کتاب حقیقۃ الفقہ: حدیث و فقہ کی تکمیلی حیثیت کو واضح کرتی ہے
از :۔ پروفیسر ابو زاہد شاہ سید وحید اللہ حسینی القادری الملتانی
کامل الحدیث جامعہ نظامیہ ، M.A., M.Com (Osm)
اسلامی شریعت میں وحی بنیادی سرچشمۂ ہدایت اور معیارِ حق ہے، جب کہ عقل و اجتہاد اس کی روشنی میں احکامِ شرعیہ کی تفہیم، استنباط اور بدلتے ہوئے حالات پر ان کی تطبیق کا ذریعہ ہیں۔ اسی اصول کے تحت حدیث اور فقہ باہم مربوط اور تکمیلی علوم کی حیثیت رکھتے ہیں۔ حدیث سنتِ نبویؐ کو محفوظ و مستند کرتی ہے، جبکہ فقہ قرآن و سنت کی روشنی میں شرعی احکام کو سمجھنے اور یہ جاننے میں رہنمائی کرتی ہے کہ انہیں عملی زندگی میں کیسے اپنایا جائے۔ امام شافعیؒ کے بیان کے مطابق شرعی احکام کے استنباط کی بنیاد کتاب و سنت، اجماع و قیاس جیسے معتبر اصول ہیں، جب کہ امام ابن قیمؒ شریعت کو عدل، رحمت، حکمت اور مصالح انسانی کا جامع نظام قرار دیتے ہیں۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ عقل و اجتہاد وحی سے آزاد نہیں، بلکہ اس کے تابع رہتے ہوئے شرعی احکام کی تفہیم اور نئے مسائل کی اصولی رہنمائی میں معاون ہیں۔ یوں وحی، حدیث، فقہ اور اجتہاد کا باہمی ربط شریعت اسلامی کی جامعیت، حکمت اور ہر دور کے تقاضوں سے ہم آہنگی کا مظہر ہے۔ اسی علمی تناظر میں شیخ الاسلام حضرت مولانا محمد انوار اللہ فاروقی فضیلت جنگ ؒ کی دو جلدوں پر مشتمل تصنیف ‘‘حقیقۃ الفقہ’’ خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔ اس میں فقہ کی ضرورت و اہمیت، اس کے بنیادی اصول، محدثین و فقہاء کے علمی طریقۂ کار، اجتہاد اور تقلید اور ائمہ مجتہدین کی خدمات پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ اس کتاب کے مباحث سے یہ حقیقت نمایاں ہوتی ہے کہ فقہ حدیث سے الگ یا اس کے مقابل کوئی مستقل طریقۂ کار نہیں بلکہ قرآن و حدیث ہی کی روشنی میں منظم علمی اصولوں کے تحت سمجھنے کا معتبر طریقہ اور ان پر عمل کرنے کا علم ہے ۔حدیث و فقہ کے اس باہمی تعلق میں محدثین اور فقہاء دونوں کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ محدثین احادیث کی اسناد، راویوں کے حالات اور متون کی تحقیق کے ذریعہ سنتِ نبوی کی صحت و حفاظت کا اہتمام کرتے ہیں، جب کہ فقہاء قرآن و حدیث کے معانی، دلالات اور باہمی تعلق کا مطالعہ کرکے ان سے شرعی احکام اخذ کرتے ہیں۔ مثلاً رسول اللہؐ کا ارشاد ہے ترجمہ: اعمال کا دار و مدار نیتوں پر ہے۔ محدثین نے اس حدیث کی سنت اور راویوں کی تحقیق کے ذریعہ اس کی صحت متعین کی، جب کہ فقہاء نے اس سے عبادات اور معالات میں نیت کی شرعی اہمیت سے متعلق احکام اخذ کیے۔ اسی طرح اللہ تعالی نے قرآن مجید میں ارشاد فرمایا ترجمہ:اور نماز قائم کرو ۔