وجاہت حسین تھے، اس تعلق خاص کی وجہ سے ان
کے انتقال کے بعد وجاہت حسین علامہ موصوف کے بیٹے ڈاکٹر مسعود احمد صاحب جو
امام گنج میں آبائی مکان میں مقیم ہیں، کو بے حدمانتے تھے اورا کثر ان کے
یہاں جاتے رہتے تھے۔ دوسری مذہبی شخصیت جن سے وجاہت حسین کو خاص انسیت تھی، وہ
علامہ عبدالرحمٰن صاحب کی تھی جو عرصہ تک چھپرہ کے ’’مدرسہ وارث العلوم‘‘ کے
پرنسل رہے تھے۔
ہندوئوں میں بھی وجاہت حسین بہت مقبول تھے۔ امرناتھ چکرورتی اور مانک چندؔ
(چھپرہ) ان کے گاڑھے دوست اور شاید کلاس فیلو بھی تھے۔ ان میں بعض ہندو ایسے
بھی تھے، جن کے معاملات اور جائیداد کی وجاہت حسین نگرانی کرتے تھے۔ ہندوئوں
میں وجاہت حسین مسلمانوں کے واحد نمائندہ سمجھے جاتے تھے۔‘‘(۱۲)
جسٹس شمس الاسلام جعفری تذکرہ جمیل میں چند کلمات کے تحت تحریر کرتے ہیں:
’’علامہ عطاءاللہ پالوی صاحب نے وجاہت حسین صاحب مرحوم ومغفور کی ہمہ جہت
شخصیت کا احاطہ جس طرز پر کتاب مذکور میں کیا وہ اپنے آپ میں صرف قابل ستائش
ہی نہیں بلکہ دریا کو کوزہ میں بند کرنے کے مترادف ہے۔ موصوف کی مذکورہ سوانح
عمری کے مطالعہ سے پالوی صاحب کی اعلیٰ علمی وادبی صلاحیت کا بھی بخوبی اندازہ
ہوتا ہے۔ موصوف نے کتاب کی تالیف میں جناب وجاہت حسین صاحب کی زندگی مستعار کی
مختلف کیفیات اور حالات کو اجاگر کرنے کے لئے جس طرح اردو، عربی اور انگریزی
ادب کے حوالہ جات درج کئے ہیں نیز قرآن کریم کے مندرجات سے بھی کتاب کو
آراستہ کیا ہے، وہ آپ کی ہمہ جہت، علمی وادبی صلاحت کا مظہر ہے۔‘‘(۱۳)
علامہ عطاءاللہ پالوی معروف اہل قلم اور انشاءپرداز تھے۔ وہ تصنیف وتالیف کا
اعلیٰ ذوق رکھتے تھے۔ نیز کثیر الجہات شخصیت کے حامل تھے۔ ان کی تصانیف کے
مطالعہ سے پتہ چلتا ہے کہ ان کا مطالعہ وسیع تھا، یہ ان کی تحریر سے بھی عیاں
ہے کہ ان کا قلم رواں دواں تھا۔ ان کی تصانیف میں مندرجہ ذیل کتابیں قابل ذکر
ہیں:
(۱) انگبیں، (۲) پروین، (۳)مال بصیرت، (۴) تذکرۂ شوق، (۵) انوار تفکر، (۶)
شمع فروزاں، (۷) روداد آشیانہ (۸) حلال وحرام، (۹) مثنویات شوق، (۱۰) سوانح
سلطان احمد (۱۱) اردو کے ہندو مثنوی نگار، (۱۲) گلہائے پژمردہ (۱۳) تاریخ نیک
فال (۱۴) نہ سپہر (۱۵) مشرقی بوڈے، (۱۶) مشاطہ گانِ ادب (۱۷) تذکرۂ جمیل۔
افسوس کہ مصنف کی یہ تصنیف کچھ دشواریوں کی وجہ سے ان کی حیات میں شائع نہ
ہوسکی۔ ان کا انتقال ۱۱؍اگست ۱۹۹۸ء کوجبکہ ان کے دوست خان صاحب وجاہت حسین کی
وفات ۱۹۶۷ء کو ہوگئی۔ اللہ تعالیٰ دونوں کی مغفرت کرے۔
علامہ عطاءاللہ پالوی کی تصنیف ’’تذکرہ جمیل‘‘ کا اسلوب پرکشش ،انداز بیان
نہایت عمدہ اور زبان سادہ وسلیس ہے۔ مصنف نے اپنی تصنیف کے ذریعے اپنے دوست کو
زندہ ٔجاوید بنادیا ہے۔’’تذکرۂ جمیل‘‘ فصاحت حسین اینڈ بردرس، راحت منزل،
راحت روڈ کریم چک ، چھپرہ، بک امپوریم، سبزی باغ پٹنہ۴؍اور ثاقب بک ڈپو دیوبند
سہارن پور یوپی سے حاصل کی جاسکتی ہے۔

مراجع
(۱)’’تذکرۂ جمیل‘‘ ،ص: ۱۳-۱۴
(۲)’’تذکرۂ جمیل‘‘ ،ص: ۱۴
(۳)’’تذکرۂ جمیل‘‘ ،ص:۱۷-۱۸
(۴)’’تذکرۂ جمیل‘‘ ،ص: ۱۸
(۵)’’تذکرۂ جمیل‘‘ ،ص:۶
(۶)فلیپ
(۷)’’تذکرۂ جمیل‘‘ ،ص:۲۷
(۸)’’تذکرۂ جمیل‘‘ ،ص:۲۹-۲۷
(۹)’’تذکرۂ جمیل‘‘ ،ص:۳۶
(۱۰)’’تذکرۂ جمیل‘‘ ،ص:۴۸-۴۷
(۱۱)’’تذکرۂ جمیل‘‘ ،ص:۵۲-۵۳
(۱۲)’’تذکرۂ جمیل‘‘ ،ص:۷۵-۷۷
(۱۳)’’تذکرۂ جمیل‘‘ ،ص:۵

رابطہ:قاسمی منزل، نیو عظیم آباد کالونی سیکٹرڈی
پوسٹ مہندرو، پٹنہ۸۰۰۰۰۶

--
Abul Kalam Qasmi Shamsi
Ex-Principal Madrasa Islamia Shamsul Hoda
Patna - 800006
Mob- +91-9835059987

ردِعمل دیں (0)

شیئر کریں (0)

تبصرے (0)

شائع کردہ

✍️ Active Reporter ★★★★★
M

Mohammad Atif Raza

📍 Gorakhpur

📰 31 پوسٹ👁 1268 قارئین📊 40.9 اوسط قارئین

نیوز ہوم کے رپورٹر

اسی زمرے میں مزید

اسلامی قانونِ وراثت میں محجوب پوتے پوتیوں کا مسئلہ

IYM CONFERENCE 2026

محبِ اردو ایوارڈ: جناب عبدالعظیم رحمانی ملکاپوری کی ادبی، علمی اور تحقیقی خدمات کا اعتراف* مرتب:- ڈاکٹر عتیق الرحمان عبدالعظیم رحمانی ملکاپوری

مقبول ترین پوسٹس

علامہ اقبال اور اردو زبان کی ترویج

👁 563 ویوز

مدینہ یونیورسٹی میں 100 مصنفین کی کتابوں پر پابندی، فہرست میں پہلا نام مولانا ابوالحسن علی ندوی کا

👁 460 ویوز

اولاد کی تربیت شفقت و حکمت سے

👁 391 ویوز

شراب کے دینی و دنیوی نقصانات

👁 356 ویوز

حسد:ایک تباہ کن نفسیاتی مرض

👁 347 ویوز