جامعہ ریاض الصالحات اعظم پورہ میں ششماہی امتحانات کے نتائج کا اعلان
##نمایاں کامیاب طالبات میں رپورٹ کارڈز کی تقسیم
علمِ دین کے ساتھ کردار سازی اور مقصدِ حیات پر توجہ دینے پر زور
جامعہ ریاض الصالحات، اعظم پورہ,حیدرآبادمیں ششماہی امتحانات کے نتائج کے
اعلان کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب نماز ہال میں منعقد ہوئی۔اس موقع پراپنے
صدارتی خطاب میں سکریٹری جامعہ محترم جناب مرزا محمد اعظم بیگ نے کہا کہ
سماعت، بصارت اور عقل اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ عظیم نعمتیں ہیں۔ ان نعمتوں کا
صحیح استعمال علم کے حصول اور زندگی کے حقیقی مقصد کو سمجھنے کے لیے ضروری ہے۔
طالبات کو چاہیے کہ وہ ان نعمتوں کی قدر کریں اور اپنے علم و صلاحیتوں کو انسانیت کی رہنمائی کے لیے استعمال کریں۔امتحانات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ امتحان دراصل ایک آئینہ ہے جو ہماری محنت، صلاحیتوں اور کمزوریوں کو ظاہر کرتا ہے۔ نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی طالبات مبارک باد کی مستحق ہیں، جبکہ کم نمبرات حاصل کرنے والی یا ناکام ہونے والی طالبات کو مایوس ہونے کے بجائے اپنی کمزوریوں کی نشاندہی کرکے مزید محنت کرنی چاہیے۔بعد ازاں شعبہ حفظ و ناظرہ سے لے کر فضیلت کے درجات تک کے نتائج کا اعلان متعلقہ جماعتوں کی معلمات نے کیا۔
نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی طالبات میں جناب مرزا محمد اعظم بیگ، سیکریٹری جامعہ کے ہاتھوں رپورٹ کارڈز تقسیم کیے گئے۔پروگرام کا آغاز استاذہ محترمہ امۃ البصیر سلمیٰ صاحبہ کی نگرانی میں ہوا۔اپنی تمہیدی گفتگو میں انہوں نے طالبات کو علمِ دین کی اہمیت اور اس کی ذمہ داریوں کی جانب توجہ دلائی۔
انہوں نے کہا کہ علم حاصل کرنے والی طالبات انبیائے کرام کی وارث ہیں، اس لیے انہیں اپنی علمی و عملی زندگی میں اس عظیم نسبت کا احساس رکھنا چاہیے۔ طالبہ صفا خان (فضیلت ثانیہ) نے آدابِ تلاوت پیش کیے، جبکہ طالبہ جویریہ خانم (فضیلت ثانیہ) نے قرآن مجید کی تلاوت کی۔طالبہ جویریہ خاتون اورطالبہ ذکیہ راشدہ (عالمیت سال آخر) نے حمدِ باری تعالیٰ اور طالبہ ثمین قاضی (عالمیت سال آخر) نے نعتِ رسول اکرم ﷺ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ طالبہ ثانیہ بیگم (فضیلت اولیٰ) نے سننِ نبوی ﷺ میں سے تین اہم سنن بیان کیے۔تقریب میں جامعہ کی صدر معلمہ محترمہ حمیراء نشاط، نائب صدر معلمہ محترمہ تسلیم بانو، استاذہ محترمہ امۃ البصیر سلمیٰ اور جامعہ کی دیگر معلمات کے علاوہ طالبات نے شرکت کی۔مجلس کا اختتام طالبہ جویریہ خانم کی دعا پر ہوا۔
تبصرے (0)
شائع کردہ
اسی زمرے میں مزید

فکر ندوہ کو عملی زندگی میں نمایاں کرنے کی ضرورت ہے: مولانا سید مشہود احمد قادری ندوی
این ایس کالج باڑھ میں اِگنو کا لرننگ سپورٹ سینٹر قائم ہوگا، دیہی طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کی سہولت