رسول اللہؐ نے نماز کی عملی صورت واضح کرتے ہوئے فرمایا ترجمہ: نماز اس طرح پڑھو جس طرح تم مجھے نماز پڑھتے ہوئے دیکھتے ہو۔ اس مثال سے معلوم ہوتا ہے کہ قرآن مجید نماز قائم کرنے کا حکم دیتا ہے، جبکہ حدیث شریف میں اس کی عملی صورت کو بیان کیا گیا ہے۔ فقہاء ان دونوں اور دیگر متعلقہ دلائل کی روشنی میں نماز کے ارکان، شرائط اور طریقہ ادائیگی کے احکام متعین کرتے ہیں۔ اس طرح محدثین سنت کی صحت اور حفاظت اور فقہاء اس کی تفہیم و تطبیق کا فریضہ انجام دیتے ہیں، اگرچہ بعض اہلِ علم میں دونوں علوم کی مہارت بھی جمع ہوتی ہے۔ شرعی احکام کو سمجھنے کے لیے صرف کسی ایک آیت یا حدیث کے ظاہری الفاظ پڑھ لینا کافی نہیں ہوتا بلکہ یہ دیکھنا بھی ضروری ہے کہ اس کا اصل مفہوم کیا ہے، وہ کس موقع اور پس منظر میں نازل یا بیان ہوئی۔ اس کا حکم کن حالات پر لاگو ہوتا ہے اور اس موضوع سے متعلق قرآن و حدیث کی دوسری تعلیمات کیا ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ بسا اوقات ایک ہی معاملے کی مختلف صورتوں کے لیے الگ الگ احکام ہوتے ہیں، جنہیں تمام متعلقہ آیات واحادیث کو سامنے رکھ کر سمجھنا ضروری ہے۔ مثلاً قرآن مجید میں غلطی سے کسی مسلمان کے قتل ہوجانے کی صورت میں ایک مسلمان غلام آزاد کرنے کا حکم بیان کیا گیا جبکہ جان بوجھ کر کسی مسلمان کو قتل کرنے کے بارے میں فرمایا اس کی سزا جہنم ہے۔ ان دونوں آیات سے معلوم ہوتا ہے کہ کسی انسان کی جان لینا ایک سنگین جرم ہے۔ لیکن اس جرم کی نوعیت اور حالات کے لحاظ سے اس کے شرعی احکام مختلف ہوسکتے ہیں۔ غلطی سے قتل ہوجانا اور ارادۃً قتل کرنا ایک جیسی صورتیں نہیں ہیں اسی لیے قرآن مجید نے دونوں کے لیے الگ احکام بیان کیے ہیں۔ چنانچہ فقہ کا کام یہ ہے کہ وہ قرآن و سنت کی تمام متعلقہ تعلیمات کو سامنے رکھ کر ہر معاملے کی نوعیت، اس کے حالات اور اس سے متعلق شرعی حکم کو واضح کرے، تاکہ کسی ایک آیت یا حدیث کو اس کے مکمل مفہوم اور متعلقہ نصوص سے الگ کرکے سمجھنے کی غلطی نہ ہو۔ اسی طرح طہارت کے مسئلے کو سمجھنے کے لیے بھی قرآن و حدیث کی متعلقہ تعلیمات کو یکجا کرکے دیکھنا ضروری ہے۔ اللہ تعالی نے قرآن مجید میں جنابت کی حالت میں پاکی حاصل کرنے کا حکم دیتے ہوئے ارشاد فرمایا ترجمہ: اگر تم جنابت کی حالت میں ہو تو پاکی حاصل کرو۔ رسول اللہؐ نے بھی نماز کے لیے طہارت کی اہمیت واضح کرتے ہوئے ارشاد فرمایا ترجمہ: بغیر طہارت کے نماز قبول نہیں ہوتی۔ اس آیت کریمہ اور حدیث پاک سے معلوم ہوتا ہے کہ نماز کی ادائیگی کے لیے پاکی بنیادی شرط ہے۔ لیکن ہر قسم کی ناپاکی سے پاک ہونے کا طریقہ ایک جیسا نہیں ہوتا۔ بعض صورتوں میں وضو کرنا ضروری ہوتا ہے ، جبکہ جنابت کی حالت میں غسل کرنا لازم ہے۔ اسی طرح پانی کی عدم دستیابی یا اس کے استعمال میں دشواری کی صورت میں شریعت نے تیمم کی اجازت بھی دی ہے۔ لہٰذا کسی مسئلے کا صحیح حکم معلوم کرنے کے لیے صرف ایک آیت یا حدیث کو دیکھنا کافی نہیں۔ بلکہ اس موضوع سے متعلق تمام دلائل اور ان کے مفہوم کو سامنے رکھنا ضروری ہے۔ فقہاء قرآن و حدیث کی تعلیمات، عربی زبان کے قواعد، آیات واحادیث کے پس منظر اور ان کے باہمی تعلق پر غور کرکے یہ واضح کرتے ہیں کہ کس صورت میں کون سا حکم لاگو ہوتا ہے اوراس کی شرائط کیا ہیں۔ اس طرح فقہ عام انسان کو یہ سمجھنے میں مدد دیتی ہے کہ شریعت کی ہدایات پر مختلف حالات میں صحیح طریقے سے کیسے عمل کیا جائے۔ روزے کے احکام میں بھی یہی اصول کارفرما ہے ۔ اللہ تعالی قرآن مجید میں روزے کے آغاز اور اختتام کا وقت بیان فرمایا ہے۔ دوسری طرف رسول اللہؐ نے روزے کی حالت میں بھول کر کھانے پینے کی صورت کا حکم بیان فرماتے ہوئے ارشاد فرمایا ترجمہ: جو شخص روزے کی حالت میں بھول کر کھا پی لے، اسے چاہیے کہ اپنا روزہ پورا کرے، کیونکہ اسے اللہ تعالی نے کھلایا اور پلایا ہے۔ اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ اگر کوئی شخص روزے کی حالت میں بھول کر کچھ کھا یا پی لے تو اس کا روزہ نہیں ٹوٹتا بلکہ اسے روزہ جاری رکھنا چاہیے۔ اس طرح قرآن مجید روزے کے عمومی اوقات اور پابندیوں کو واضح کرتا ہے جبکہ حدیث روزے سے متعلق ایک خاص صورت کی وضاحت کرتی ہے۔ فقہاء ان دونوں نصوص اور دیگر متعلقہ شرعی دلائل کو سامنے رکھ کر یہ سمجھاتے ہیں کہ عام حکم کیا ہے اور مخصوص حالات میں اس کا اطلاق کس طرح ہوگا۔ یہی فقہ کا بنیادی طریقہ ہے کہ وہ قرآن و سنت کی تمام متعلقہ تعلیمات کو یکجا کرکے ہر مسئلے کا درست حکم واضح کرتی ہے۔ حدیث و فقہ کا باہمی تعلق اجتہاد اور تقلید کی اہمیت کو بھی واضح کرتا ہے۔ اجتہاد سے مراد اہل علم کی وہ علمی کوشش ہے جس کے ذریعہ قرآن و سنت اور شرعی اصولوں کی روشنی میں نئے مسائل کے احکام معلوم کیے جاتے ہیں جبکہ جو شخص خود یہ صلاحیت نہیں رکھتا، وہ مستند اہل علم کی رہنمائی حاصل کرتا ہے، جسے تقلید کہتے ہیں۔ ائمہ اربعہ اور ان کے شاگردوں کی فقہی خدمات اسی علمی و تحقیقی طرز عمل کی نمایاں مثال ہیں۔ فقہی مسائل میں اختلاف کبھی کسی حدیث کے نہ پہنچنے، کبھی اس کی صحت کے بارے میں اختلاف اور کبھی نصوص کے مفہوم یا ان سے حکم اخذ کرنے کے طریقے میں فرق کی وجہ سے پیدا ہوتا ہے۔ غزوہ بنی قریظہ میں نماز عصر کے وقت سے متعلق صحابہ کرام کا اختلاف اور لفظ‘‘قُرُوَء ’’کی مختلف تشریحات اس کی مثالیں ہیں۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ فقہی اختلاف عموماً شرعی دلائل کو سمجھنے اور ان سے احکام اخذ کرنے کے مختلف علمی طریقوں کا نتیجہ ہوتا ہے۔ لہٰذا اسے حدیث سے دوری سمجھنے کے بجائے علمی اختلاف کے طور پر باہمی احترام و وسعتِ نظر کے ساتھ سمجھنا چاہیے۔ عصر حاضر کی تیز رفتار سائنسی، تکنیکی، معاشی اور معاشرتی ترقی نے زندگی کے مختلف شعبوں میں ایسے نت نئے مسائل اور پیچیدہ معاملات کو جنم دیا ہے جن کے شرعی احکام کی تعیےن کے لیے فقہی بصیرت اور اجتہادی صلاحیت کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ ان میں ڈیجیٹل کرنسی و کرپٹو کرنسی، آن لائن قرض و سرمایہ کاری، ڈیجیٹل اثاثوں کی خرید و فروخت اور وراثت، الیکٹرانک ادائیگیاں، جدید تجارتی و کاروباری طریقے، ڈیجیٹل مواد اور سافٹ وئیر کے حقوق، معلومات کی راز داری، مصنوعی ذہانت کے ذریعہ تیار کردہ تحریروں اور تصاویر کا استعمال، خود کار نظاموں اور روبوٹس کے فیصلوں کی شرعی حیثیت، ڈیپ فیک اور جعلی ویڈیوز، سائبر جرائم، جینیاتی انجینئرنگ، انسانی جین میں تبدیلی، سرروگیسی (کرائے کی کوکھ)، سوشل میڈیا کے اخلاقی و معاشرتی اثرات، خودکار جنگی ہتھیاروں کا استعمال جیسے اہم مسائل شامل ہیں۔چوں کہ یہ مسائل اپنی موجودہ صورتوں میں بعد کے ادورا رمیں رونما ہونے والی سائنسی و تکنیکی ترقیات کا نتیجہ ہیں، اس لیے ان کی جزئی تفصیلات قرآنِ مجید اور احادیث نبویہ میں صراحتاً مذکورہ نہیں تاہم ان کے شرعی احکام قرآن و سنت کے کلی اصولوں، مقاصدِ شریعت اور مسلمہ فقہی قواعد کی روشنی میں اخذ کیے جاسکتے ہیں۔ مزید برآں، مستقبل میں سائنسی ایجادات، تکنیکی اختراعات اور معاشرتی تغیرات کے نتیجے میں نئے مسائل بھی سامنے آتے رہیں گے۔ ایسے پیش آمدہ مسائل کا شرعی حل تلاش کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اہل علم نصوصِ شرعیہ کی حدود و ہدایت کی پابندی کرتے ہوئے عقلی و تحقیقی کاوش اور اجتہادی بصیرت سے کام لیں اور متعلقہ جدید علوم کے ماہرین سے بھی استفادہ کریں۔ یہی فقہ کی وسعت، افادیت اور ہر دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ رہنے کی صلاحیت کا مظہر ہے۔ مذکورہ بالا سطور سے واضح ہوتا ہے کہ حدیث اور فقہ اسلامی علوم کے دو باہم مربوط اور تکمیلی شعبے ہیں۔ دین کی صحیح تفہیم، شرعی احکام کی درست تعبیر اور بدلتے ہوئے حالات میں اسلامی شریعت کی رہنمائی سے استفادے کے لیے حدیث و فقہ کی باہمی تعاون اور ان کی تکمیلی حیثیت ناگزیر ہے۔ یہی تصور شیخ الاسلام حضرت مولانا محمدانوار اللہ فاروقیؒ کی کتاب حقیقۃ الفقہ کا ایک اہم علمی و فکری پہلو ہے۔ آخر میں اللہ تعالی سے دعا ہے کہ بطفیل نعلین پاک مصطفیﷺ ہمیں قرآن اور صاحب قرآن ﷺ کی تعلیمات کے مزاج کو سمجھنے اور اس کے مطابق عمل کرنے کی توفیق رفیق عطا فرمائیں۔آمین ثم آمین بجاہ سید المرسلین طہ و یسین۔






